۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور (اس کے بعد یوں ہوا کہ) شیطان نے اس (درخت) کے ذریعہ سے ان (دونوں) کو (ان کے مقام سے) ہٹا دیا اور (اس طرح) اس نے انہیں اس (حالت) سے جس میں وہ تھے نکال دیا اور ہم نے (انہیں) کہا (کہ یہاں سے) نکل جاؤ۔ تم میں سے بعض بعض کے دشمن ہیں اور (یاد رکھو کہ) تمہارے لئے ایک (مقررہ) وقت تک اسی زمین میں جائے رہائش اور سامان معیشت (مقدر) ہے۔
اس کے بعد آدم نے اپنے رب سے کچھ (دعائیہ) کلمات سیکھے (اور ان کے مطابق دعا کی) تو وہ [1]اس کی طرف (پھر فضل کے ساتھ) متوجہ ہوا۔ یقیناً وہی (بندوں کی مصیبت کے وقت) بہت ہی توجہ کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[1] یعنی اللہ تعالیٰ۔
(تب) ہم نے کہا (جاؤ) سب کے سب اس میں سے نکل جاؤ (اور یاد رکھو کہ) اگر[2] پھر کبھی تمہارے پاس میری طرف سے کوئی ہدایت آئے تو جو لوگ میری ہدایت کی پیروی کریں گے انہیں نہ کوئی (آئندہ کا) خوف ہوگا اور نہ وہ (سابق کوتاہی پر) غمگین ہوں گے۔
[2] آیت میں فَاِمَّا کا لفظ ہے اور فَاء کے معنی پھر کے ہیں۔ عربی میں فَاء کو ہمیشہ پہلے رکھتے ہیں، مگر اردو میں اسے پیچھے رکھتے ہیں۔ اس لئے ہم نے ترجمہ میں اگر کے بعد پھر کا لفظ رکھا ہے۔
اور جو (لوگ) کفر کریں گے اور ہماری آیات کو جھٹلائیں گے وہ (ضرور) دوزخ (میں پڑنے) والے ہیں۔ وہ اس میں رہتے چلے جائیں گے۔
اے بنی اسرائیل! میرے اس احسان کو یاد کرو، جو میں تم پر کر چکا ہوں اور تم (نے) میرے (ساتھ جو) عہد (کیا تھا اس) کو پورا کرو۔ تب میں نے جو عہد تمہارے ساتھ کیا تھا میں اس کو پورا کروں گا اور مجھ (ہی) سے (ڈرو) پھر (میں کہتا ہوں کہ) مجھ (ہی) سے ڈرو[1]۔
[1] وَاِیَّایَ فَارْھَبُوْنِ عربی قاعدہ کے مطابق اصل میں اِرْھَبُوْا اِیَّایَ فَارْھَبُوْنِ کا فقرہ ہے۔ اس کا ترجمہ ہم نے یہ کیا ہے کہ ’’مجھ ہی سے ڈرو پھر میں کہتا ہوں کہ مجھ ہی سے ڈرو‘‘ (اِمْلَآءُ مَامَنَّ بِہِ الرَّحْمٰن مصری ص ۱۹)
اور اس (کلام) پر ایمان لاؤ جو میں نے (اب) اتارا ہے (اور) جو اس (کلام) کو جو تمہارے پاس ہے سچا کرنے والا ہے اور تم اس کے (سب سے) پہلے کافر نہ بنو، اور میری آیتوں کے بدلے میں تھوڑی قیمت [2]مت لو۔ اور مجھ (ہی) سے (ڈرو) پھر (میں کہتا ہوں کہ) مجھ (ہی) سے ڈرو۔
[2] وَ لَا تَشْتَرُوْا بِاٰیٰـتِیْ ثَمَنًا قَلِیْـلًا سے یہ مرادنہیں کہ تھوڑے پیسے نہ لو۔ بلکہ مراد یہ ہے کہ میرے باتیں جو دین ہیں، ان کے بدلے میں دنیا نہ لو، کیونکہ دنیا دین کے مقابلہ میں بالکل حقیر چیز ہے۔
اور جانتے بوجھتے ہوئے حق کو باطل کے ساتھ نہ ملاؤ اور نہ حق کو (جانتے بوجھتے ہوئے) چھپاؤ۔
اور نماز کو قائم رکھو اور زکٰوۃ دو، اور خدا کی خالص پرستش کرنے والوں کے ساتھ مل کر خدا کی خالص پرستش کرو۔
کیا تم (دوسرے) لوگوں کو (تو) نیکی (کرنے) کے لئے کہتے ہو اور اپنے آپ کو فراموش کر دیتے ہو؟ حالانکہ تم کتاب (یعنی تورات) پڑھتے ہو پھر (بھی) کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے۔
اور صبر اور دعا کے ذریعہ سے (اللہ سے) مدد مانگو اور بے شک فروتنی اختیار کرنے والوں کے سوا (دوسروں کے لئے) یہ (امر) مشکل ہے۔
(وہ فروتن) جو (اس بات پر) یقین[3] رکھتے ہیں کہ وہ اپنے رب سے ملنے والے ہیں اور اس بات پر بھی کہ وہ اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔
[3] ظَنَّ کے معنے عربی زبان میں یقین کرنے کے بھی ہوتے ہیں۔ مفردات راغب (لغت کی مشہور کتاب) میں لکھا ہے کہ آیت یَظُنُّوْنَ اَنَّھُمْ مُّلٰـقُوْا رَبِّھِمْ میں یہی معنے مراد ہیں۔ ہم نے بھی ترجمہ میں انہی معنوں کو مدِّنظر رکھا ہے۔
اے بنی اسرائیل! میرے اس احسان کو جو میں تم پر کر چکا ہوں یاد کرو۔ اور (اس احسان کو بھی) کہ میں نے تمہیں تمام جہانوں پر فضیلت دی تھی۔