۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور اگر تم نے ایسا نہ کیا اور تم ہرگز (ایسا) نہ کر سکو گے تو اس آگ سے بچو جس کا ایندھن آدمی اور پتھر [1]ہیں۔ وہ کافروں کے لئے تیار کی گئی ہے۔

[1] یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ پتھر تو بے جان چیز ہیں پھر انہیں آگ میں کیوں ڈالا جائے گا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ حِجَارَۃٌ سے مراد وہ بت ہیں جن کو کفار خدائی صفات دیتے تھے۔ بے شک بے جان ہونے کی وجہ سے پتھروں کو تو کوئی سزا نہیں ملے گی، مگر اپنے معبودوں کو جہنم میں پڑا دیکھ کر ان لوگوں کو سزا ملے گی جو ان پر ایمان لائے تھے۔ اور اگر حِجَارَۃٌ سے عام پتھر مراد لئے جائیں تو اس سے پتھر کا کوئلہ مراد لیا جائے گا، جس سے آگ زیادہ تیز ہوتی ہے۔

اور تو ان لوگوں کو جو ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک عمل کیے ہیں خوشخبری دے کہ ان کے لئے (ایسے) باغ ہیں جن کے نیچے نہریں[2] بہتی ہیں۔ جب بھی ان (باغوں) کے پھل میں سے کچھ رزق انہیں دیا جائے گا، وہ کہیں گے یہ تو وہی (رزق) ہے جو ہمیں اس سے پہلے دیا گیا تھا اور ان کے پاس وہ (رزق) ملتا جلتا لایا جائے گا اور ان کے لئے ان (باغوں) میں پاک جوڑے[3] ہونگے اور وہ ان (باغوں) کے اندر (ہمیشہ) بسیں گے۔

[2] تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِھَا الْاَنْھٰرُ سے مراد یہ ہے کہ وہ نہریں ان باغوں سے تعلق رکھتی ہیں اور یہ ظاہر ہے کہ جس شخص کا باغ ہوگا اس میں بہنے والی نہر بھی اسی کی ملکیت ہوگی۔ پس تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِھَا الْاَنْھٰرُ کے الفاظ رکھ کر یہ بتانا مقصود ہے کہ جنت میں بہنے والی نہریں مومنوں کی ملکیت ہوں گی۔

[3] اَزْوَاجٌ جوڑے یعنی ایسے وجود جن کے ساتھ مل کر ان کی تمام ترقیات اور تمام آرام مکمل ہوں گے۔ قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ سوائے ذات باری کے ہر چیز ایک جوڑے کی محتاج ہے۔ اس قاعدہ کے تحت جنتی بھی جوڑے کے محتاج ہوں گے خواہ مرد ہوں خواہ عورتیں۔ باقی رہا یہ سوال کہ وہ جوڑے کس قسم کے ہوں گے یہ تفصیل اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے انسان اس کو تفصیلاً اسی وقت معلوم کرے گا جب وہ جنت میں جائے گا۔

اللہ ہرگز نہیں رکتا کسی بات کے بیان کرنے سے خواہ وہ مچھر کے برابر ہو یا اس سے بھی بڑھ[1] کر۔ پھر جو لوگ ایمان رکھتے ہیں وہ (تو) جان لیتے ہیں کہ وہ ان کے رب کی طرف سے بالکل حق (بات) ہے اور جو لوگ کافر ہوئے وہ کہتے ہیں کہ (آخر) اللہ کا اس بات کے بیان کرنے سے منشا کیا ہے؟ (اصل بات یہ ہے کہ) وہ بہت (سے لوگوں) کو اس (قرآن) کے ذریعہ سے گمراہ قرار[2] دیتا ہے اور بہت (سے لوگوں) کو اس (قرآن) کے ذریعہ سے ہدایت دیتا ہے اور وہ اس کے ذریعہ سے ان نافرمانوں[3] کے سوا کسی کو گمراہ قرار نہیں دیتا۔

[1] عربی زبان میں فَوْقٌ دونوں معنے رکھتا ہے۔ اگر بڑائی کا مقابلہ ہو تو اس کے معنے زیادہ بڑی کے ہو سکتے ہیں اگر چھوٹے ہونے کا ذکر ہو تو زیادہ چھوٹے کے معنے دے سکتا ہے۔ پس اس آیت کے دونوں ہی معنے کیے جا سکتے ہیں۔ یہ بھی کہ مچھر سے بڑی بات، یا یہ کہ اس سے بھی چھوٹی بات (مفردات راغب)

[2] یُضِلُّ بِہٖ کَثِیْرًا کے معنے کیے گئے ہیں ’’وہ گمراہ قرار دیتا ہے‘‘ یہ عربی لغت کے مطابق ہے۔ چنانچہ مفردات میں اَ لْاِضْلَالُ کے معنی کرتے ہوئے لکھا ہے اَنْ تَحْکُمَ بِضَـلَا لَۃٍ کہ تو اس کے گمراہ ہونے کا فیصلہ کر دے۔ پس یُضِلُّ بِہٖ کَثِیْرًا کے معنی ہوں گے یَحْکُمُ اللّٰہُ بِالضَّـلَالِ عَلَیْھِمْ یعنی اللہ ان کے گمراہ ہونے کا فیصلہ کرتا ہے۔

[3] فَسَقَ کے معنے ہوتے ہیں تَرَکَ اَمْرَ اللّٰہِ یعنی اللہ تعالیٰ کے حکم کو ردّ کر دیا (اقرب) پس فاسق کے معنے ہوں گے نافرمان۔ اللہ کے حکم کو ردّ کرنے والا۔

جو اللہ کے عہد کو اس کے پختہ کرنے کے بعد توڑ دیتے ہیں اور اس چیز کو جسے ملانے کا اللہ نے حکم دیا ہے کاٹتے ہیں اور زمین میں فساد کرتے ہیں، وہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں۔

(اے لوگو)! تم کس طرح اللہ (کی باتوں) کا انکار کرتے ہو؟ حالانکہ تم بے جان تھے۔ پھر اس نے تمہیں جان دار بنایا، پھر (ایک دن آئے گا کہ) وہ تمہیں مارے گا پھر تمہیں زندہ کرے گا جس کے بعد تمہیں اس کی طرف لوٹایا جائے گا۔

وہ (خدا) وہی (تو) ہے جس نے ان تمام چیزوں کو جو زمین میں ہیں تمہارے (فائدہ کے) لئے پیدا کیا۔ پھر وہ آسمانوں[1] کی طرف متوجہ ہوا اور انہیں مکمل[2] بنا دیا سات آسمان، اور وہ ہر ایک بات[3] (کی حقیقت) کو خوب جانتا ہے۔

[1] السَّمَآءِ اسم جنس ہے ایک کے لئے بھی بولا جاتا ہے اور زیادہ کے لئے بھی، چونکہ اس کے بعد اس کی طرف جمع کی ضمیر استعمال کی گئی ہے معلوم ہوا کہ یہاں السَّمَآءِ سے جمع مراد ہے۔

[2] سَوّٰی کے معنے کسی چیز کو اس طرح بنانے کے ہوتے ہیں کہ اس میں سب ضرورتوں کا لحاظ رکھا گیا ہو۔ کہتے ہیں سَوّٰیہُ اور اس کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ صَنَعَہٗ مُسْتَوِیًا یعنی اس کو ایسا بنایا کہ اس کی ضرورتوں کا لحاظ کر لیا گیا (اقرب)

[3] شَیْئٌ کا ترجمہ اس جگہ بجائے ’’چیز‘‘ کے ’’بات‘‘ کیا گیا ہے۔ کیونکہ اردو میں ’’چیز‘‘ کا لفظ اس موقعہ پر پورا مفہوم ادا نہیں کرتا، لیکن ’’بات‘‘ کا لفظ اس مفہوم کو ادا کرتا ہے۔ بات کے معنے اس جگہ قول کے نہیں بلکہ امر اور حقیقت کے ہیں۔

اور (اے انسان! تو اس وقت کو یاد کر) جب تیرے رب نے ملائکہ سے کہا کہ میں زمین میں ایک خلیفہ بنانے والا ہوں (اس پر) انہوں نے کہا کہ کیا تو اس میں (ایسے شخص بھی) پیدا کرے گا جو اس[1] میں فساد کریں گے اور خون بہائیں گے اور ہم (تو وہ ہیں جو) تیری حمد کے ساتھ (ساتھ) تیری تسبیح (بھی) کرتے ہیں اور تجھ میں سب بڑائیوں کے پائے جانے کا اقرار کرتے ہیں (اس پر اللہ نے) فرمایا میں یقیناً وہ کچھ جانتا ہوں جو تم نہیں جانتے۔

[1] یہ جو ملائکہ نے کہا کہ تو ایسا آدمی زمین میں پیدا کرے گا جو فساد کرے گا اور لوگوں کے خون بہائے گا۔ یہ آدم پر اپنی بڑائی کے اظہار کے لئے نہیں، نہ خداتعالیٰ پر اعتراض کے لئے ہے۔ بلکہ خلیفہ کے لفظ سے انہوں نے استدلال کیا ہے۔ کیونکہ خلیفہ کے معنے ہوتے ہیں جو حاکم کا قائم مقام ہو۔ پس جب اللہ تعالیٰ نے کہا کہ میں زمین میں خلیفہ بنانے والا ہوں تو فرشتوں نے کہا کہ خلیفہ کی ضرورت تو تب ہوتی اگر زمین میں ایسے آدمی پیدا کرنے کا ارادہ ہوتا جو آپس میں لڑ بھڑ سکتے ہوں اور خون بہا سکتے ہوں۔ پس فرشتوں کا یہ فقرہ کہ اَ تَجْعَلُ فِیْھَا مَنْ یُّفْسِدُ فِیْھَا نہ خداتعالیٰ پر اعتراض ہے نہ آدم کی کمزوری ثابت کرنے کے لئے ہے۔ بلکہ بنی نوع انسان میں سے بعض لوگوں کی کمزوری پر دلالت کرنے کے لئے ہے، جن پر آدم نے حکومت کرنی تھی۔

اور (اللہ نے) آدم کو سب نام سکھائے پھر (جن کے وہ نام [2]تھے) ان کو ملائکہ کے سامنے پیش کرکے فرمایا کہ اگر تم درست بات کہہ [3]رہے ہو تو تم مجھے ان کے نام بتاؤ[4]۔

[2] عَلَّمَ اٰدَمَ الۡاَسۡمَآءَ : اِسم کے معنے اِسمِ ذات یعنی نام کے بھی ہوتے ہیں اور صفت کے بھی۔ اس آیت میں اسماء سے مراد صفاتِ الٰہیہ ہیں، جن کا صحیح علم خداتعالیٰ کے سکھانے سے ہی آسکتا ہے۔ آدمؑ چونکہ مذہب کے قیام اور اللہ تعالیٰ سے اس کی مخلوق کے وصال کی غرض سے مبعوث ہوئے تھے اس لئے ضروری تھا کہ انہیں اسماء الٰہیہ سکھائے جاتے تاکہ ان کی امت ان ناموں کے ذریعہ سے خداتعالیٰ کو شناخت کرتی اور اس سے تعلق پیدا کرتی۔ اگر یہ نام نہ سکھائے جاتے تو ان کی امت کے ملحد اور بے دین ہونے کا خطرہ تھا۔ اس کے ایک اور معنے یہ بھی ہو سکتے ہیں کہ چونکہ انسانوں کو متمدن ہونے کی صورت میں ان کے لئے ایک زبان کی ضرورت تھی۔ اللہ تعالیٰ نے آدمؑ کو ان کے اصول سکھائے، جن کے مطابق انہوں نے زبان کا علم جاری کیا۔ معلوم ہوتا ہے کہ وہ زبان عربی تھی کیونکہ اس آیت سے ظاہر ہے کہ آدمؑ کو جس زبان کا علم دیا گیا تھا اس کی بناء مُسمّیات اور اَسماء کے اتحاد پر تھی یعنی ہر چیز کا نام اس کی خصوصیت کی بنا پر رکھا گیا تھا نہ کہ بے تعلق۔ اور یہ خصوصیت صرف عربی زبان میں ہے کہ اس کے تمام اسماء مُسمّیات سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔

[3] ’’اگر تم درست بات کہہ رہے ہو‘‘ یہ ترجمہ اِنْ کُنْتُمْ صٰدِقِیْنَ کا ہے۔ عربی زبان میں کہتے ہیں صَدَقَنِیْ فُلاَ نٌ اَیْ قَالَ لِیَ الصِّدْقَ۔ یعنی اس نے جو بات کہی درست تھی (تاج) اسی طرح حدیث میں آتا ہے کہ ایک دفعہ جبرائیل علیہ السلام نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک سوال کیا اور آپ کے جواب پر اس نے کہا صَدَقْتَ یعنی آپ نے درست کہا ہے اس کے یہ معنے نہیں تھے کہ آپ نے سچ بولا ہے۔

[4] اَنۡۢبِـُٔوۡنِیۡ بِاَسۡمَآءِ ہٰۤؤُلَآءِ : چونکہ ملائکہ کو آدم کے خلیفہ بنائے جانے پر اس لئے تعجب تھا کہ اس کے سبب سے خون ریزی اور فساد ہوگا۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے ملائکہ کو آئندہ پیدا ہونے والے کاملین کشفی طور پر دکھائے خواہ وہ تقویٰ کے لحاظ سے کامل بننے والے تھے یا کفر کے لحاظ سے۔ اور پوچھا کہ اگر تمہاری بات درست ہے تو پھر ان کے نام بتاؤ، یعنی اللہ تعالیٰ کے رحم یا غضب کی صفات جس طرح ان لوگوں کے ذریعہ ظاہر ہونے والی ہیں کیا تم ان کی تفصیل دوسرں کو بتا سکتے ہو۔ دوسرے معنے اس آیت کے یہ بھی ہو سکتے ہیں کہ آدمؑ کی اولاد میں جو لوگ نیکی میں کامل ہونے والے تھے ان کے وجودوں کو ان کے سامنے کرکے پوچھا کہ کیا تم ان کی صفات اور خواص ظاہر کر سکتے ہو؟ اس سے یہ بتانا مقصود تھا کہ آدم ؑ کے ذریعہ جو لوگ پیدا ہوں گے وہ سَفکِ دَم کرنے والے یا فساد کرنے والے نہیں ہوں گے بلکہ ان نیک طبع اور شریف لوگوں سے ان کے دشمن جھگڑا کرکے خود لڑائی کی طرح ڈالیں گے۔ پس سَفکِ دَم کے مجرم دشمن ہونگے نہ کہ آدمؑ یا اس کے کامل مُتَّبع۔

انہوں نے کہا تو بے عیب ہے جو (کچھ) تو نے ہمیں سکھایا ہے اس کے سوا ہمیں کسی قسم کا علم نہیں ہے یقیناً تو ہی کامل علم والا (اور ہر قول و فعل میں) حکمت کو مدنظر رکھنے والا ہے۔

(اس پر اللہ نے) فرمایا۔ اے آدم! ان فرشتوں کو ان کے نام بتا۔ پھر جب اس (یعنی آدم) نے ان کو ان کے نام بتائے[1] (تو) فرمایا، کیا میں نے تمہیں نہیں کہا تھا کہ میں یقیناً آسمانوں اور زمین کی چھپی باتیں جانتا ہوں اور میں (اسے بھی) جانتا ہوں جو تم ظاہر کرتے ہو اور (اسے بھی) جو تم چھپاتے ہو۔

[1] یعنی جب آدم ؑ نے جو چیزیں اس کے سامنے پیش کی گئی تھیں ان کی صفات ِگنا دیں، تو خداتعالیٰ نے فرشتوں سے کہا کہ میں نے تمہیں پہلے نہیں کہا تھا کہ میں ان باتوں کو بھی جانتا ہوں جو تمہارے دل میں ہیں اور ان باتوں کو بھی جانتا ہوں جن کو تم ظاہر کرتے ہو۔ تم یہ سمجھتے تھے کہ آدمؑ مخلوقات پر کس طرح حکومت کر سکے گا۔ جبکہ اس کو مخلوق کی خاصیات کا علم نہیں۔ لیکن اب تمہیں پتہ لگ گیا ہے کہ میں نے اس کے اندر خاصیاتِ عالم کے جاننے کا مادہ رکھا ہے۔ چنانچہ اس نے چیزوں کی خاصیات بیان کر دی ہیں جن سے ثابت ہو گیا ہے کہ میرا علم صحیح تھا اور تمہارا غلط تھا۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کی فرمانبرداری[2] کرو۔ اس پر انہوں نے تو فرمانبرداری کی مگر[3] ابلیس (نے نہ کی اس) نے انکار کیا اور تکبر کیا اور وہ (پہلے سے ہی) کافروں میں سے تھا۔

[2] عربی زبان میں سَجَدَ کے معنے ظاہری سجدہ کرنے کے علاوہ فرمانبرداری کے بھی ہوتے ہیں (اقرب) اور فرشتوں کے آدم کے سامنے سجدہ کرنے کے یہی معنے تھے کہ ان کو حکم دیا گیا تھا کہ آدم ؑ کی فرمانبراری کرو۔ نیز اُسْجُدُوْا لِاٰدَمَ میں لام کے معنے تعلیل کے بھی ہو سکتے ہیں۔ اس لحاظ سے آیت کے یہ معنی ہوں گے کہ آدم ؑ کی پیدائش کی وجہ سے خداتعالیٰ کو سجدہ کرو۔ یہ مرادنہیں کہ آدم ؑ کو سجدہ کرو۔ یعنی خداتعالیٰ نے ایک کامل وجود پیدا کیا ہے اس کی پیدائش پر خداتعالیٰ کی عظمت کے اظہار کے لئے اس کے سامنے سجدہ کرو۔

[3] یہ استثناء منقطع ہے یعنی جس کو مستثنیٰ کیا گیا ہے وہ پہلے گروہ میں شامل نہیں بلکہ اس سے الگ ہے۔ اردو میں اس کے لئے کوئی خاص لفظ یا طریقِ اظہار مقرر نہیں۔ اس لئے قریب ترین محاورہ سے ترجمہ کیا گیا ہے۔

اور ہم نے (آدم سے) کہا (کہ) اے آدم! تو اور تیری بیوی جنت میں رہو اور اس میں سے جہاں سے چاہو بافراغت کھاؤ، مگر اس (یعنی فلاں) درخت کے قریب نہ جانا۔ ورنہ تم ظالموں میں سے ہو جاؤ گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی