۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جو موسیٰ نے اپنی قوم کے لئے پانی مانگا تو ہم نے (اسے) کہا کہ اپنا سونٹا فلاں[1] پتھر پر مار۔ اس پر اس میں سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے (اور) ہر ایک گروہ نے اپنے گھاٹ کو پہچان لیا، (تب انہیں کہا گیا کہ) اللہ کے رزق میں سے کھاؤ اور پیو اور مفسد بن کر زمین میں خرابی نہ پیدا کرو۔

[1] اِضْرِبْ بِّعَصَاکَ الْحَجَر اس جگہ اَلْحَجَر ہے اور اَلْ کے معنے خاص چیز کے ہوتے ہیں۔ پس آیت کا صحیح ترجمہ یہ نہیں کہ ’’پتھر پر مار‘‘ بلکہ یہ ہے کہ ’’فلاں پتھر پر مار‘‘۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب تم نے کہا تھا کہ اے موسیٰ! ہم ایک ہی کھانے پر صبر نہیں کر سکیں گے اس لئے تو ہمارے لئے اپنے رب سے دعا کر کہ وہ ہمارے لئے بعض ایسی چیزیں جنہیں زمین اگاتی ہے پیدا کرے۔ یعنی اس کی سبزیاں، ککڑیاں، گیہوں، مسور اور پیاز۔ (اس پر اللہ نے) کہا کہ کیا تم اس چیز کی بجائے جو اعلیٰ ہے اس چیز کو لینا چاہتے ہو جو ادنیٰ ہے۔ کسی شہر میں چلے جاؤ (وہاں) جو کچھ تم نے مانگا ہے تمہیں ضرور مل جائے گا (تب) انہیں ہمیشہ کے لئے ذلیل اور بے بس کر دیا گیا اور وہ اللہ کے غضب کا مورد بن گئے۔ یہ اس وجہ سے (ہوا) کہ وہ اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے تھے اور نبیوں کو ناحق قتل کرنا چاہتے تھے (اور) یہ (گناہ) ان کے نافرمانی کرنے اور حد سے بڑھے ہوئے ہونے کے سبب سے (ان میں پیدا ہو گیا) تھا۔

جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جو یہودی ہیں نیز نصاریٰ اور صابی (ان میں سے) جو (فریق) بھی اللہ پر اور آخرت کے دن پر (کامل) ایمان لایا ہے اور اس نے نیک عمل کیے ہیں یقیناً ان کے لئے ان کے رب کے پاس ان کا (مناسب) اجر ہے اور انہیں نہ (تو مستقبل کے متعلق) کسی قسم کا خوف ہوگا اور نہ (ماضی پر) وہ غمگین ہوں گے۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے تم سے پختہ عہد لیا تھا اور طور کو تمہارے اوپر[1] بلند کیا تھا (اور کہا تھا کہ) جو (کچھ) ہم نے تمہیں دیا ہے اسے مضبوطی سے پکڑ لو اور جو کچھ اس میں ہے اسے یاد[2] رکھو، تا کہ تم متقی بن جاؤ۔

[1] وَرَفَعْنَا فَوْقَکُمُ الطُّوْرَ یعنی تم کو پہاڑ کے دامن میں کھڑا کیا تھا۔ (خروج باب۱۹ آیت۱۷)۔

[2] ذَکَرَہٗ کے معنی ہیں حَفِظَہٗ فِیْ ذِھْنِہٖ (اقرب) یعنی کسی بات کو اپنے ذہن میں محفوظ کر لیا۔ پس وَاذْکُرُوْا کے معنے ہوں گے اسے محفوظ کر لو اور یاد رکھو۔

پھر اس (واضح ہدایت کے مل جانے) کے بعد (بھی) تم نے پیٹھ پھیر لی اور اگر تم پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی تو تم ضرور نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جاتے۔

اور تم ان لوگوں (کے انجام) کو جنہوں [3]نے تم میں سے (ہوتے ہوئے) سبت کے معاملہ میں زیادتی کی تھی یقیناً جان چکے ہو، اس پر ہم نے انہیں کہا تھا کہ (جاؤ) ذلیل بندر بن جاؤ۔

[3] یعنی اہل کتاب۔

پس ہم نے اس (واقعہ) کو ان (لوگوں) کے لئے بھی جو (اس وقت) موجود تھے اور اس (وقوعہ) کے بعد آنے والے لوگوں کے لئے بھی (موجب) عبرت اور متقیوں کے لئے (موجب) نصیحت بنا دیا۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا کہ اللہ تمہیں گائے کے[4] ذبح کرنے کا حکم دیتا ہے، انہوں نے کہا کیا تو ہمیں تمسخر کا نشانہ بناتا ہے؟ (موسیٰ نے) کہا میں (اس بات سے) اللہ کی پناہ مانگتا ہوں کہ (ایسا فعل کرکے) جاہلوں میں شامل ہو جاؤں۔

[4] اس جگہ بَقَرَۃٌ کا لفظ ہے اور یہ لفظ مؤنث و مذکر دونوں کے لئے بولا جاتا ہے۔ اَلْبَقَرُ کا لفظ اسم جنس کے لئے آتا ہے اور اس کے ساتھ ۃ وحدت کو بیان کرنے کے لئے لائی گئی ہے یعنی جنس بقر میں سے ایک۔ جیسا کہ بتایا جا چکا ہے۔ اَلْبَقَرَۃُ کا لفظ گائے بیل دونوں کے لئے بولا جاتا ہے۔ اردو میں چونکہ ایسا کوئی لفظ نہیں جو پورا مفہوم ادا کر دے اس لئے ہم نے اس کا ترجمہ ’’گائے‘‘ لکھا ہے۔ یوں تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ اسرائیلی مصریوں سے متاثر تھے اور وہ بیل کی پوجا کرتے تھے۔

انہوں نے کہا، ہماری خاطر اپنے رب سے دعا کیجیے کہ وہ ہمیں کھول کر بتائے کہ وہ (گائے) کیسی ہے؟ اس نے (یعنی موسیٰ نے) کہا کہ وہ فرماتا ہے وہ ایسی گائے ہے کہ نہ تو بڑھیا ہے اور نہ بچھیا، بلکہ اس کے درمیان[1] پوری جوان ہے اس لئے جو حکم تمہیں دیا جاتا ہے اسے بجا لاؤ۔

[1] یعنی بیان شدہ حد بندی۔

انہوں نے کہا، ہماری خاطر اپنے رب سے (پھر) دعا کیجیے کہ وہ ہمیں کھول کر بتائے کہ اس کا رنگ کیا ہے؟ (موسیٰ نے) کہا، وہ فرماتا ہے کہ وہ ایک زرد رنگ کی گائے ہے، اس کا رنگ بہت شوخ ہے (اور) وہ دیکھنے والوں کو بہت پسند آتی ہے۔

انہوں نے کہا، ہماری خاطر اپنے رب سے (پھر) دعا کیجیے کہ وہ ہمیں کھول کر بتائے کہ وہ (گائے) کیسی ہے؟ ہمیں تو اس قسم کی (سب) گائیں ایک ہی جیسی نظر آتی ہیں اور (یقین رکھیے کہ) اگر اللہ نے چاہا تو ہم ضرور ہدایت کو قبول کر لیں گے۔

(موسیٰ نے) کہا، وہ فرماتا ہے کہ وہ ایسی گائے ہے جو نہ تو جوئے کے نیچے لائی گئی ہے کہ ہل چلاتی ہو اور نہ کھیتی کو پانی دیتی ہے، بالکل تندرست ہے، اس میں کوئی غیر رنگ نہیں (پایا جاتا) انہوں نے کہا اب تو نے (ہم پر) حقیقت کھول دی ہے، چنانچہ انہوں نے اس (گائے) کو ذبح کر دیا، گو وہ ایسا کرنے پر آمادہ نہ تھے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی