۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 7

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب تم نے ایک شخص کو قتل [2](کرنے کا دعویٰ) کیا، پھر تم نے اس کے بارے میں اختلاف کیا، حالانکہ جو (کچھ) تم چھپاتے تھے اللہ اسے ظاہر کرنے والا تھا۔

[2] وَ اِذْ قَتَلْتُمْ نَفْسًا سے حضرت مسیح ؑ کی صلیب کا واقعہ مراد ہے جس کے متعلق عیسائیوں نے تو یہ کہہ دیا کہ مسیح اپنی مرضی سے صلیب پر چڑھ گیا کیونکہ وہ دنیا کا کفار ہ بننا چاہتا تھا، اور یہودیوں نے کہا کہ اِنَّا قَتَلْنَا الْمَسِیْحَ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ دونوں جھوٹے ہیں۔ درحقیقت مسیحؑ صلیب پر سے زندہ اتر آئے تھے اور اگر ایسے ہی حالات میں صلیب سے اترنے والوں کے حالات کو دیکھو تو تمہیں معلوم ہو جائے گا کہ تاریخ کے مطابق بھی اور طبّ کے مطابق بھی وہ لوگ زندہ ہی ہوتے ہیں۔ پس مسیحؑ بھی صلیب سے زندہ ہی اترے تھے۔ اور اگر قرآن مجیدنے ان کی نسبت کہا کہ تم نے ایک جان کو قتل کیا تو اس سے مراد یہ ہے کہ تم نے دعویٰ کیا کہ ہم نے قتل کر دیا ہے جیسے یہود کا قول بیان ہوا ہے اِنَّا قَتَلْنَا الْمَسِیْحَ عِیْسَی ابْنَ مَرْیَمَ رَسُوْلَ اللّٰہِ اور جیسے عیسائی کہتے ہیں کہ وہ ہمارا کفارہ ہونے کے لئے مر گیا۔

اس پر ہم نے کہا کہ اس (واقعہ) کو اس (نفس) کے ساتھ پیش آنے والے بعض اور واقعات سے ملا کر دیکھو (پھر تمہیں حقیقت معلوم ہو جائے گی) اللہ اسی طرح مردوں کو زندہ[1] کرتا ہے اور تم کو اپنے نشان دکھاتا ہے تا کہ تم عقل کرو۔

[1] یعنی ایسی تدبیریں بتاتا ہے جس سے وہ لوگ جو تمہارے خیال میں مُردہ تھے درحقیقت زندہ ثابت ہو جاتے ہیں۔

اس کے بعد پھر تمہارے دل سخت ہو گئے، چنانچہ وہ پتھروں کی طرح بلکہ ان سے بھی زیادہ سخت ہیں اور پتھروں میں سے تو یقیناً بعض ایسے بھی ہوتے ہیں جن میں سے دریا بہتے ہیں اور ان میں سے بعض ایسے بھی ہوتے ہیں کہ پھٹ جاتے ہیں تو ان میں سے پانی نکلنے لگتا ہے اور ان (دلوں[2]) میں سے (بھی) بعض ایسے ہیں کہ اللہ کے ڈر سے (معافی مانگتے ہوئے) گر جاتے ہیں اور جو (کچھ) تم کر رہے ہو اللہ اس سے ہر گز بے خبر نہیں ہے۔

[2] اس آیت کے دونوں طرح معنے کیے جا سکتے ہیں۔ ایک تو اس طرح کہ ھَا کی ضمیر پتھروں کی طرف پھیری جائے، اور معنے یہ کیے جائیں کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرانے والی چیزوں کے سبب سے (جیسے آندھیاں، سیلاب اور زلزلے ہیں) بعض پتھر گر جاتے ہیں۔ اس لحاظ سے خَشْیَۃٌ اِخْشَآءٌ کے معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ دوسرے معنے یوں کیے جا سکتے ہیں کہ ھَا کی ضمیر قلوب کی طرف پھیری جائے اور معنے یوں ہوں کہ دلوں میں سے بعض یقیناً ایسے ہوتے ہیں کہ جو اللہ تعالیٰ کے ڈر سے معافی مانگتے ہوئے گر جاتے ہیں۔ قلوب کا لفظ پہلے آچکا ہے اور اس کی طرف ضمیر عربی قاعدہ کی رُو سے جا سکتی ہے (تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد اول صفحہ ۵۲۶۔ ۵۲۷)۔

(اے مسلمانو)! کیا تم امید رکھتے ہو کہ وہ (یہودی) تمہاری بات مان لیں گے، حالانکہ ان میں سے کچھ لوگ ایسے ہیں جو اللہ کے کلام کو سنتے ہیں، پھر اسے سمجھ لینے کے بعد اس (کے مطلب) کو بگاڑ دیتے ہیں اور وہ (اس عمل کے بدنتائج کو خوب) جانتے ہیں۔

اور جب یہ لوگ مومنوں سے ملتے ہیں تو کہہ دیتے ہیں کہ ہم مومن ہیں اور جب ایک دوسرے سے علیحدگی میں ملتے ہیں تو (ایک دوسرے کو الزام دیتے ہوئے) کہتے ہیں کیا تم انہیں وہ باتیں جو اللہ نے تم پر کھولی ہیں بتاتے ہو اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ وہ ان (معلومات) کے ذریعہ سے اللہ کے سامنے تم پر حجت[1] قائم کریں گے۔ کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے؟

[1] لِیُحَآجُّوْکُمْ بِہٖ میں لام ، لامِ عاقبت ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ پہلی بات کا یہ نتیجہ ہوگا کہ وہ تم پر حجت قائم کریں گے۔

کیا یہ (اس بات کو) نہیں جانتے کہ جو کچھ وہ چھپاتے ہیں اور جو کچھ وہ ظاہر کرتے ہیں اللہ اسے جانتا ہے۔

اور ان میں سے بعض ان پڑھ ہیں جو چند جھوٹی باتوں کے سوا اپنی کتاب کا کچھ بھی علم نہیں رکھتے اور وہ صرف تک بندیاں کرتے رہتے ہیں۔

پس جو لوگ اپنے ہاتھوں سے کتاب لکھتے ہیں (اور) پھر اس کے ذریعہ سے (کچھ) تھوڑی سی قیمت حاصل کرنے کے لئے کہہ دیتے ہیں کہ یہ (کتاب) اللہ کی طرف سے ہے ان کے لئے (ایک سخت) عذاب (مقدر) ہے۔ پھر (ہم کہتے ہیں کہ) ان کے لئے ان کے ہاتھوں کے لکھے کے سبب سے (ایک سخت) عذاب (مقدر) ہے اور اس کے سبب سے (بھی) عذاب (مقدر) ہے جو وہ کماتے ہیں۔

اور وہ کہتے ہیں کہ ہمیں چند گنتی کے دنوں کے سوا (دوزخ کی) آگ ہر گز نہ چھوئے گی۔ تو (ان سے) کہہ کیا تم نے اللہ کی بارگاہ سے کوئی عہد لیا (ہوا) ہے؟ (اگر ایسا ہے) تب تو وہ ہرگز اپنے عہد کے خلاف نہیں کرے گا، یا تم اللہ کے متعلق ایسی بات کہتے ہو، جس کا تمہیں (کوئی) علم نہیں ہے۔

کیوں نہیں، جو لوگ بھی کسی قسم کی بدی کمائیں گے اور ان کا گناہ انہیں (چاروں طرف سے) گھیر لے گا وہ دوزخ (میں پڑنے) والے ہیں۔ وہ اس میں (پڑے) رہیں گے۔

اور جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک عمل کیے ہیں وہ جنت (میں جانے) والے ہیں۔ وہ اس میں (ہمیشہ) بسیں گے۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے بنی اسرائیل سے پختہ عہد لیا تھا کہ تم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو گے اور والدین سے احسان (کا معاملہ) کرو گے اور (اسی طرح) قرابت دار یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ بھی، اور یہ (عہد بھی لیا تھا) کہ لوگوں کے ساتھ ملاطفت کے ساتھ کلام کیا کرو۔ اور نماز کو قائم رکھا کرو اور زکٰوۃ ادا کیا کرو۔ مگر (اس کے بعد) تم میں سے چند ایک کے سوا (باقی) سب[1] (کے سب) اعراض کرتے ہوئے پھر گئے۔

[1] عربی الفاظ میں ضمیر خطاب ہے۔ لیکن چونکہ استثناء میں بھی ’’تم‘‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ اردو میں دوسری دفعہ تم کا لفظ استعمال نہیں ہو سکتا۔ اس لئے ’’سب‘‘ کے لفظ سے ترجمہ کیا گیا ہے۔ تحت اللفظ ترجمہ اس طرح ہے۔ ’’تم میں سے چند ایک کے سوا (باقی) تم (سب) اعراض کرتے ہوئے پھر گئے۔‘‘

·

آج 10 میں سے 10 باقی