۳۔ سورۃ آل عمران

تفسیر صغیر, حصہ 9

سب سے پہلا[3] گھر جو تمام لوگوں کے (فائدہ کے) لئے بنایا گیا تھا وہ ہے جو مکہ[4] میں ہے وہ تمام جہانوں کے لئے برکت والا (مقام) اور (موجب) ہدایت ہے۔

[3] اس آیت میں دعویٰ ہے کہ تمام جہانوں کو خطاب کرنے والا مذہب سب سے پہلے اسلام تھا جو مکہ سے ظاہر ہوا اور مسیحیت کا دعویٰ کہ وہ سب مخلوق کے لئے ہے مردود ہے۔

[4] آیت میں بَکَّۃ ہے جو عربی محاورہ میں مکہ ہی ہے کیونکہ عربی میں بعض جگہ میم کی بجائے باء استعمال کر لیتے ہیں۔ جیسے لَازم کی جگہ پر لَازِب (فتح البیان) اقرب الموارد میں ہے بَکَّۃ مکہ کی وادی کا نام ہے اور اس کا یہ نام وہاں لوگوں کے کثرت ازدحام کی وجہ سے پڑ گیا ہے کیونکہ عربی میں ازدحام کرنے کو بَکَّ کہتے ہیں۔

اس میں کئی روشن نشانات ہیں (وہ) ابراہیم کی قیام گاہ ہے اور جو اس میں داخل ہو وہ امن میں آجاتا ہے۔ اور اللہ نے لوگوں پر فرض کیا ہے کہ وہ اس گھر کا حج کریں (یعنی) جو (بھی) اس تک جانے کی توفیق پائے اور جو انکار کرے تو (وہ یاد رکھے کہ) اللہ تمام جہانوں سے بے پروا ہے۔

تو کہہ (کہ) اے اہل کتاب! تم اللہ کی آیات کا کیوں انکار کرتے ہو، حالانکہ اللہ تمہارے اعمال پر نگران ہے۔

(نیز تو) کہہ (کہ) اے اہل کتاب! جو ایمان لاتا ہے اسے تم اللہ کے راستہ سے کیوں روکتے ہو۔ تم اس (راستہ) کو کجی اختیار کرتے ہوئے چاہتے ہو حالانکہ تم (اس پر) گواہ ہو اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس سے ہرگز غافل نہیں۔

اے مومنو! اگر تم ان لوگوں میں سے جنہیں کتاب دی گئی تھی کسی فریق کی اطاعت کرو گے تو وہ تمہارے ایمان لے آنے کے بعد پھر تمہیں کافر بنا دیں گے۔

اور تم کسی طرح کفر کرو گے جبکہ تم وہ لوگ ہو جنہیں اللہ کی آیات پڑھ کر سنائی جاتی ہیں اور تم میں اس کا رسول (موجود) ہے۔ اور جو شخص اللہ کی پناہ لے تو (سمجھو کہ) اسے سیدھی راہ پر چلا دیا گیا۔

اے ایماندارو! اللہ کا تقویٰ اس کی تمام شرائط کے ساتھ اختیار کرو اور تم پر صرف ایسی حالت میں موت آئے کہ تم پورے فرمانبردار ہو۔

اور تم سب (کے سب) اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لو اور پراگندہ مت ہو اور اللہ کا احسان جو (اس نے) تم پر (کیا) ہے یاد کرو کہ جب تم (ایک دوسرے کے) دشمن تھے اس نے تمہارے دلوں میں الفت پیدا کر دی جس کے نتیجہ میں تم اس کے احسان سے بھائی بھائی بن گئے اور تم آگ کے ایک گڑھے کے کنارہ پر تھے مگر اس نے تمہیں اس سے بچالیا۔ اسی طرح اللہ تمہارے لئے اپنی آیات کو بیان کرتا ہے تا کہ تم ہدایت پاؤ۔

اور تم میں سے ایک ایسی جماعت ہونی چاہیے جس کا کام صرف یہ ہو کہ وہ (لوگوں کو) نیکی کی طرف بلائے اور نیک باتوں کی تعلیم دے اور بدی سے روکے اور یہی لوگ کامیاب ہونے والے ہیں۔

اور تم ان لوگوں کی طرح نہ بنو جو کھلے کھلے نشانات آچکنے کے بعد پراگندہ ہو گئے اور انہوں نے (باہم) اختلاف پیدا کر لیا اور انہی لوگوں کے لئے (اس دن) بڑا عذاب (مقدر) ہے۔

جس دن کہ بعض چہرے سفید ہوں گے اور بعض چہرے کالے ہوں گے۔ اور جن لوگوں کے چہرے کالے ہو جائیں گے (ان سے کہا جائے گا کہ) کیا (یہ سچ نہیں کہ) تم اپنے ایمان لانے کے بعد کافر ہو گئے تھے۔ اس لئے اپنے کافر ہونے کی وجہ سے اس عذاب کو چکھو۔

اور جن لوگوں کے چہرے سفید ہو جائیں گے وہ اللہ کی رحمت میں ہوں گے وہ اس میں رہتے چلے جائیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی