۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 21

اور تم میں سے جو لوگ وفات پا جائیں اور بیویاں چھوڑ جائیں۔ وہ اپنی بیویوں کے حق میں ایک سال تک فائدہ پہنچانے یعنی ان کو (گھروں سے) نکالنے کی وصیت[3] کر جائیں۔ لیکن اگر وہ (خود بخود) چلی جائیں تو وہ اپنے متعلق جو پسندیدہ[4] بات کریں اس کا تمہیں کوئی گناہ نہیں اور اللہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔

[3] وَصِیَّۃً مصدر ہے۔ اس کے پہلے یُوْصُوْنَ محذوف سمجھا جائے گا، یعنی وہ وصیت کر جائیں۔ مَتَاعًا دوسرا مصدر ہے۔ اس سے پہلے بھی اَنْ مَتِّعُوْھُنَّ محذوف ہے اور معنے یہ ہیں کہ یہ وصیت کر جائیں کہ بعد میں وہ لوگ جن کے ہاتھ میں وصیت کا اجرا ہے انہیں ایک سال تک فائدہ پہنچائیں۔ اس کے بعد غَیْرَ اِخْرَاجٍ کے الفاظ ہیں جو بدل ہیں متاع کا۔ پس معنے یہ ہوئے کہ فائدہ پہنچانے سے مراد ہماری یہ ہے کہ ان کو گھروں سے نہ نکالیں بلکہ باوجود اس کے کہ مکان کسی اور وارث کے حصہ میں آیا ہو بیویوں کو ایک سال تک اس میں رہنے کا حق حاصل رہے۔ اس کے یہ معنے نہیں کہ عورت خود بھی مکان سے نہیں جا سکتی۔ عورت عدت کے بعد اپنی مرضی سے اور اپنے فائدے کے لئے جانا چاہے تو جا سکتی ہے۔ سال کی شرط صرف عورت کے آرام اور فائدہ کے لئے لگائی گئی ہے۔ اور اس سے وارثوں کو پابند کیا گیا ہے۔ عورت پر پابندی صرف ایام عدت تک گھر میں رہنے کی ہے۔ بعد میں اس حکم سے فائدہ اٹھانا یا نہ اٹھانا اس کے اختیار میں ہے۔ افسوس مسلمانوں نے اس حکم کو بھلا دیا ہے اور ایک تمدنی نیکی سے محروم ہو گئے ہیں۔

[4] مَعْرُوْف کے معنے قانون یا فطرت یا قومی رواج کے مطابق کے ہیں، یعنی جسے لوگ جانتے ہیں۔ اس جگہ اس کے معنے پسندیدہ کے اور بہتر کے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ خواہ عدت کے بعد عورتیں نکاح کریں خواہ اپنے والدین یا دوسرے رشتہ داروں کے ہاں چلی جائیں یا کوئی نوکری اختیار کریں تم پر کوئی اعتراض نہیں۔ اور اس حکم کے رو سے تمہیں نہیں چاہیے کہ انہیں روکو۔

اور جن عورتوں کو طلاق دی جائے انہیں بھی (اپنے) حالات[1] کے مطابق کچھ سامان[2] دینا ضروری ہے۔ یہ بات (ہم نے) متقیوں پر واجب (کر دی) ہے۔

[1] مَعْرُوْف کا لفظ قرآن مجید میں بہت دفعہ آتا ہے اور یہ عرف سے نکلا ہے اور اس کے معنے ہیں ’’پہچانا ہوا۔‘‘ مفرداتِ راغب میں لکھا ہے اَلْمَعْرُوْفُ اِسْمٌ لِّکُلِّ فِعْلٍ یُعْرَفُ بِالْعَقْلِ اَوِ الشَّرْعِ حُسْنُہٗ یعنی معروف ہر اس فعل کو کہتے ہیں کہ جس کی خوبی عقل و شرع سے پہچانی جائے۔ پس جب شرع کے لحاظ سے معروف ہو تو وہ مطابق قانون فعل کہلائے گا اور جب عقل عامہ سے اس کی خوبی پہچانی جائے تو اسے مطابق دستور کہیں گے۔ کیونکہ جس امر کی خوبی ہر انسان پہچانتا ہے اس کا رواج بنی نوع انسان میں پایا جاتا ہے۔ اور جب کسی امر کی خوبی خاص فرد کی عقل سے پہچانی جائے گی تو اسے مناسب حال یا مطابق حال کہیں گے کیونکہ افراد کے ساتھ انہی نیکیوں کا تعلق ہوتا ہے جو خاص ان کے حالات سے متعلق ہوں۔

[2] مُطَلَّقَات سے حسنِ سلوک کو پھر دہرایا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ مطلقہ سے ناراضگی ہوتی ہے اس لئے اس کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی طرف خاص طور پر توجہ دلانے کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں پر تعجب ہے کہ اللہ تعالیٰ تو مطلقہ عورتوں سے علاوہ مہر کے سلوک کرنے کا ارشاد فرماتا ہے اور مسلمان عورتوں کے مہر تک بھی کھا جاتے ہیں۔ اگر اس حکم پر عمل کیا جائے تو کس قدر فساد اور جھگڑے دور ہو جائیں اور طلاق جو صرف مجبوری میں حلال ہے اس تلخی کے پیدا کرنے کا موجب نہ ہو۔ جس کا موجب وہ اب ہو رہی ہے۔ بلکہ دونوں فریق محسوس کریں کہ مجبوری سے علیحدگی اختیار کی گئی ہے ورنہ آپس میں تلخی یا بدمزگی نہیں ہے۔ اس حکم سے اس طرف بھی اشارہ ہو سکتا ہے کہ گو بیوہ کے لئے حکماً ایک سال تک مکان سے فائدہ اٹھانے کا حکم دیا گیا ہے۔ لیکن مومن کو چاہیے کہ مطلقہ کو بھی اگر ضرورت ہو اس سے سلوک کرکے کچھ عرصہ زائد مکان سے فائدہ اٹھانے کا موقعہ دے دے اور یہ معنے بالکل درست ہیں کیونکہ مَتَاع کے معنے خالی سامان دینے کے نہیں ہوتے بلکہ فائدہ پہنچانے کے بھی ہوتے ہیں۔

اسی[3] طرح اللہ اپنے احکام[4] تمہارے (فائدہ کے) لئے کھول کر بیان کرتا ہے تا کہ تم سمجھو۔

[3] یعنی شریعت کے بیان میں یہ امر ہر جگہ مدّنظر رکھا گیا ہے کہ کل ضروری امور کے متعلق تعلیم آجائے اور ایسے رنگ میں تعلیم بیان کر دی جائے کہ انسان بدیوں اور کمزوریوں سے بچ جائیں۔ تَعْقِلُوْنَ کے یہی معنے ہیں۔

[4] اٰ یَۃ کے معنے علامت کے ہوتے ہیں۔ لیکن قرآن کریم میں کہیں خداتعالیٰ نے اپنی طرف توجہ دلانے والی باتوں کو کہیں ایمان کی طرف راہنمائی کرنے والی باتوں کو کہیں عذاب سے بچانے والی باتوں کو کہیں تمدن کا صحیح راستہ بتانے والی باتوں کو آیات کہا ہے۔ ہر جگہ اس کا ترجمہ علامت کرنا اردو میں ناممکن ہے۔ پس اس جگہ جو اصل مفہوم ہے یعنی وہ احکام جو صحیح تمدن کی طرف راہنمائی کرتے ہیں اسی کو ترجمہ میں رکھ دیا گیا ہے۔

کیا تجھے ان لوگوں کی خبر نہیں پہنچی جو موت سے بچنے کے لئے جبکہ وہ ہزاروں (کی تعداد میں) تھے اپنے گھروں سے نکلے[5] تھے اس پر اللہ نے ان سے کہا کہ تم مر جاؤ[6] اس کے بعد اس نے انہیں زندہ کر دیا۔ اللہ لوگوں پر یقیناً (بڑا) فضل کرنے والا ہے مگر اکثر لوگ شکر نہیں کرتے۔

[5] اَلَّذِیْنَ خَرَجُوْا مِنْ دِیَارِھِمْ سے مراد بنی اسرائیل ہیں جو فرعون کے ڈر کی وجہ سے مصر سے نکل آئے تھے۔ وَھُمْ اُلُوْفٌ میں بتایا کہ وہ ہزاروں تھے۔ اس سے بائیبل کے اس بیان کی تردید ہو جاتی ہے کہ بنی اسرائیل کی تعداد جو مصر سے نکلے تھے چھ لاکھ تین ہزار پانچ سو پچاس تھی۔ کیونکہ چھ لاکھ کا قافلہ بغیر زیادہ سامان کے بے آب و گیاہ جنگل میں سے سینکڑوں میل تک نہیں گزر سکتا۔

[6] ’’مرجاؤ‘‘ سے یہ مراد ہے کہ تمہاری نافرمانی کی وجہ سے تم سے فاتحانہ طاقتیں واپس لی جاتی ہیں۔ مگر بعد میں خداتعالیٰ نے معاف کر دیا اور ان کے غالب آنے کی قوتیں انہیں واپس دے دیں۔

اور تم اللہ کی راہ میں جنگ کرو اور جان لو کہ اللہ بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

کیا کوئی ہے جو اللہ کو (اپنے مال کا) ایک اچھا ٹکڑا [2]کاٹ کر دے تا کہ وہ اسے اس کے لئے بہت بہت بڑھائے اور اللہ (کی یہ بھی سنت ہے کہ وہ بندہ کا مال) لیتا ہے اور بڑھاتا ہے اور (آخر) تمہیں اسی کی طرف لوٹایا جائے گا۔

[2] یُقْرِضُ اَقْرَضَ سے نکلا ہے اور اس کے معنے قرض دینے کے بھی ہیں اور کاٹ کر الگ کر دینے کے بھی۔ اور قَرْضًا کے معنے کاٹنے کے بھی ہیں اور قرض کے بھی، نیز یہ بھی ہو سکتا ہے کہ مصدر بمعنے اسم مفعول یعنی مُقْرَضٌ کے صیغہ میں استعمال ہوا ہو یعنی جو چیز کاٹ کر علیحدہ کر دی جائے۔ اس جگہ اللہ تعالیٰ کی نسبت چونکہ یہ الفاظ استعمال ہوئے ہیں اس لئے آخری معنے زیادہ مناسب ہیں۔ (ان معنوں کے لئے دیکھئے مفردات راغب)

کیا تجھے بنی اسرائیل کے ان سرکردہ لوگوں کا حال نہیں معلوم ہوا جو موسیٰ کے بعد گزرے ہیں جب انہوں نے اپنے ایک نبی[3] سے کہا کہ ہمارے لئے کوئی (شخص) بادشاہ (بنا کر) کھڑا کیجئے تا کہ ہم (اس کے ماتحت ہو کر) اللہ کی راہ میں جنگ کریں۔ اس نے کہا (کہیں) ایسا تو نہیں [4]ہوگا کہ اگر تم پر جنگ فرض کی جائے تو تم جنگ نہ کرو۔ انہوں نے کہا (ایسا نہیں ہوگا) اور ہمیں کیا ہوگیا ہے کہ ہم اللہ کی راہ میں جنگ نہ کریں گے حالانکہ ہمیں اپنے گھروں سے نکالا گیا ہے اور اپنے بچوں سے (جدا کیا گیا ہے) مگر جب ان پر جنگ فرض کی گئی تو ان میں سے ایک قلیل[5] (سی) جماعت کے سوا (باقی) سب[6] پھر گئے اور اللہ ظالموں کو خوب جانتا ہے۔

[3] دیکھئے پرانا عہدنامہ کتاب قاضیوں باب۶ آیت ۷ و ۸۔

[4] عَسَیْتُمْ کے معنے ہیں ’’تم قریب ہو‘‘ اور ھَلْ عَسَیْتُمْ کے معنے ہوئے ’’کیا تم اس امر کے قریب ہو‘‘ مگر اردو میں اس ترجمہ کے کوئی معنے نہیں بنتے۔ اس لئے لفظی ترجمہ کی بجائے اس کا بامحاورہ ترجمہ کر دیا گیا ہے۔

[5] عربی میں صرف قَلِیْل کا لفظ ہے مگر عربی کے قاعدہ کی رو سے یہاں جماعت وغیرہ کے ہم معنی کوئی لفظ محذوف ہے۔ اردو میں اگر صرف قلیل رکھا جائے تو بے معنے ہو جاتا ہے۔ اس لئے ’’جماعت‘‘ کا لفظ عام قاعدہ کے خلاف خطوط میں نہیں لکھا گیا۔ بلکہ ظاہر میں لکھا گیا ہے۔

[6] استثناء میں ’’سب‘‘ کا لفظ پہلے حصہ جملہ میں مقدر ہوتا ہے۔ اس جگہ اس کے ظاہر کرنے کے بغیر معنے واضح نہیں ہوتے۔

اور ان کے نبی نے ان سے کہا کہ اللہ نے تمہارے لئے طالوت[3] (یعنی جدعون) کو بادشاہ بنا کر (اس کام کے لئے) کھڑا کیا ہے انہوں نے کہا اسے ہم پر حکومت[4] کس طرح مل سکتی ہے جبکہ ہم اس کی نسبت حکومت کے زیادہ حقدار ہیں اور اسے مالی فراخی [5]بھی (کوئی ایسی زیادہ) عطا نہیں ہوئی۔ اس نے کہا اللہ نے اسے تم پر یقیناً فضیلت دی ہے اور اسے علمی اور جسمانی لحاظ سے (تم سے زیادہ) فراخی[6] عطا کی ہے اور اللہ جسے پسند کرتا ہے اسے اپنا ملک[7] عطا کرتا ہے۔ اور اللہ کشائش دینے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

[3] طالوت سے مراد جدعون ہے اور یہ صفاتی نام ہے جو طَالَ سے نکلا ہے جس کے معنے ہیں لمبا اور مضبوط ہو گیا اور جدعون کے معنے عبرانی زبان میں اپنے مادہ کے اعتبار سے گرانے یا کاٹنے کے ہیں اور جدعون ایسے شخص کو کہتے ہیں جو اپنے مخالف کو کاٹ ڈالتا اور زمین پر گرا دیتا ہے۔ بائبل میں بھی جدعون کو بہادر پہلوان کے نام سے پکارا گیا ہے (دیکھو قاضیوں باب۶ آیت۱۲) پس طالوت اور جدعون دونوں ہم معنی الفاظ ہیں۔

[4] علاوہ اور معنوں کے مُلْـک کے معنے حکومت اور غلبہ کے بھی ہیں (اقرب) اَ نّٰی کے مندرجہ ذیل معنے ہیں۔ (۱) کَیْفَ کس طرح (۲) مِنْ اَیْنَ کہاں سے (۳) اَ یْنَ جہاں اور کہاں۔ اس صورت میں یہ دو فعلوں کو جزم دیتا ہے۔ (۴) حَتّٰی کب (اقرب) پس اس آیت کے معنے یہ ہوئے کہ اسے ہم پر حکومت کس طرح مل سکتی ہے یا یہ کہ اسے ہم پر حکومت کرنے کا حق کب حاصل ہوا؟ یا اُسے ہم پر حکومت کہاں سے حاصل ہوئی۔

[5] مِنَ الْمَالِ، سَعَۃً کی صفت ہے۔ اس لئے ’’سَعَۃً مِّنَ الْمَالِ‘‘ کا صحیح ترجمہ مالی فراخی ہے۔

[6] بَسْطَۃً کے معنے وسعت۔ فراخی اور کمال کے ہیں (اقرب)

[7] اپنا ملک کہہ کر اِس طرف اشارہ فرمایا کہ جب حکومت خداتعالیٰ کی ہے تو حق دار وہ ہے جسے خداتعالیٰ مقرر کرے۔

اور ان کے نبی نے ان سے کہا کہ اس کی حکومت کی دلیل یہ (بھی) ہے کہ تمہیں (ایک ایسا) تابوت [1]ملے گا جس میں تمہارے رب کی طرف سے تسکین (ہوگی) اور اس چیز کا بقیہ ہوگا جو موسیٰ کے متعلقین اور ہارون کے متعلقین نے (اپنے پیچھے) چھوڑا۔ فرشتے اسے اٹھائے ہوئے ہوں گے اگر تم مومن ہو تو اس (بات) میں تمہارے لئے یقیناً ایک (بڑا) نشان ہے۔

[1] تَابُوْت کے عام معنے تو صندوق کے اور کشتی کے ہوتے ہیں (اقرب) لیکن استعارۃ ً اسے دل کے معنٰی میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ مفردات راغب میں ہے قِیْلَ عِبَارَۃٌ عَنِ الْقَلْبِ وَالسَّکِیْنَۃِ وَ عَمَّا فِیْہِ مِنَ الْعِلْمِ یعنی کبھی لفظ تابوت کو استعارۃ ًدل کے معنے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ الفاظ قرآنیہ صاف دلالت کر رہے ہیں کہ اس جگہ تابوت سے مراد دل ہے۔ کیونکہ فرماتا ہے۔ اس تابوت میں تمہارے رب کی طرف سے سکینت ہے۔ اب یہ ظاہر ہے کہ سکینت دل میں ہوتی ہے نہ کہ صندوقوں میں۔ اسی طرح اس تابوت کے متعلق فرماتا ہے تَحْمِلُہُ الْمَلٰٓئِکَۃُ فرشتے اسے اٹھائے ہوئے ہوں گے۔ اگر تابوت سے ظاہری صندوق مراد لیا جائے تو یہ قرآنی تعلیم کے خلاف ہوگا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَ مَامَنَعَ النَّاسَ اَنْ یُّؤْمِنُوْا اِذْ جَآءَ ھُمُ الْھُدٰی اِلَّا اَنْ قَالُوْا اَبَعَثَ اللّٰہُ بَشَرًا رَّسُوْلًا قُلْ لَّوْ کَانَ فِی الْاَرْضِ مَلٰٓئِکَۃٌ یَّمْشُوْنَ مُطْمَئِنِّیْنَ لَنَزَّلْنَا عَلَیْھِمْ مِّنَ السَّمَآءِ مَلَکًا رَّسُوْلًا (بنی اسرائیل: ۹۶،۹۵) یعنی مخالفین کو ہدایت الٰہی پر ایمان لانے سے صرف یہ بات روکتی ہے کہ اللہ نے بشر رسول کیوں بھیجا ہے۔ تو کہہ دے کہ اگر زمین میں فرشتے امن سے چلتے پھرتے ہوتے تو ہم فرشتوں کو رسول بنا کر بھیجا کرتے۔ اس آیت سے ظاہر ہے کہ ملائکہ اس طرح لوگوں میں چلتے پھرتے نہیں ہیں۔ غرض چونکہ ظاہری تابوت کی صورت میں ماننا پڑتا تھا کہ فرشتے اسے اٹھا کر ساتھ ساتھ لئے پھرتے تھے اور یہ تعلیم قرآن کے خلاف ہے اس لئے ماننا پڑتا ہے کہ تابوت سے مراد اس جگہ دل ہی ہے جسے فرشتے اٹھاتے تھے اور ہمت بڑھاتے تھے۔ کیونکہ حَمَلَہٗ عَلٰی کَذَا کے معنے اَغْرَاہُ کے ہیں، یعنی اکسانا اور جوش دلانا (اقرب) پس معنے یہ ہوئے کہ اَتباعِ طالوت کو فرشتے قربانیوں پر آمادہ کریں گے۔
اب بَقِیَّۃُ اٰلِ مُوْسٰی وَ ھَارُوْنَ کا حل کرنا باقی رہ جاتا ہے۔ بقیہ کے معنے اعلیٰ شے کے ہوتے ہیں۔ کہتے ہیں فُـلَا نٌ م بَقِیَّۃُ قَوْمِہٖ: ھُوَ مِنْ خِیَارِھِمْ یعنی وہ قوم کے شرفاء اور اچھے لوگوں میں سے ہے۔ قرآن کریم میں ہے وَالْبَاقِیَاتُ الصّٰلِحٰتُ خَیْرٌ عِنْدَ رَبِّکَ ثَوَابًا (کہف: ۴۷) یعنی اچھے اور نیک کام خدا کے حضور میں ثواب حاصل کرنے کے لئے سب سے بہتر ہیں۔ پس بَقِیَّۃٌ مِّمَّا تَرَکَ اٰلُ مُوْسٰی وَاٰلُ ھٰرُوْنَ سے مراد وہ اخلاق فاضلہ ہیں جو حضرت موسیٰؑ اور حضرت ہارونؑ کے متعلقین اور مقربین سے ظاہر ہوتے تھے اور مراد یہ ہے کہ تمہارے دل ان خوبیوں کے وارث ہوں گے جو آل موسیٰؑ اور آل ہارونؑ نے چھوڑی ہیں۔ یہ ویسا ہی ہے جیسا کہ حضرت زکریا نے دعا کی کہ الٰہی مجھے لڑکا عطا کر یَرِثُنِیْ وَیَرِثُ مِنْ اٰلِ یَعْقُوْبَ (مریم: ۷) یعنی جو میرا اور آل یعقوبؑ کا وارث ہو۔ اور مطلب یہ ہے کہ ان کے اعمال حسنہ اور خوبیوں کا وارث ہو نہ یہ کہ ان کی جائداد کا وارث ہو کیونکہ حضرت یعقوب علیہ السلام کو وفات پائے قریباً ایک سو ُپشت گزر چکی تھی۔ غرض بَقِیَّۃُ مِمَّا تَرَکَ اٰلُ مُوْسٰی وَ اٰلُ ھَارُوْنَ سے یہ مراد ہے کہ طالوت کے ساتھیوں میں وہی اخلاق فاضلہ اللہ تعالیٰ پیدا کر دے گا جو آل موسٰیؑ اور آل ہارونؑ میں پیدا تھے۔ خلاصہ یہ کہ اس زمانہ کے نبی نے طالوت پر اعتراض کرنے والوں کویہ جواب دیا کہ مخفی طاقتوں کو اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے۔ جب اس نے طالوت کو چنا تو یقیناً وہ تم سے افضل ہے۔ دوسرے دولت سے بادشاہت نہیں ہوتی بلکہ علم اور قربانی کی طاقت سے ہوتی ہے۔ سو ان دونوں باتوں میں وہ تم سے بڑھا ہوا ہے۔ وہ تم سے زیادہ علوم آسمانی جانتا ہے اور خدا کی راہ میں اپنے جسم کو انتہائی ابتلاؤں میں ڈالنے کے لئے تیار ہے۔ یہاں جسم میں وسعت سے مراد موٹا ہونا نہیں بلکہ قوت برداشت اور قربانی کی قوت مراد ہے۔ معترض کو یہ شبہ ہو سکتا ہے کہ کیا فی الواقعہ ایسے شخص کو اللہ تعالیٰ نے منتخب کیا ہے۔ سو اس کا جواب دیا کہ اس کے ساتھ ملنے والوں کو اعلیٰ درجہ کے دل دئیے جائیں گے اور پھر ان کے دل خدا کی مدد سے مطمئن ہوں گے اور وہ تقویٰ ان کو حاصل ہوگا جو موسیٰ ؑ اور ہارون ؑ کی جماعتوں کو حاصل تھا۔

پھر جب طالوت اپنی فوجوں کو لے کر نکلا[1] تو اس نے کہا کہ اللہ ایک ندی[2] کے ذریعہ سے یقیناً تمہارا امتحان لینے والا ہے۔ پس جس نے اس (نہر) میں سے (پیٹ بھر کر پانی) پی لیا وہ مجھ سے (وابستہ) نہیں (رہے گا) اور جس نے اس سے نہ چکھا وہ یقیناً مجھ سے (وابستہ) ہوگا سوائے اس کے جس نے اس میں سے (فقط) اپنے ہاتھوں سے ایک چلو لے (کر پی) لیا (کہ اس پر کوئی الزام نہ ہوگا) پھر (ہوا یہ کہ) ان میں سے چند ایک کے سوا (باقی سب نے) اس میں سے (پانی) پی لیا۔ پھر جب وہ خود اور (نیز) وہ لوگ جو اس کے ساتھ ایمان لائے تھے اس ندی سے پار اتر گئے (تو) انہوں نے کہا کہ آج ہم میں جالوت اور اس کے لشکروں کے مقابلہ کی بالکل طاقت نہیں (مگر) جو لوگ یقین رکھتے تھے کہ وہ (ایک دن) اللہ سے ملنے والے ہیں انہوں نے کہا کہ بہت سی چھوٹی جماعتیں اللہ کے حکم سے بڑی جماعتوں پر غالب آچکی ہیں اور اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ (ہوتا) ہے (پس ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں)۔

[1] فَصَلَ الرَّجُلُ عَنِ الْبَلْدَۃِ کے معنے ہیں خَرَجَ مِنْہُ۔ شہر سے نکلا۔ (اقرب)

[2] نَھَر کا ترجمہ ندی کیا گیا ہے۔ لیکن ھَاء کی زبر سے جب یہ لفظ ہو تو اس کے دو معنے ہوتے ہیں۔ (۱) ندی (۲) فراخی اور وسعت (مفردات) چنانچہ کہتے ہیں۔ نَھَرٌ نَھِرٌ بہت پانی والی ندی (مفردات) اس آیت میں دونوں معنے ہی لگ سکتے ہیں۔ اگر فراخی اور وسعت کے معنے کیے جائیں تو آیت کا یہ مطلب ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے بادشاہ کے ذریعہ سے فوجیوں کو اطلاع دی کہ تمہارا امتحان مال و دولت سے لیا جائے گا۔ اگر تم مال و دولت کے پیچھے پڑ گئے تو خداتعالیٰ کا کام نہ کر سکو گے اور اگر تم مال و دولت سے متاثر نہ ہوئے تو تم کو کامیابی ہوگی۔ جیسا کہ پہلے نوٹ میں بتایا جا چکا ہے۔ طالوت سے مراد جدعون ہے اور یہ صفاتی نام ہے۔ پرانے عہدنامہ کی کتاب قاضیوں باب۷ آیت۵ تا۷ سے معلوم ہوتا ہے کہ جدعون کے ساتھیوں کا نہر کے ذریعہ امتحان لیا گیا تھا۔ پس ظاہری معنے لینے میں کوئی حرج نہیں۔ جنگ کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ امتحان نہایت لطیف ہے۔ جنگ میں جلدی اور تیز حرکت کی ضرورت ہوتی ہے اور پیٹ کا پانی سے بھر لینا تیز حرکت سے انسان کو محروم کر دیتا ہے۔ پس اللہ تعالیٰ نے حکم دیا کہ ہلکے پیٹ رہو اور پانی کم پیو تاکہ جنگ میں عمدگی سے کام کر سکو۔ اکثر نے اس حکمت کو نہ سمجھا اور خوب پیٹ بھر کر پانی پیا اور بہت تھوڑی سی تعدادنے جو بائبل کے بیان کے مطابق صرف تین سو تھی جنگی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یونہی چند گھونٹ پانی پیا تا لڑائی کے وقت وہ اچھی طرح کام کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی قربانیوں کا بدلہ دینے کے لئے اور ان کے اخلاص کی قدر کرنے کے لئے فیصلہ کیا کہ صرف انہی کے ہاتھ پر فتح ہو اور حکم دیا کہ انہی تین سو کو جنگ میں شامل کیا جائے باقی کو نہیں۔ چنانچہ انہی تین سو کو طالوت یا جدعون نے جنگ میں شامل کیا اور اللہ تعالیٰ نے انہی کے ہاتھ پر فتح دی۔

اور جب وہ جالوت اور اس کی فوجوں (کے مقابلہ) کے لئے نکلے تو انہوں نے کہا کہ اے ہمارے رب ہم پر قوت برداشت نازل کر اور (میدان جنگ میں) ہمارے قدم جمائے رکھ اور (ان) کافروں کے خلاف ہماری مدد کر۔

پھر (وہ جنگ میں کود پڑے اور) انہوں نے اللہ کے ارادہ کے مطابق انہیں شکست (دے) دی۔ اور داؤد نے جالوت کو قتل کیا[1] اور اللہ نے اسے حکومت اور حکمت بخشی اور جو کچھ اسے (یعنی اللہ کو) منظور تھا اس کا علم اسے (یعنی داؤد کو) عطا کیا۔ اور اگر اللہ انسانوں کو (شرارت سے) نہ ہٹائے رکھتا یعنی بعض (انسانوں) کو بعض کے ذریعہ سے (نہ روکتا) تو زمین تہ و بالا ہو جاتی۔ لیکن اللہ تمام جہانوں پر بڑا فضل کرنے والا ہے (اس لئے اس فساد کو روک دیتا ہے)

[1] جیسا کہ ہم اوپر بیان کر چکے ہیں پہلی آیات میں جدعون کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔ اب ان آیات میں حضرت داؤد علیہ السلام کا ذکر کیا گیا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ حضرت داؤد علیہ السلام کا واقعہ جدعون کے واقعہ سے بہت کچھ ملتا ہے۔ جدعون کے وقت میں فلسطینیوں نے اسرائیل کو فلسطین سے نکالنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن وہ ابتدائی کوشش تھی جو حضرت داؤدؑ کے زمانہ میں آکر ختم ہوئی۔ پس اس واقعہ کو مشابہت مضمون کی وجہ سے اس کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ ورنہ پہلا جدعون کا واقعہ ہے اور یہ داؤدؑ کا واقعہ ہے اور دونوں میں دو سو سال کا فاصلہ ہے۔
اب ایک سوال حل طلب رہ جاتا ہے اور وہ یہ کہ بائبل کے رو سے داؤد ؑ نے جالوت کو قتل کیا تھا۔ لیکن قرآن کریم نے جدعون کے واقعہ میں بھی جالوت کا ذکر کیا ہے اس کے متعلق یاد رکھنا چاہیے کہ جالوت بھی ایک صفاتی نام ہے۔ عبرانی کے لحاظ سے بھی اور عربی کے لحاظ سے بھی۔ جالوت اس شخص کو کہتے ہیں جو ملک میں فساد کرتا پھرے یعنی ڈاکے مارتا پھرے اور منظم حکومتوں کے خلاف اٹھنے والے اسی طرح کام کیا کرتے ہیں۔ پس نام کے معنوں کے لحاظ سے جدعون کے دشمن کو بھی جالوت کہا گیا ہے اور داؤدؑ کے دشمن کو بھی جالوت کہا گیا ہے۔ اور دونوں جگہ یہ نام صفاتی طور پر استعمال ہوا ہے۔ جدعون کا دشمن بھی ایک آوارہ گرد ڈاکو تھا جو ملک میں فساد پھیلاتا پھرتا تھا اور جالوت کہلا سکتا تھا۔ اسی طرح حضرت داؤد علیہ السلام نے ملک میں امن قائم کرنے کے لئے جس دشمن کا مقابلہ کیا وہ بھی آوارہ گرد فسادی تھا اور جالوت کہلانے کا مستحق تھا۔ پس دونوں کے دشمنوں کو جالوت کہا گیا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی