۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 8

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے تم سے عہد لیا تھا کہ تم (آپس میں) اپنے خون[2] نہ بہاؤ گے اور اپنے آپ کو (یعنی اپنی قوم کے لوگوں کو) اپنے گھروں سے نہ نکالو گے اور تم نے (اس کا) اقرار کر لیا تھا اور تم (اس عہد کے متعلق ہمیشہ) گواہی دیتے رہے ہو[3]۔

[2] لَا تَسۡفِکُوۡنَ دِمَآءَکُمۡ یعنی بعض یہودی قبیلے دوسرے یہودی قبلیوں کو نقصان نہ پہنچائیں گے۔ عہد کی تفصیل کے لئے دیکھئے خروج باب ۲۰۔ ۲۱

[3] خروج باب ۲۴ آیت ۳۔

پھر تم لوگ ہی ہو کہ (اس عہد کے باوجود) آپس میں ایک دوسرے کو قتل کرتے ہو اور اپنے میں سے ایک جماعت کو گناہ اور ظلم کے ساتھ (ان کے دشمنوں کی) مدد کرتے ہوئے ان کے گھروں سے نکالتے ہو اور اگر وہ تمہارے پاس قیدی ہو کر (مدد مانگنے کے لئے) آئیں تو تم فدیہ دیکر انہیں چھڑا لیتے ہو گو حقیقتا ان کا (گھروں سے) نکالنا (بھی) تم پر حرام کیا گیا تھا۔ تو کیا تم کتاب کے ایک حصہ پر تو ایمان لاتے ہو اور ایک حصہ کا انکار کرتے ہو۔ پس تم میں سے جو ایسا کرتے ہیں ان کی سزا اس (جہان کی) زندگی (ہی) میں رسوائی (اٹھانے) کے سوا اور کیا ہے (جو انہیں ملے گی) اور وہ قیامت کے دن اس سے بھی سخت عذاب کی طرف لوٹائے جائیں گے اور جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے ہر گز بے خبر نہیں۔

اور یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اس (جہان کی) زندگی کو بعد میں آنے والی (زندگی) پر مقدم کر لیا ہے اس لئے نہ تو ان سے عذاب ہی ہلکا کیا جائے گا اور نہ ان کی (کسی اور رنگ میں) مدد کی جائے گی۔

اور ہم نے (یقیناً) موسیٰ کو کتاب دی تھی اور اس کے بعد ہم نے (ان[1]) رسولوں کو (جنہیں تم جانتے ہو اس کے) پیچھے بھیجا[2] اور عیسیٰ ابن مریم کو (بھی) ہم نے کھلے کھلے نشانات دئیے اور روح القدس کے ذریعہ اسے طاقت بخشی (لیکن تم نے سب کا مقابلہ کیا) تو پھر (تم ہی بتاؤ کہ) کیا (یہ بات ناپسندیدہ نہیں کہ) جب بھی تمہارے پاس کوئی رسول اس (تعلیم) کو لے کر آیا جسے تمہارے نفس پسند نہیں کرتے تھے تو تم نے تکبر (کا مظاہرہ) کیا چنانچہ بعض کو تم نے جھٹلا دیا اور بعض کو قتل کر دیا[3]۔

[1] اس جگہ اَلرُّسُل کا لفظ ہے اور اَلْ سے اس چیز کی طرف اشارہ ہے جو مخاطبین کے ذہن میں تھی۔ پس اس آیت کے یہ معنے ہونگے کہ وہ رسول جو تمہارے ذہن میں ہیں اور جن کو تم جانتے ہو۔ اس مفہوم کو واضح کرنے کے لئے خطوط وحدانی میں ’’ان‘‘ کا لفظ بڑھا دیا گیا ہے۔

[2] ’’پیچھے بھیجا‘‘ سے صرف بعد میں آنا مرادنہیں کیونکہ وہ تومِنۡۢ بَعۡدِہٖ کے الفاظ میں بیان ہو چکا ہے۔ پس اس سے مرادنقشِ قدم پر چلنا اور اس کے دین کی خدمت کرنا ہے۔

[3] تَقْتُلُوْنَ حال ماضیہ ہے یعنی حال کا صیغہ فعل ماضی کی شناخت کے اظہار کے لئے لایا گیا ہے مراد یہ ہے کہ یہ ایسا بُرا فعل تھا کہ اب بھی خیال کرتے ہوئے آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے۔

اور (ہمیں معلوم ہے کہ) انہوں نے (یہ بھی) کہا ہے (کہ) ہمارے دل تو پردوں میں ہیں (مگر یہ بات) نہیں، بلکہ اللہ نے ان کے کفر کے سبب سے ان پر لعنت کی ہے پس وہ بہت ہی کم ایمان لاتے ہیں۔

اور جب ان کے پاس اللہ کی طرف سے ایک کتاب آئی جو اس (کتاب کی پیشگوئیوں) کو جو ان کے پاس ہے سچا کرنے والی ہے تو باوجود اس کے کہ پہلے یہ (لوگ اللہ سے) کافروں پر فتح (پانے کی دعا) مانگا کرتے تھے۔ جب[2] ان کے پاس وہ چیز آگئی جس کو انہوں نے پہچان لیا تو اس کا انکار کر دیا۔ پس ایسے کافروں پر اللہ کی لعنت ہے۔

[2] یہاں فَاء کا ترجمہ چھوڑا گیا ہے کیونکہ اردو میں ایسے موقع پر کوئی لفظ استعمال نہیں ہوتا۔

وہ امر بہت ہی برا ہے جس کے بدلہ میں انہوں نے اپنی جانوں کو بیچ رکھا ہے (اور) وہ ان کا اللہ کے اتارے ہوئے کلام سے اس بات پر بگڑ کر انکار کرنا ہے کہ اللہ اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہے (کیوں) اپنا فضل نازل کر دیتا ہے۔ پس یہ لوگ غضب کے بعد غضب کا مورد ہو گئے ہیں۔ اور ایسے (ہی) کافروں کے لئے رسوا کرنے والا عذاب (مقدر) ہے۔

اور جب ان سے کہا جائے کہ جو کچھ اللہ نے اتارا ہے اس پر ایمان لاؤ تو وہ کہتے ہیں کہ ہم (تو) اس پر ایمان لاتے ہیں جو ہم پر اتارا گیا ہے اور (یہ کہتے ہوئے) اس کے بعد آنے والے (کلام) کا وہ انکار کر دیتے ہیں، حالانکہ وہ اس (کلام) کو جو ان کے پاس ہے سچا کرکے کامل طور پر سچا (ثابت ہو چکا) ہے۔ تو (ان سے) کہہ کہ اگر تم (واقعی) مومن ہو تو پھر تم کیوں اس سے پہلے اللہ کے نبیوں کے قتل کے درپے رہے ہو۔

اور موسیٰ تمہارے پاس یقیناً کھلے کھلے نشان لے کر آیا تھا پھر (بھی) تم نے اس کے (پہاڑ پر جانے کے) بعد ظلم کرتے ہوئے (خداتعالیٰ کو چھوڑ کر) بچھڑے کو (معبود) بنا لیا۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے تم سے پختہ عہد لیا تھا اور طور کو تمہارے اوپر[1] بلند کیا تھا (یہ کہتے ہوئے کہ) جو کچھ ہم نے تمہیں دیا ہے اسے مضبوطی سے پکڑو اور اس (یعنی اللہ) کی اطاعت کرو۔ اس پر (تم میں سے جو لوگ اس وقت ہمارے مخاطب تھے) انہوں نے کہا تھا کہ (بہت اچھا) ہم نے سن لیا اور (ہم یہ بھی کہہ دیتے ہیں کہ) ہم نے (اس حکم کے) نہ ماننے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ان کے کفر کے سبب سے ان کے دلوں[2] میں بچھڑا (یعنی اس کی محبت کا جذبہ) گھر کر گیا۔ تو (ان سے) کہہ کہ اگر تم (جیسا کہ دعویٰ کرتے ہو) مومن ہو تو وہ کام جس کا تمہیں تمہارا ایمان حکم دیتا ہے بہت برا ہے۔

[1] وَرَفَعْنَا فَوْقَـکُمُ الطُّوْرَ: یعنی تم کو اس کے دامن میں کھڑا کیا تھا۔

[2] عربی کا محاورہ ہے اُشْرِبَ فُـلَا نٌ حُبَّ فُـلَا نٍ اور معنے یہ ہوتے ہیں خَالَطَہٗ حُبُّہٗ قَلْبَہٗ (اقرب) یعنی فلاں کی محبت اس کے دل میں رچ گئی۔ پس اُشْرِبَ مجہول کے صیغہ میں محبت کے رَچ جانے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ بحر محیط میں لکھا ہے۔ وَ قَالُوْا اَشْرَبْتُ الْبَیَاضَ الْحُمْرَۃَ اَی خَلَطْتُّـھَا بِالْحُمْرَۃِ یعنی عرب بعض دفعہ کہتے ہیں کہ میں نے سفیدی کو سرخی پلائی اور مراد ہوتی ہے کہ سفید رنگ میں سرخ رنگ ملا دیا۔ ایک شاعر کہتا ہے۔
اِذَا مَا الْقَلْبُ اُشْرِبَ حُبَّ شَیْئٍ۔ فَـلَا تَـاْمَـلُ لَـہٗ عَنْـہُ انْـصِرَافـًا
یعنی جب دل میں کسی کی محبت رچ جائے تو پھر اس سے یہ امیدنہ رکھ کہ وہ اپنے معشوق کو چھوڑ دے گا۔ غرض اُشْرِبَ مجہول کے صیغہ میں رچ جانے، سرایت کر جانے اور گھر کر جانے کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے اور اس جگہ وہی معنے مناسب ہیں۔

تو (ان سے) کہہ اگر اللہ کے نزدیک آخرت کا گھر (باقی) لوگوں کو چھوڑ کر صرف تمہارے ہی لئے ہے تو اگر تم (اس دعویٰ میں) سچے ہو تو موت[3] کی خواہش کرو۔

[3] یعنی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مباہلہ کرو۔ جیسا کہ سورۃ آل عمران آیت ۶۲ میں ہے۔

اور (اے مسلمانو! یاد رکھو کہ) جو کچھ ان کے ہاتھ آگے بھیج چکے ہیں اس کے سبب سے وہ کبھی بھی اس (قسم کی موت) کی تمنا نہیں کریں گے اور اللہ ظالموں کو خوب جانتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی