۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 22
یہ اللہ کی آیات ہیں۔ جنہیں ہم تجھے پڑھ کر سناتے ہیں۔ اس حالت میں کہ تو حق پر (قائم) ہے اور تو یقیناً رسولوں میں سے ہے۔
یہ (مذکورہ بالا) رسول وہ ہیں جن میں سے ہم نے بعض کو بعض پر فضیلت بخشی تھی۔ ان میں سے بعض ایسے ہیں جن سے اللہ نے کلام[1] کیا۔ اور ان میں سے بعض کے (فقط) درجات بلند کیے اور عیسیٰ بن مریم کو ہم نے کھلے کھلے دلائل دئیے تھے اور روح القدس کے ذریعہ سے اسے طاقت بخشی تھی اور اگر اللہ چاہتا تو جو لوگ ان کے بعد (آئے) تھے وہ کھلے (کھلے) نشانوں کے آنے کے بعد آپس میں نہ لڑتے (جھگڑتے) لیکن (تعجب ہے کہ) انہوں نے (باوجود اس کے) اختلاف کیا۔ چنانچہ ان میں سے بعض تو ایمان[2] لے آئے اور بعض نے انکار کر دیا۔ اور اگر اللہ چاہتا تو یہ لوگ آپس میں نہ لڑتے (جھگڑتے) لیکن اللہ جو چاہتا ہے وہی کرتا ہے۔
[1] (الف) کلام سے مراد کلام شریعت ہے یعنی بعض شرعی نبی تھے اور بعض کو ہم نے صرف فضیلت ِنبوت دی تھی شریعت نہیں دی تھی۔ یہ آیت اس بات پر شاہد ہے کہ بعض انبیاء شریعت لاتے ہیں اور بعض کو صرف اعزازی طور پر رسول کہا جاتا ہے۔ ورنہ وہ شریعت نہیں لاتے۔
(ب) دوسرے معنے اس کے یہ ہیں کہ بعض سے مراد صرف ایک نبی ہے اور ان معنے کی رو سے رَفَعَ بَعْضَھُمْ دَرَجَاتٍ کی آیت میں ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم مراد ہیں۔ جن کو ظلّی طور پر انتہائی درجہ کے کمالات الوہیت کے آثار بخشے گئے۔
[2] آیت میں لفظ اٰ مَنَ واحد کے لئے ہے لیکن مَنْ چونکہ جمع کے لئے بھی آتا ہے اور مفرد کے لئے بھی، اس لئے یہاں جمع کے معنے زیادہ مناسب معلوم ہوتے ہیں۔ اس لئے جمع سے ترجمہ کیا گیا ہے۔
اے ایمان دارو! جو کچھ ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے اس دن کے آنے سے پہلے کہ جس میں نہ کسی قسم کی (خریدو) فروخت، نہ دوستی اور نہ شفاعت (کارگر) ہوگی (خدا کی راہ میں جو کچھ ہو سکے) خرچ کر لو۔ اور (اس حکم کا) انکار کرنے والے (اپنے آپ پر) ظلم کرنے والے ہیں۔
اللہ وہ (ذات) ہے جس کے سوا پرستش کا (اور) کوئی مستحق نہیں۔ کامل حیات [1]والا (اپنی ذات میں) قائم (اور سب کو) قائم رکھنے والا۔ نہ اسے اونگھ[2] آتی ہے اور نہ نیند (کا وہ محتاج ہے) جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے (سب) اسی کا ہے۔ کون ہے جو اس کی اجازت کے بغیر اس کے حضور میں سفارش کرے۔ جو کچھ ان کے سامنے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے وہ (سب ہی کچھ) جانتا ہے اور وہ اس کی مرضی کے سوا اس کے علم کے کسی حصہ کو (بھی) پا نہیں سکتے۔ اس کا علم[3] آسمانوں پر (بھی) اور زمین پر (بھی) حاوی ہے، اور ان کی حفاظت اسے تھکاتی[4] نہیں۔ اور وہ بلند شان (رکھنے) والا[5] (اور) عظمت والا ہے۔
[1] اَلْحَیُّ کامل حیات والا۔ اللہ تعالیٰ کے لئے جب اَلْحَیُّ آتا ہے تو الف لام کمال کے معنے دیتا ہے اور اس کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ حیات کاملہ رکھتا ہے یعنی ایسی حیات جو اپنے قیام میں کسی اور کی محتاج نہیں۔ اسے کسی اور نے زندگی نہیں بخشی بلکہ اس کی ذات ازلی اور ابدی طور پر زندہ ہے۔ اَلْقَیُّوْمُ: قَامَ سے نکلا ہے جس کے معنے کھڑے ہونے کے ہیں۔ اسی سے قَیِّمٌ نکلا ہے جس کے معنے نگران اور مُتوَلّی کے ہیں اور قَـیِّمٌ۔ مُسْتَقِیْمٌ کو بھی کہتے ہیں۔ ’’اَمْرٌقَـیِّمٌ‘‘ ایسا امر جس میں کوئی کجی نہیں بلکہ درست اور ٹھیک ہے۔ اَلْقَیُّوْمُ اور اَلْقَیَّامُ کے معنے ہیں جو اپنی ذات میں قائم ہے اور اس کی کوئی ابتدا نہیں (اقرب) اَلْقَیُّوْمُ صرف اسی کو نہیں کہتے جو اپنی ذات میں قائم ہو بلکہ اس کے معنوں میں دوسرے کو قائم رکھنا اور اس کی حفاظت کرنا بھی شامل ہے۔ مفردات میں لکھا ہے اَلْقَائِمُ اَلْحَافِظُ لِکُلِّ شَیْئٍ وَالْمُعْطِیْ لَہٗ مَابِہٖ قِوَامُہٗ یعنی جو اپنی ذات میں قائم ہو اور ہر چیز کا نگران ہو اور اسے وہ طاقت عطا کرے جس سے وہ قائم رہ سکے۔ غرض اشیاء میں وہ طاقتیں پیدا کرنا جن سے ان کے اجزا جڑے رہتے ہیں اور اپنے مفوضہ کاموں کو بجا لاتے ہیں قَیُّوْم سے متعلق ہے اور اللہ تعالیٰ اَلْقَیُّوْمُ ہے نہ صرف اس لئے کہ وہ خود قائم ہے بلکہ اس لئے بھی کہ دوسری اشیاء اس کی پیدا کردہ طاقتوں سے قائم رہتی ہیں اَلْقَیُّوْمُ کی صفت اجرام فلکی میں کششِ ثقل کے وجود اور خورد بینی ذرات کے ایک دوسرے سے اتصال اور ایک دوسرے سے ادغام اور ایک دوسرے کے گرد گھومنے وغیرہ افعال پر نہایت لطیف رنگ میں اشارہ کرتی ہے۔
[2] اردو میں اس موقعہ پر حرف عطف استعمال نہیں کرتے اس لئے نیند کے بعد ایک اور جملہ رکھ کر ترجمہ کو صحیح کیا گیا ہے۔
[3] اَلْکُرْسِیُّ۔ کِرْسٌ سے نکلا ہے جس کے معنے متفرق اجزا کے اکٹھا ہونے کے ہوتے ہیں۔ کہتے ہیں کَرَسْتُ بِنَاءً میں نے عمارت بنائی۔ یعنی اینٹوں پر اینٹیں رکھیں اور کُرْسِیٌّ علم کو بھی کہتے ہیں اور حکومت کو بھی (مفردات) اس لفظ کی اصل سے معلوم ہوتا ہے کہ اصل میں اس کے معنے جمع کرنے اور اکٹھا کرنے کے ہیں اور چونکہ علم بھی پراگندہ معلومات کو جمع کر لیتا ہے اور حکومت ملک کے پراگندہ اجزا کو جمع کر لیتی ہے اس لئے اسے بھی کرسی کہتے ہیں۔
[4] اٰدَہٗ یَئُوْدُہٗ اَوْداً کے معنے ہیں۔ اَضْنَکَہٗ وَ ثَقْلَ عَلَیْہِ (اقرب) یعنی اسے تھکا دیا اور اس پر بوجھ معلوم ہوا۔
[5] اَلْعَلِیُّ۔ عَلِیٌّ کے معنے ہیں بلند شان والا۔ بزرگی کا مالک (اقرب) عَلِیٌّ کا مادہ عَلَا یَعْلُوْ عُلْوًا بھی ہے اور عَلِیَ یَعْلیٰ عَلَا ءً بھی ہے مگر محققین کے نزدیک عَلاَ یَعْلُوْ سے عالی کا لفظ اسم فاعل کے طور پر آتا ہے اور عَلِیَ یَعْلیٰ سے عَلِیٌّ استعمال ہوتا ہے۔ عَلَا یَعْلُوْ بُرے اور بَھلے دونوں فعلوں کے لئے آ جاتا ہے جیسے قرآن کریم میں ہے کہ اِنَّ فِرْعَوْنَ عَلَا فِی الْاَرْضِ (القصص: ۵) لیکن عَلِیَ یَعْلٰی صرف اچھے معنوں میں آتا ہے اور عَلِیٌّ جو اللہ کا نام ہے وہ اسی مادہ سے ہے پس اس کے ہمیشہ اچھے معنے ہوتے ہیں جبکہ عالی بُرے معنوں میں بھی استعمال ہو سکتا ہے۔ (مفردات)
دین کے معاملہ میں کسی قسم کا جبر (جائز) نہیں (کیونکہ) ہدایت [1]اور گمراہی[2] کا (باہمی[3]) فرق خوب ظاہر[4] ہو چکا ہے۔ پس (سمجھ لو کہ) جو شخص (اپنی مرضی سے) نیکی سے روکنے[5] والے (کی بات ماننے) سے انکار کرے اور اللہ پر ایمان رکھے تو اس نے (ایک) نہایت مضبوط قابل اعتماد[6] چیز کو جو (کبھی) ٹوٹنے کی نہیں مضبوطی سے پکڑ لیا اور اللہ بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
[1] رُشْدٌ کے معنے صداقت پر استقلال سے قائم رہنا ہے نیز غَیٌّ کے اضداد میں سے ہے۔ (اقرب)
[2] اَلْغَیُّ۔ اَلضَّلَا لَۃُ گمراہی۔ اَلْھَلَا کَۃُ تباہی۔ اَلْخَیْبَۃُ ناکامی۔ (اقرب)
[3] مِنْ کے کئی معنے ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک باہمی فرق کے بھی ہیں۔ یعنی جب دو چیزوں میں فرق ہو اور وہ ایک دوسرے سے جداگانہ نوعیت رکھتی ہوں تو اس فرق کو بتانے کے لئے ان دونوں کے اسماء میں مِنْ لاکر اس مضمون کو بتا دیا جاتا ہے۔ یہ ابن مالک نحوی کا قول ہے (مغنی)
[4] تَبَیَّنَ باب تفعّل سے ہے اور یہ باب تکرار اور مبالغہ کے معنے بھی دیتا ہے اس لئے خوب کا لفظ بڑھایا گیا ہے۔ ورنہ خالی ظاہر ہونے کے لئے بَانَ کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔
[5] اَلطَّاغُوْتُ : حد سے بڑھنے والا، ہر شخص جو گمراہی کا سردار ہو شیطان، نیکی سے روکنے والا (اقرب) نیز ہر کاہنؔ۔ معبود ؔباطل، ساحرؔ، جناتؔ میں سے سرکش۔ ہر نیکی سے روکنے والا طاغوت ہے (مفردات)
[6] اَلْعُرْوَہ۔ عَرَا یَعْرُوْ عَرْوًا سے نکلا ہے جس کے ایک معنے کسی شخص کی طرف اس کا احسان طلب کرنے کے لئے جانے کے ہیں۔ عُرْوَۃٌ انہی معنوں سے بنا ہے۔ گویا جو چیز دوسری چیز سے چمٹ جائے۔ کیونکہ طالب احسان ایسا ہی کرتا ہے۔ وہ عُرْوَہ ہے اسی معنے سے برتن کے دستہ کو عُرْوَہ کہتے ہیں۔ اسی طرح کپڑے کے کاج کو عُرْوَہ کہتے ہیں کیونکہ اس کے ذریعہ سے بٹن چمٹ جاتا ہے۔ پس عُرْوہ ہر اس شے کو کہتے ہیں جس پر اعتماد کیا جاسکے اور سہارا لیا جا سکے۔ (اقرب) عِرْوٌ ایک طرف کو بھی کہتے ہیں۔ بعض نے کہا ہے چونکہ برتن کا دستہ ایک طرف ہوتا ہے اس لئے اسے عُرْوَۃ کہتے ہیں (مفردات) میں نے عُرْوَہ کا ترجمہ ’’قابلِ اعتماد چیز‘‘ کیا ہے۔ وُثْقٰی کے معنے مضبوط کے ہیں۔ پس الْعُرْوَۃُ الْوُثْقٰی کے معنے ہوں گے مضبوط قابلِ اعتماد چیز۔
اللہ ان لوگوں کا دوست ہے جو ایمان لاتے ہیں۔ وہ انہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف[7] لاتا ہے اور جو کافر ہیں ان کے دوست نیکی سے روکنے والے (لوگ) ہیں۔ وہ انہیں روشنی سے نکال کر اندھیروں کی طرف لے جاتے ہیں۔ وہ لوگ آگ (میں پڑنے) والے ہیں۔ وہ اس میں رہیں گے۔
[7] اَخْرَجَ کے معنے تو نکالنے کے ہیں لیکن جب اس کے بعد مِنْ اور اِلٰی آئیں تو اس کے معنے ایک حالت سے نکال کر دوسری حالت کی طرف لے جانے کے ہوتے ہیں۔
کیا تجھے اس شخص کی خبر نہیں پہنچی جو اس (غرور کی) وجہ سے کہ اللہ نے اسے حکومت[1] دے رکھی تھی ابراہیم سے اس کے رب کے متعلق بحث[2] کرنے لگ گیا تھا (یہ اس وقت ہوا) جس وقت ابراہیم نے (اسے) کہا کہ میرا رب وہ ہے جو زندہ کرتا اور مارتا ہے (اس پر) اس نے کہا (کہ) میں (بھی) زندہ کرتا اور مارتا ہوں۔ ابراہیم نے کہا (کہ اگر یہ بات ہے) تو اللہ (تو) سورج کو مشرق (کی طرف) سے لاتا ہے (اب) تو اسے مغرب (کی طرف) سے لے آ۔ اس پر وہ (کافر) مبہوت[3] ہو (کر رہ) گیا۔ اور (یہ ہونا ہی تھا کیونکہ) اللہ ظالم لوگوں کو (کامیابی کی) راہ نہیں دکھاتا۔
[1] اَنْ اٰ تَاہُ اللّٰہُ الْمُلْکَ میں ہ کی ضمیر کو ترجمہ میں بحث کرنے والے کی طرف پھیرا گیا ہے۔ لیکن جائز ہے کہ یہ ضمیر ابراہیمؑ کی طرف پھرتی ہو۔ اس صورت میں یہ معنے ہوں گے کہ وہ ابراہیم ؑ سے اس حسد کی وجہ سے بحث کرنے لگ گیا کہ ابراہیم ؑ کو کیوں اللہ نے روحانی بادشاہت عطا فرمائی ہے۔
[2] حَآجَّہٗ: خَاصَمَہٗ (اقرب) اس سے بحث کرنے لگ گیا۔ اصل معنے حُجَّۃٌ کے اس دلیل کے ہیں جس سے انسان دوسرے پر غالب آجائے۔ لیکن باب مفاعلہ میں آکر اس کے معنے خالص بحث کرنے کے بھی ہو جاتے ہیں۔
[3] مفسرین کہتے ہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی کمزوری دیکھ کر بحث کا پہلو بدلا۔ لیکن یہ بات درست نہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قوم ستارہ پرست تھی اور وہ سمجھتے تھے کہ تمام مخلوق کی زندگی اور موت سورج کے ساتھ تعلق رکھتی ہے۔ جب مباحثین نے ضد اختیار کی تو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ تیرے اختیار والی موت اور زندگی میری دلیل میں مرادنہ تھی، میری مراد یہ تھی کہ دنیا میں حیات و ممات کا جو سلسلہ جاری ہے یہ خدا کے اختیار میں ہے جس کے متعلق تیرا یہ عقیدہ ہے کہ وہ سورج کے اختیار میں ہے۔ پس اگر واقعہ میں تو وہی خدا ہے جس کے ہاتھ میں موت و حیات کا سلسلہ ہے تو سورج کو مشرق کی بجائے مغرب سے لے آ۔ یہ ایسی دلیل تھی جس سے لازماً ان کا دشمن مبہوت ہو گیا۔ اگر وہ یہ کہتا کہ تیرا خدا سورج کو مشرق سے نہیں چڑھاتا۔ میں ہی سورج کو مشرق سے چڑھاتا ہوں تو خود اس کی قوم اس کی مخالف ہو جاتی اور کہتی کہ تو اپنے آپ کو سورج دیوتا کا افسر بناتا ہے۔ پس اس کے لئے سوائے خاموشی کے کوئی چارہ نہ رہ گیا۔
اور [1](کیا تو نے) اس شخص کی مثل [2](کوئی آدمی دیکھا ہے) جو ایک ایسے شہر کے پاس سے گزرا[3] جس کی یہ حالت تھی کہ وہ اپنی چھتوں کے بل گرا[4] ہوا تھا (اس کو دیکھ کر) اس نے کہا کہ اللہ اس کی ویرانی کے بعد اسے کب آباد کرے گا اس پر اللہ نے اسے سو سال (تک خواب میں) مارے رکھا۔ پھر اسے اٹھایا (اور) فرمایا (اے میرے بندے) تو کتنے عرصہ تک (اس حالت میں) رہا ہے۔ اس نے کہا میں (اس حالت میں ایک دن یا دن کا کچھ حصہ رہا ہوں تب اللہ نے) فرمایا (یہ بھی ٹھیک[5] ہے) اور تو (اس حالت میں) سو سال [6]تک بھی رہا ہے۔ اب تو اپنے کھانے اور پینے (کے سامان) کی طرف دیکھ کہ وہ سڑا نہیں اور اپنے گدھے کی طرف (بھی) دیکھ اور ان دونوں کا سلامت رہنا دیکھ کر سمجھ لے کہ تیرا خیال بھی اپنی جگہ درست ہے اور ہمارا خیال (بھی) اور ایسا ہم نے اس لئے کیا ہے تا تجھے لوگوں کے لئے ایک نشان بنائیں۔ اور ہڈیوں کی طرف دیکھ کہ ہم انہیں کس طرح اپنی اپنی جگہ رکھ کر جوڑتے ہیں پھر ہم ان پر گوشت چڑھاتے ہیں۔ پس جب اس پر (حقیقت) پورے طور پر ظاہر ہو گئی تو اس نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اللہ ہر ایک چیز پر قادر ہے۔
[1] یہاں آیت میں اَوْ کا لفظ استعمال ہوا ہے جس کے عام معنے تو ’’یا‘‘ کے ہیں۔ لیکن کبھی ’’اور‘‘ کے معنے بھی دیتا ہے۔
[2] کَالَّذِیْ میں ک کا ترجمہ ہم نے حالت کا کیا ہے۔ لیکن عام طور پر اس کے معنے ’’طرح‘‘ کے ہوتے ہیں۔ ان معنوں کو مدِّنظر رکھ کر ترجمہ ہونا چاہیے تھا ’’اس شخص کی طرح‘‘ لیکن ہم نے ترجمہ کیا ہے ’’اس شخص کی مثل‘‘ اور یہ معنے بھی جائز ہیں۔ چنانچہ علامہ ابن ہشام لکھتے ہیں وَ اَمَّا الْکَافُ الْاِسْمِیَّۃُ الْجَارَّۃُ فَمُرَادِفَۃٌ لِّمِثْل یعنی ایک کاف اسمیّہ ہوتا ہے جو جرّ دیتا ہے اور اس کے معنے مثل یعنی مشابہ کے ہوتے ہیں (مُغْنی اللَّبِیب)
[3] پہلے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ایک بحث کا ذکر کیا۔ پھر بعد کی آیات میں ایک مردہ شہر کا ذکر کیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جو میں نے اوپر دلیل دی ہے وہی ٹھیک ہے یعنی حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے مخالف سے حیات فردی کا ذکر نہیں کیا تھا بلکہ حیات قومی یا جنسی کا ذکر کیا تھا۔ کیونکہ یہ مثال جو اب بیان کی گئی ہے اس میں حیات قومی یا جنسی کا ذکر ہے۔ حیات فردی کا ذکر نہیں۔
[4] خَاوِیَۃٌ: خَوٰی یَخْوِیْ خَوَائٌ سے نکلا ہے کہتے ہیں خَوَی الْبَیْتُ: سَقَطَ وَ تَھَدَّمَ گھر کر گیا۔ نیز فَرَغَ وَ خَلَا گھر خالی ہو گیا۔ ویران ہو گیا (اقرب) پس جملہ کے یہ معنے ہوئے کہ وہ شہر اپنی چھتوں پر گرا ہوا تھا یعنی پہلے چھتیں گریں پھر ان پر دیواریں گر گئیں۔ بعض نے ’’خالی ہو گیا‘‘ کے معنے کرکے عَلٰی عُرُوْشِھَا سے پہلے ایک اور ساقط محذوف نکالا ہے یعنی شہر خالی تھا اور اپنی چھتوں پر گرا ہوا تھا۔ دونوں معنے درست ہیں لمبی ویرانی پر دلالت کرنے کے لئے یہ الفاظ استعمال ہوئے ہیں کیونکہ جو مکان عدم استعمال کی وجہ سے گریں بالعموم پہلے ان کی چھتیں گرتی ہیں کیونکہ چھتوں میں لکڑی ہوتی ہے اور لکڑی کو دیمک لگ جاتی ہے۔ جب چھتیں گر جاتی ہیں تو پھر بارش کی وجہ سے ننگی دیواریں بھی گرنے لگتی ہیں اور اس صورت میں وہ دیواریں چھتوں پر آگرتی ہیں۔ اس حالت کو بتانے کے لئے خَاوِیَۃٌ عَلٰی عُرُوْشِھَا کے الفاظ استعمال فرمائے۔ جو مکان زلزلہ وغیرہ کی قسم کے حادثات سے گرتے ہیں ان کی دیواریں پہلے گرتی ہیں اور چھت ان پر آگرتی ہے۔ ان الفاظ میں لطیف اشارہ اس طرف کیا کہ اس شہر کی ویرانی کا سبب زلزلہ وغیرہ نہ تھا بلکہ اس کے باشندوں کا شہر چھوڑ کر چلا جانا تھا۔
[5] بَلْ حرف ہے جو اِضْرَاب کے معنے دیتا ہے یعنی بات کو پھیر کر دوسری طرف لے جانا۔ یہ اِضْرَاب دو طرح کا ہوتا ہے ایک تو انکار کی غرض سے ہوتا ہے جیسے قرآن کریم میں ہے۔ وَ قَالُوا اتَّخَذَ الرَّحْمٰنُ وَلَدًا سُبْحَانَہٗ بَلْ عِبَادٌ مُّکْرَمُوْنَ (انبیاء: ۲۷) یعنی پہلی بات غلط ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جن کو خدا کا بیٹا کہتے ہیں وہ اللہ کے معزز بندے ہیں اور دوسری اقسام اضراب کی یہ ہے کہ ایک غرض سے دوسری غرض کی طرف مضمون کو پھیرنا مقصود ہوتا ہے۔ بَل سے پہلے جملہ کی تردید مدنظر نہیں ہوتی۔ جیسے قران کریم میں ہے قَدْ اَفْلَح مَنْ تَزَکّٰی وَ ذَکَرَ اسْمَ رَبِّہٖ فَصَلّٰی۔ بَلْ تُؤْثِرُوْنَ الْحَیٰوۃَ الدُّنْیَا (سورۂ اعلیٰ: ۱۵ تا ۱۷) اس آیت میں بَلْ سے پہلے کی بات بھی درست ہے اور بعد کی بھی (مغنی) پس اس جگہ اس کا مطلب یہ ہے کہ مذکورہ صدر لوگوں کا یہ حال ہے کہ دنیا کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ میرے نزدیک آیت زیر تفسیر میں بھی یہی معنے مراد ہیں۔ اور بَلْ کے لفظ سے شخص مذکور کے خیال کی کہ وہ دن یا دن کا بعض حصہ اس حالت میں رہا ہے تردید مدنظر نہیں بلکہ اس کے علاوہ ایک اور مضمون کی طرف اس کے ذہن کا انتقال کیا ہے اور بتایا ہے کہ ایک اور نقطہ نگاہ سے دیکھو تو تم نے سو سال اس حالت میں گذارے ہیں۔ مگر چونکہ نبی کا قول بھی اپنی جگہ درست تھا اس لئے اس خیال سے بھی کہ نبی خداتعالیٰ کے قول کو مقدم رکھ کر اپنے خیال کو غلط نہ قرار دے دے اللہ تعالیٰ نے ساتھ ہی فرما دیا کہ ہم تمہارے خیال کو ردنہیں کرتے وہ بھی درست ہے۔ چنانچہ دیکھو تمہارا کھانا اچھی حالت میں ہے سڑا نہیں اور تمہارا گدھا تندرست اپنی جگہ پر کھڑا ہے جس سے ثابت ہوا کہ تمہارا خیال بھی کہ تم صرف چند گھنٹے اس حالت میں رہے ہو اپنی جگہ پر درست ہے۔
[6] قَرْیَۃ سے مراد یوروشلم ہے جسے بخت نصر نے تباہ کر دیا تھا۔ وہ آدمی جو یوروشلم کے پاس سے گذرا حزقیل نبی تھا۔ اللہ تعالیٰ نے کشف کے ذریعہ سے ان پر ظاہر کیا کہ ایک سو سال تک یہ شہر دوبارہ آباد ہو جائے گا۔ (حزقیل کے کشف کے لئے دیکھیں پرانا عہدنامہ حزقیل باب۳۷)
اور (اس واقعہ کو بھی یاد کرو) جب ابراہیم نے کہا تھا کہ اے میرے رب! مجھے بتا کہ تو مردے کس طرح زندہ کرتا ہے۔ فرمایا کہ کیا تو ایمان نہیں لا چکا؟ (ابراہیم نے) کہا۔ کیوں نہیں (ایمان تو بیشک حاصل ہو چکا ہے) لیکن اپنے اطمینان قلب کی خاطر (میں نے یہ سوال کیا ہے) فرمایا۔ اچھا! تو چار پرندے لے اور ان کو اپنے ساتھ سدھا [1]لے۔ پھر ہر ایک پہاڑ پر ان میں سے ایک (ایک) حصہ[2] رکھ دے۔ پھر انہیں بلا۔ وہ تیری طرف[3] تیزی کے ساتھ چلے آئیں گے اور جان لے کہ اللہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔
[1] بعض لوگوں نے صُرْھُنَّ کے معنے قتل کرنے کے کیے ہیں۔ حالانکہ الفاظ قرآنیہ صُرْھُنَّ اِلَیْکَ کے ہیں۔ اور یہ کہنا بے معنے ہے کہ پھر ان کو اپنی طرف قتل کر۔ اصل میں اس لفظ کے معنے سدھانے کے بھی ہیں اور وہی اس جگہ درست ہیں۔ (مفردات و اقرب)
[2] حصہ جُزْءًا کا ترجمہ ہے۔ مطلب یہ ہے کہ پہاڑ کی چار چوٹیوں پر چار پرندے بٹھا دو۔ جُزْءًا کے معنے ایک پرندے کے ٹکڑے کے نہیں بلکہ چاروں پرندوں کا جزء مراد ہے جو ایک کا عدد ہے۔ قرآن کریم میں ایک اور مقام پر اسی محاورہ میں جُزْئٌ کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ فرماتا ہے اِنَّ جَھَنَّمَ لَمَوْعِدُھُمْ اَجْمَعِیْنَ۔ لَھَا سَبْعَۃُ اَبْوَابٍ لِکُلِّ بَابٍ مِّنْھُمْ جُزْئٌ مَّقْسُوْمٌ (الحجر: ۴۴،۴۵) یعنی جہنم سب کفار کے لئے مقرر جگہ ہے اس کے سات دروازے ہوں گے اور ہر دروازہ کے لئے کفار کا ایک حصہ مقرر ہوگا۔ اس جگہ بھی جزء کا لفظ استعمال ہوا ہے لیکن کوئی یہ معنے نہیں کرتا کہ کفار کا قیمہ کرکے ان کے قیمہ کا تھوڑا تھوڑا حصہ سب دروازوں میں ڈال دیا جائے گا۔ بلکہ سب مفسر متفق ہیں کہ اس سے مراد یہ ہے کہ کچھ کافر ایک دروازے سے جائیں گے کچھ دوسرے کچھ تیسرے سے۔ اسی طرح سب دروازوں سے اپنی اپنی سزا کے مطابق داخل ہونگے۔ انہی معنوں میں جُزْئٌ اس آیت میں استعمال ہوا ہے اور مراد ہر پرندہ کا جزء نہیں بلکہ چار کا جزء ہے اور وہ ایک ہے۔ مراد یہ ہے کہ ہر چوٹی پر ایک ایک پرندہ رکھ دو۔
[3] یَاْ تِیْنَکَ سَعْیًا۔ سَعْیٌ کے معنے چلنے اور دوڑنے کے ہوتے ہیں۔ لیکن محاورہ میں کوشش سے کسی کام کے کرنے کے بھی ہوتے ہیں وَ یُسْتَـعْمَلُ لِلْجِدِّ فِی الْاَمْرِ خَیْرًا کَانَ اَوْ شَرًّا (مفردات) یعنی کبھی یہ لفظ خوب زور سے کام کرنے کے متعلق بھی استعمال ہوتا ہے خواہ کام اچھا ہو یا ُبرا۔ چونکہ پرندہ دوڑتا نہیں اڑتا ہے اس لئے ’’تیزی سے تیری طرف چلے آئیں گے‘‘ ترجمہ کیا گیا ہے۔ ان آیات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ایک کشف کا ذکر ہے اور چار پرندوں سے یہ مراد ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد چار دفعہ ترقی کرے گی اور چار دفعہ تنزل کرے گی۔
جو لوگ اپنے مالوں کو اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں ان (کے اس فعل) کی حالت اس دانہ کی حالت کے مشابہ ہے جو سات بالیں اگائے (اور) ہر بالی میں سو دانہ ہو۔ اور اللہ جس کے لئے چاہتا ہے، (اس سے بھی) بڑھا (بڑھا کر) دیتا ہے اور اللہ وسعت دینے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
جو لوگ اپنے مالوں کو اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں پھر خرچ کرنے کے بعد نہ کسی رنگ میں احسان جتاتے ہیں اور نہ کسی قسم کی تکلیف دیتے ہیں ان کے رب کے پاس ان (کے اعمال) کا بدلہ (محفوظ) ہے۔ اور نہ تو انہیں کسی قسم کا خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
اچھی بات (کہنا) اور (قصور) معاف کرنا اس صدقہ سے بہتر ہے جس کے پیچھے ایذا رسانی (شروع) ہو (جائے) اور اللہ بے نیاز (اور) بردبار ہے۔