۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور اس دن سے ڈرو کہ (جس دن) کوئی شخص کسی دوسرے شخص کا قائم مقام نہ بن سکے گا اور نہ اس کی طرف سے کوئی سفارش منظور کی جائے گی اور نہ اس سے (کسی قسم کا) معاوضہ قبول کیا جائے گا اور نہ ان کی مدد کی جائے گی۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے تم کو فرعون کی قوم سے اس حالت میں نجات دی کہ وہ تمہیں بدترین عذاب دے رہی تھی تمہارے لڑکوں کو قتل کر دیتی تھی اور تمہاری عورتوں کو زندہ رکھتی تھی اور تمہارے رب کی طرف سے اس (بات) میں (تمہارے لئے) ایک بڑی آزمائش تھی۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے تمہارے لئے سمندر کو پھاڑا[1]۔ پھر ہم نے تمہیں نجات دی اور تمہاری نظروں کے سامنے فرعون کی قوم کو غرق کر دیا۔
[1] اس وقت جوار بھاٹا کے اصول کے مطابق سمندر پیچھے ہٹ گیا اور قوم ِموسیٰ سمندر سے نکل گئی مگر فرعون کے لشکر کے آنے پر پانی کے لوٹنے کا وقت آگیا اور وہ ڈوب گیا۔ چونکہ جوار بھاٹا خداتعالیٰ کے مقرر کردہ اصول کے مطابق آتا ہے، خداتعالیٰ ہی موسیٰ اور فرعون کو اس وقت سمندر پر لے گیا تھا۔ جب جوار بھاٹے کا اثر خداتعالیٰ کے منشاء کے مطابق موسیٰ اور فرعون پر پڑ سکتا تھا۔ اس لئے خداتعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ہم نے سمندر کو پھاڑ کر تم کو نجات دی۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے موسیٰ سے چالیس راتوں کا وعدہ کیا پھر تم نے اس کے (چلے جانے کے) بعد ظالم بن کر بچھڑے کو (معبود) بنا لیا۔
پھر ہم نے اس کے بعد (بھی) تمہیں معاف کر دیا تا کہ تم شکر گزار بنو۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے موسیٰ کو کتاب (یعنی تورات) اور فرقان (یعنی معجزات) دئیے تا کہ تم ہدایت پاؤ۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا کہ اے میری قوم (کے لوگو)! تم نے بچھڑے کو (معبود) بنا کر یقیناً اپنی جانوں پر ظلم کیا ہے اس لئے تم اپنے پیدا کرنے والے کی طرف جھکو، اور ہر شخص اپنے آپ کو قتل کردے[1]۔ یہ بات تمہارے پیدا کرنے والے کے نزدیک تمہارے حق میں بہت اچھی ہے (جب تم نے ایسا کر لیا) تب اس نے تمہاری طرف فضل کے ساتھ پھر توجہ کی وہ یقیناً (اپنے بندوں کی طرف) بہت توجہ کرنے والا بار بار رحم کرنے والا ہے۔
[1] فَاقْتُلُوْا اَنْفُسَکُمْ بائیبل سے پتہ لگتا ہے کہ بنی اسرائیل کو یہ حکم دیا گیا تھا کہ ہر بھائی اپنے بھائی کو، ہر دوست اپنے دوست کو اور ہر پڑوسی اپنے پڑوسی کو قتل کرے۔ چنانچہ بائیبل کے بیان کے مطابق اس دن تین ہزار آدمی مارے گئے (خروج باب۳۲۔ آیت۲۷۔ ۲۸) لیکن چونکہ تورات کی یہی تعلیم ہے کہ کسی شخص کو بغیر اس کے کہ اس نے کوئی اور آدمی قتل کیا ہو قتل کرنا ناجائز ہے اس لئے یہ معنے درست نہیں ہو سکتے اس کے مقابلہ میں بعض مفسرین نے اس کے معنے لفظی لئے ہیں اور کہا ہے کہ ہر شخص خود کشی کرے۔ لیکن خود کشی بھی جائز نہیں اس لئے یہی صورت باقی رہ جاتی ہے کہ ہم اس سارے واقعہ کو ایک استعارہ قرار دیں اور معنے یہ کریں کہ اپنے نفس کی گندی خواہشات کو زُہد و تقویٰ کے ساتھ مارو۔ لہٰذا ہمارے بیان کردہ معنے ہی درست ہیں۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب تم نے کہا تھا کہ اے موسیٰ! ہم تیری بات ہرگز نہیں مانیں گے جب تک ہم اللہ کو آمنے سامنے نہ دیکھ لیں، اس پر تمہیں ایک مہلک عذاب نے پکڑ لیا اور تم (اپنی آنکھوں سے اپنے فعل کا انجام) دیکھ رہے تھے۔
پھر ہم نے تمہاری ہلاکت کے بعد تمہیں اس لئے اٹھایا[2] کہ تم شکر گزار بنو۔
[2] ثُمَّ بَعَثۡنٰکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَوۡتِکُمۡ۔ یعنی ہم نے تمہارے ایمانوں کو زیادہ کرکے اور تمہاری نسلوں کو بڑھا کر پھر تمہیں مضبوط کر دیا۔
اور ہم نے تم پر بادلوں کا سایہ کیا اور تمہارے لئے من[1] اور سلوے اتارے۔ (اور کہا کہ) ان پاک چیزوں میں سے جو ہم نے تم کو دی ہیں کھاؤ۔ اور انہوں نے (نافرمانی کرکے) ہمارا نقصان نہیں کیا بلکہ وہ اپنا ہی نقصان کر رہے تھے۔
[1] مَنّ کے معنے عربی زبان میں احسان کے ہوتے ہیں۔ پس جو چیز بفضلِ الٰہی مل جائے اس کو مَنّ کہتے ہیں۔ حدیث میں آتا ہے اَلْکَمْأَۃُ مِنَ الْمَنِّ یعنی کھمب بھی مَنّ میں سے ہے۔ اسی طرح ترنجبین کو بھی مَنَّ کہتے ہیں۔ اور سَلْوٰی کے معنے عربی زبان میں بٹیر کی قسم کے پرندوں کے ہیں۔ پس مطلب یہ ہے کہ ہم نے تمہارے لئے کثرت سے ترنجبین اور کھمبیں اس علاقہ میں پیدا کردیں اور بٹیرکی قسم کے جانور بھیج دئیے۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے کہا تھا کہ اس بستی[2] میں داخل ہو جاؤ اور اس میں سے جہاں سے چاہو بافراغت کھاؤ اور (اس کے) دروازے میں پوری فرمانبرداری کرتے ہوئے داخل ہو اور کہتے جاؤ (کہ ہم[3]) بوجھ ہلکا کرنے کی التجا (کرتے ہیں، تب) ہم تمہاری خطاؤں کو بالکل معاف کر دیں گے اور ہم محسنوں کو ضرور بڑھائیں گے۔
[2] بنی اسرائیل جس وقت دشتِ سینا میں سے گذر کر کنعان کی طرف جا رہے تھے، تو رستے میں بعض جگہ وہ ایسے قبائل کے پاس سے گذرے تھے جنہوں نے جنگل میں بعض قصبات اور شہر بنائے ہوئے تھے۔ بنی اسرائیل کی افسردگی دور کرنے کے لئے ان شہروں میں تھوڑا سا وقت گذارنے کی ان کو اجازت مل جاتی تھی۔ ایسے ہی شہروں میں سے کسی ایک قصبہ یا شہر کا یہاں ذکر ہے۔
[3] حِطَّۃٌ حَطَّ کا مصدر ہے اور اس کے معنے گرانے کے ہیں۔ اس لئے ہم نے ترجمہ یہ کیا ہے کہ ہم بوجھ ہلکا کرنے کی التجا کرتے ہیں۔ یعنی گناہوں کا بوجھ۔
پھر (ان کی شرارت دیکھو کہ) ظالموں نے اس بات کے خلاف جو انہیں کہی گئی تھی ایک اور بات[4] بدل (کر کہنی شروع کر) دی جس پر ہم نے ان لوگوں پر جنہوں نے ظلم کیا تھا ان کے نافرمان ہونے کے سبب سے آسمان سے ایک عذاب نازل کیا۔
[4] مفسرین کہتے ہیں کہ انہوں نے حِنْطَۃٌ یعنی گندم کا لفظ کہنا شروع کر دیا تھا۔ مگر ایسی تاویل کی ضرورت نہیں۔ شریر آدمی ہنسی کے طور پر کئی رنگ میں لفظ بدل دیتا ہے۔