۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 4
پھر جب وہ اسے جن کر فارغ ہوئی اس نے کہا کہ اے میرے رب! میں نے تو اسے لڑکی کی شکل میں جنا ہے اور جو کچھ اس نے جنا تھا اسے اللہ (سب سے) زیادہ جانتا تھا اور (اس کا ذہنی) لڑکا[4] (اس) لڑکی کی طرح نہیں (ہوسکتا) اور (کہا کہ) میں نے اس کا نام مریم رکھا ہے اور میں اسے اور اس کی اولاد کو مردود شیطان (کے حملہ) سے تیری پناہ میں دیتی ہوں[5]۔
[4] اس آیت میں اَلذَّکَرُ کے الفاظ ہیں اور اَلْ کبھی معہود ذہنی کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے (اقرب) پس ترجمہ بالکل صحیح اور لفظ بلفظ درست ہے۔
[5] اس دعا سے ظاہر ہے کہ کسی رؤیا کے ذریعہ سے اُمِّ مریم کو بتایا گیا تھا کہ اس پر اور اس کی اولاد پر شیطان حملہ کرے گا۔ فَتَدَبَّرُوْا۔
تب اس کے رب نے اسے بہت اچھی طرح قبول کیا اور اسے عمدہ طور پر بڑھایا اور زکریا اس کا مربی بنا۔ جب کبھی بھی زکریا گھر کے بہترین[6] حصہ میں اس کے پاس جاتا (تو) اس کے پاس کوئی (نہ کوئی) کھانا پاتا۔ (چنانچہ ایک روز ایسا دیکھ کر) اس نے کہا کہ اے مریم! یہ تیرے لئے کہاں سے آیا ہے؟ اس نے کہا کہ اللہ کی جناب سے۔ اللہ جسے چاہتا ہے یقیناً بے حساب دیتا ہے۔
[6] ’’بہترین حصہ‘‘ یہ ترجمہ محراب کا ہے جو لغت کے مطابق ہے (دیکھو اقرب الموارد) معنوں کے لحاظ سے یہ مطلب ہے کہ مریم کو اس کے وقف ہونے کے سبب سے اور زکریاؑ کی محبت کی وجہ سے گھر کے بہترین حصہ میں رکھا گیا تھا۔
تب زکریا نے اپنے رب کو پکارا (اور) کہا کہ اے میرے رب! تو مجھے (بھی) اپنی جناب سے پاک اولاد بخش۔ تو یقیناً دعاؤں کو بہت قبول کرنے والا ہے۔
اس پر فرشتوں نے اسے جبکہ وہ گھر کے بہترین[1] حصہ میں نماز پڑھ رہا تھا آواز دی کہ اللہ تجھے یحیٰ کی بشارت دیتا ہے جو اللہ کی ایک بات کو پورا کرنے والا ہوگا اور (نیز) سردار اور (گناہوں سے) روکنے والا اور نیکوں میں سے (ترقی کرکے) نبی ہوگا۔
[1] محراب کا ترجمہ ہے اور مراد یہ ہے کہ گھر کا پاک و صاف حصہ۔
اس نے کہا کہ اے میرے رب مجھے (میری زندگی میں) (عمر پانے والا) لڑکا کس طرح ملے گا، حالانکہ مجھ پر بڑھاپا آگیا ہے اور میری بیوی بانجھ [2]ہے۔ فرمایا اللہ ایسا ہی (قادر) ہے۔ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔
[2] یعنی بانجھ ہونا لڑکا ہونے کے خلاف ہے، اور بوڑھا ہونا اپنی زندگی میں جوان لڑکا دیکھنے کے خلاف ہے۔
(پھر) اس نے کہا اے میرے رب! میرے لئے کوئی حکم دے۔ فرمایا کہ تجھے یہ حکم ہے کہ تو لوگوں سے تین دن تک اشارہ کے سوا بات نہ کرے اور اپنے رب کو بہت یاد کرے اور شام اور صبح اس کی تسبیح کرے۔
اور (اس وقت کو یاد کرو) جب ملائکہ نے کہا کہ اے مریم! اللہ نے یقیناً تجھے برگزیدہ کیا ہے اور پاک کیا ہے اور سب جہانوں کی عورتوں کے مقابلہ میں تجھے چن لیا ہے۔
اے مریم! تو اپنے رب کی فرماں بردار بن اور سجدہ کر اور صرف موحّدانہ [1]پرستش کرنے والوں کے ساتھ مل کر موحدانہ پرستش کر۔
[1] عربی میں رَکَعَ کے معنے توحید کے مطابق عبادت کرنے کے ہیں۔ اس لئے یہ ترجمہ کیا گیا ہے کہ مواحدانہ پرستش کر۔
یہ غیب [2]کی خبروں میں سے (ایک خبر) ہے جسے ہم تجھ پر وحی (کے ذریعہ سے ظاہر) کرتے ہیں۔ اور جب وہ اپنے تیروں کو (اس لئے) پھینکتے تھے کہ ان میں سے کون مریم کی خبر گیری کرے تو تو ان کے پاس نہ تھا اور نہ (ہی) تو (اس وقت) ان کے پاس تھا جب وہ جھگڑ رہے تھے۔
[2] یعنی یہ باتیں بائبل کی خرافات کے خلاف ہیں اور عالم الغیب خدا نے تجھ پر ظاہر کی ہیں۔
(پھر اس وقت کو یاد کر) جب فرشتوں نے کہا تھا کہ اے مریم! اللہ تجھے اپنے کلام کے ذریعہ سے (ایک لڑکے کی) بشارت دیتا ہے اس (مُبَشَّر) کا نام مسیح عیسیٰ ابن مریم ہوگا جو (اس) دنیا اور آخرت میں صاحب منزلت ہوگا اور (خدا کے) مقربوں میں سے ہوگا۔
اور پنگھوڑے (یعنی چھوٹی عمر) میں بھی لوگوں سے باتیں کرے گا اور ادھیڑ عمر ہونے کی حالت میں (بھی) نیک لوگوں میں سے ہوگا۔
اس نے کہا (کہ) اے میرے رب! میرے ہاں بچہ کس طرح ہوگا۔ حالانکہ کسی بشر نے (بھی) مجھے نہیں چھوا۔ فرمایا اللہ (کا کام) ایسا ہی (ہوتا) ہے۔ وہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے (اور) جب وہ کسی بات کا فیصلہ کر لیتا ہے تو اس کے متعلق صرف یہ فرماتا ہے کہ تو وجود میں آجا۔ سو وہ وجود میں آجاتی ہے۔