۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 3
یہ (اعراض) اس وجہ سے ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ سوائے چند گنتی کے دنوں کے ہمیں آگ ہرگز نہیں چھوئے گی اور جو کچھ وہ افترا باندھتے ہیں اس نے انہیں ان کے دین (کے معاملہ) میں دھوکہ دیا (ہوا) ہے۔
جب ہم اس دن کہ جس (کی آمد) میں کوئی شک (وشبہ) نہیں انہیں جمع کریں گے تو ان کا کیا حال ہوگا اور ہر شخص نے جو کچھ کمایا ہوگا (اس دن) وہ اسے پورا پورا دے دیا جائے گا اور ان پر (کچھ بھی) ظلم نہیں کیا جائے گا۔
تو کہہ اے اللہ جو سلطنت کا مالک ہے تو جسے چاہتا ہے سلطنت دیتا ہے اور جس سے چاہتا ہے سلطنت لے لیتا ہے۔ جسے چاہتا ہے غلبہ بخشتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلیل کر دیتا ہے۔ سب بھلائی تیرے ہی ہاتھ میں ہے اور تو یقیناً ہر ایک چیز پر قادر ہے۔
تو رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے اور بے جان سے جان دار نکالتا ہے اور جان دار سے بے جان نکالتا ہے اور جسے چاہتا ہے بے حساب دیتا ہے۔
مومن مومنوں کو چھوڑ کر کافروں کو دوست نہ بنائیں۔ صرف ان سے پوری طرح بچ کر رہنا تمہارے لئے جائز ہے اور (تم میں سے) جو شخص ایسا کرے اس کا اللہ سے کسی بات میں بھی (کوئی تعلق) نہ ہوگا اور اللہ تمہیں اپنے عذاب سے ڈراتا ہے اور اللہ ہی کی طرف (تمہیں) لوٹنا ہوگا۔
تو (ان سے) کہہ دے (کہ) جو (کچھ) تمہارے سنیوں میں ہے اسے خواہ چھپاؤ یا اسے ظاہر کرو (بہرحال) اللہ اسے جان[1] لے گا۔ اور جو کچھ (بھی) آسمانوں میں ہے وہ اسے اور جو کچھ زمین میں ہے اسے (بھی) جانتا ہے۔ اور اللہ ہر ایک چیز پر بڑا قادر ہے۔
[1] علم کلام میں اللہ تعالیٰ کے علم کو دو طرح کا ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک علم ازلی ہے جو کبھی نہیں بدلتا۔ اور ایک علم وقوعہ کا ہے یعنی جب کوئی بات واقع ہو جاتی ہے تو اسے یہ علم بھی ہو جاتا ہے کہ یہ بات ہو گئی ہے۔ اسی کی طرف اس آیت میں اشارہ ہے اور اس کا یہ مفہوم نہیں کہ پہلے اللہ تعالیٰ کو علم نہیں تھا لیکن بعد میں ان باتوں کا علم ہو گیا۔
(اس دن سے ڈرو) جس دن ہر شخص ہر نیکی کو جو اس نے کی ہوگی (اپنے) سامنے موجود پائے گا اور جو بدی اس نے کی ہوگی اسے بھی۔ وہ خواہش کرے گا کہ کاش اس (بدی) کے اور اس کے درمیان لمبا فاصلہ ہوتا۔ اور اللہ تمہیں اپنے عذاب سے ڈراتا ہے اور اللہ بندوں پر شفقت کرنے والا ہے۔
تو کہہ کہ (اے لوگو) اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری اتباع کرو (اس صورت میں) وہ (بھی) تم سے محبت کرے گا اور تمہارے قصور تمہیں بخش دے گا اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
تو کہہ (کہ) تم اللہ اور اس رسول کی اطاعت کرو (اس پر) اگر وہ منہ پھیر لیں تو (یاد رکھو کہ) اللہ کافروں سے ہر گز محبت نہیں کرتا۔
اللہ نے آدم اور نوح (کو) اور ابراہیم کے خاندان اور عمران کے خاندان کو یقیناً سب جہانوں[2] پر فضیلت دی تھی۔
[2] سب جہانوں سے یہ مرادنہیں کہ اگلے پچھلے سب لوگوں پر۔ بلکہ وہ لوگ مراد ہیں جو ان کے زمانہ کے تھے اور ان سے تعلق رکھتے تھے ورنہ آدم ؑ کو سب جہانوں پر فضیلت ہو تو نوح ؑ کو نہیں رہتی اور اگر نوح کو فضیلت ہو تو ابراہیمؑ کو نہیں رہتی اور اگر ابراہیمؑ کو ہو تو آل عمران کو نہیں رہتی۔
(اس نے) ایک ایسی نسل کو (فضیلت دی) جو ایک دوسرے سے پوری مطابقت رکھنے[1] والی تھی اور اللہ بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
[1] اس جگہ ’’ذُرِّیَّۃٌ‘‘ سے یہ مرادنہیں کہ وہ جسمانی لحاظ سے ان کی نسل میں سے تھی بلکہ مراد یہ ہے کہ روحانی طور پر وہ ایک دوسرے سے مطابقت رکھتی تھی۔
(یاد رکھو) جب (آل) عمران کی عورت [2]نے کہا کہ اے میرے رب! جو کچھ میرے پیٹ میں ہے (اسے) آزاد کرکے میں نے تیری نذر کر دیا ہے۔ پس تو (اسے) میری طرف سے جس طرح ہو قبول[3] فرما۔ یقیناً تو ہی بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
[2] ایک عورت کی جگہ صرف عورت اس لئے کہا گیا ہے کہ گویا اس قبیلہ کی عورت یعنی کامل عورت وہی تھی۔
[3] اس آیت میں لفظ تَقَبَّلْ سے بھی ظاہر ہے کہ مسیح کامل وجودنہ تھا۔ ان کی نانی نے مسیح کی ماں کے متعلق کہا کہ جس طرح ہو چشم پوشی کرکے اسے قبول کرے۔ چونکہ اصل مطلوب ابن مریم تھے اس لئے اس کا یہ فقرہ درحقیقت مسیح علیہ السلام کی نسبت ہے۔ افسوس مسلمانوں پر جو اس نکتہ کو نہیں سمجھے اور مسیح کو بہت سی باتوں میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ترجیح دے دیتے ہیں۔