۳۔ سورۃ آل عمران

تفسیر صغیر, حصہ 15

(یہ وہ لوگ ہیں) جنہوں نے اپنے بھائیوں کے متعلق ایسی حالت میں کہ وہ خود (پیچھے) بیٹھ رہے تھے کہا تھا کہ اگر وہ ہماری بات مانتے تو مارے نہ جاتے تو (ان سے) کہہ دے کہ اگر تم سچے ہو تو (اب) اپنے آپ سے (ہی) موت کو ہٹا (کر دکھا) دو۔

جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے گئے ہیں تم انہیں ہرگز مردہ نہ سمجھو۔ وہ تو اپنے رب کے حضور زندہ ہیں (اور) انہیں رزق دیا جاتا ہے۔

وہ اس پر جو اللہ نے انہیں اپنے فضل سے دیا ہے خوش ہیں اور ان لوگوں کے متعلق (بھی) جو ابھی ان کے پیچھے سے (آکر) ان سے ملے نہیں خوش ہیں (کیونکہ) انہیں (اور ان کے ہم مذہبوں کو) کوئی خوف نہیں ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔

(ہاں) وہ اس بڑی نعمت پر جو اللہ کی طرف سے (انہیں عطا) ہوئی ہے اور (اس کے) فضل پر اور اس بات پر کہ اللہ مومنوں کا اجر ضائع نہیں کرتا خوش ہو رہے ہیں۔

جن لوگوں نے اللہ اور رسول کا حکم اپنے زخمی ہونے کے بعد (بھی) قبول کیا ان میں سے ان کے لئے جنہوں نے اچھی طرح اپنا فرض ادا کیا ہے اور تقویٰ اختیار کیا ہے بڑا اجر ہے۔

(یہ) وہ (لوگ ہیں) جنہیں دشمنوں[1] نے کہا تھا کہ لوگوں نے تمہارے خلاف (لشکر) جمع کیا ہے اس لئے تم ان سے ڈرو تو اس (بات) نے ان کے ایمان کو اور بھی بڑھا دیا اور انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اللہ کی ذات کافی ہے اور وہ کیا ہی اچھا کارساز ہے۔

[1] عربی میں اَلنَّاس کا لفظ ہے جس کے معنے آدمیوں کے ہیں۔ مگر مراد وہ آدمی ہیں جو مسلمانوں کے دشمن تھے۔ اس لئے ترجمہ میں دشمنوں کا لفظ رکھا گیا ہے۔

سو وہ اللہ کی طرف سے بغیر کسی نقصان کے بڑی نعمت اور بڑا فضل لے کر لوٹے اور وہ اللہ کی رضا کے پیچھے چل پڑے اور اللہ بڑا فضل کرنے والا ہے۔

یہ (ڈرانے والا) صرف (ایک) شیطان ہے وہ اپنے دوستوں کو ڈراتا ہے اگر تم مومن ہو تو ان (شیطانوں) سے نہ ڈرو اور مجھ سے ڈرو۔

اور جو لوگ کفر میں جلدی (جلدی) آگے بڑھ رہے ہیں وہ تجھے غمگین نہ کریں! وہ اللہ کو ہرگز کوئی ضرر نہیں پہنچا سکتے۔ اللہ چاہتا ہے کہ آخرت میں ان کے لئے کوئی حصہ نہ رکھے اور ان کے لئے بڑا عذاب (مقدر) ہے۔

جن لوگوں نے ایمان کو چھوڑ کر کفر اختیار کر لیا ہے وہ اللہ کو ہرگز کوئی ضرر نہیں پہنچا سکتے اور انہیں دردناک عذاب ہوگا۔

اور جو لوگ کافر ہیں وہ ہرگز یہ نہ سمجھ لیں کہ ہمارا انہیں ڈھیل دینا ان کی ذات کے لئے بہتر ہے ہم جو انہیں ڈھیل دیتے ہیں (تو) اس کا نتیجہ صرف (ان کا) گناہوں میں بڑھ جانا ہوگا اور ان کے لئے رسوا کرنے والا عذاب (مقدر) ہے۔

(یہ) ممکن (ہی) نہ تھا کہ جس حالت پر تم (لوگ) ہو اللہ اس پر جب تک کہ وہ (اللہ) ناپاک کو پاک سے علیحدہ نہ کر دیتا (تم جیسے) مومنوں کو چھوڑ دیتا۔ اور اللہ تمہیں غیب پر ہرگز آگاہ نہیں کرسکتا تھا۔ ہاں! اللہ اپنے رسولوں میں سے جسے چاہتا ہے چن لیتا ہے۔ سو تم اللہ (پر) اور اس کے رسولوں پر ایمان لاؤ۔ اور اگرتم ایمان لاؤ گے اور تقویٰ اختیار کرو گے تو تمہیں بڑا اجر ملے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی