۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور (یہ بھی بشارت دی کہ اللہ) اسے کتاب اور حکمت (کی باتیں) سکھائے گا اور تورات اور انجیل (سکھائے گا۔)
اور بنی اسرائیل کی طرف رسول (بنا کر اسے اس پیغام کے ساتھ بھیجے گا) کہ میں تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک نشان لے کر آیا ہوں (اور وہ یہ ہے) کہ میں تمہارے (فائدہ کے) بعض طینی خصلت رکھنے والوں سے پرندہ ( کے پیدا کرنے)کی طرح (مخلوق) پیدا کروں[1] گا۔ پھر میں ان میں ایک نئی روح پھونکوں گا۔ جس پر وہ اللہ کے حکم کے ماتحت اڑنے والے ہو جائیں گے اور میں اللہ کے حکم کے ماتحت اندھے کو اور مبروص کو اچھا کروں[2] گا اور مردوں کو زندہ کروں گا اور جو کچھ تم کھاؤ گے اور جو کچھ تم اپنے گھروں میں جمع [3]کرو گے اس کی تمہیں خبر دوں گا (اور) اگر تم مومن ہو تو اس میں تمہارے لئے ایک نشان ہوگا۔
[1] یعنی جس طرح پرندہ انڈے سی کر بچے نکالتا ہے میں بھی اسی طرح انسانوں میں سے روحانی قابلیت کے لوگوں کو اپنی تربیت میں لے کر ایک دن اس قابل بنا دیتا ہوں کہ وہ خداتعالیٰ کی طرف روحانی پرواز کرنے والے بن جاتے ہیں۔ یہ مرادنہیں کہ میں خدا بن جاؤں گا اور نہ یہ مراد ہے کہ زندہ پرندے پیدا کروں گا۔
[2] یہود کو حکم تھا کہ اندھوں اور مبروص کو ناپاک سمجھیں (احبار باب۱۳ و باب۲۱) مسیحؑ سے اللہ تعالیٰ نے اس ظلم کا ازالہ کروایا۔ اسی کو اس جگہ بیان کیا گیا ہے۔ لوگوں نے غلطی سے یہ سمجھ لیا کہ مادر زاد اندھوں اور مبروص کو وہ اچھا کرتے تھے۔ حالانکہ مادر زاد کے الفاظ قرآن میں نہیں۔ اور موتیا بند کے مریضوں اور مبروصوں کو عام طور پر ڈاکٹر اور حکیم اچھا کرتے رہتے ہیں مگر بدقسمتی سے مسیحؑ کے متعلق جو آیتیں آتی ہیں مسلمان ان کے وہ معنے کرتے ہیں جن سے مسیحؑ کی خدائی ثابت ہو۔
[3] یعنی تم کو ان نیک کاموں کی خبر دوں گا جن کے کرنے سے انسان اللہ تعالیٰ کا مقرب ہو جاتا ہے۔
اور (میں اس وحی کو) جو مجھ سے پہلے (آچکی) ہے یعنی تورات اس کو پورا کرنے والا (بن کر آیا) ہوں۔ اور اس لئے (آیا ہوں) کہ بعض ایسی چیزیں جو تمہارے لئے حرام قرار دے[4] دی گئی تھیں، تمہارے لئے حلال کردوں اور میں تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک نشان لیکر آیا ہوں اس لئے تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔
[4] یعنی تمہاری شرارتوں کی وجہ سے جو وحی الٰہی کے سلسلہ کو بند کر دیا گیا تھا اب میرے ذریعہ سے دوبارہ اس کو کھولا جائے گا۔
اللہ یقیناً میرا (بھی) رب (ہے) اور تمہارا (بھی) رب ہے۔ سو تم اس کی عبادت کرو۔ یہ سیدھا راستہ ہے۔
پھر جب عیسیٰ نے ان کی طرف سے انکار دیکھا تو کہا کہ اللہ کے لئے کون (لوگ) میرے مددگار بنتے ہیں۔ حواریوں نے کہا کہ ہم اللہ کے (دین کے) مددگار ہیں۔ ہم اللہ پر ایمان رکھتے ہیں اور تو گواہ رہ کہ ہم فرماں بردار ہیں۔
اے ہمارے رب! جو کچھ تو نے اتارا ہے اس پر ہم ایمان لے آئے ہیں اور ہم اس رسول کے متبع ہو گئے ہیں۔ اس لئے تو ہمیں گواہوں میں لکھ لے۔
اور انہوں نے (یعنی مسیح کے دشمنوں نے) بھی تدبیریں کیں اور اللہ نے بھی تدبیریں کیں اور اللہ سب تدبیر کرنے والوں سے بہتر تدبیر کرنے والا ہے۔
(اس وقت کو یاد کرو) جب اللہ نے کہا۔ اے عیسیٰ! میں تجھے (طبعی طور پر) وفات دوں گا اور تجھے اپنے حضور عزت[1] بخشوں گا اور کافروں (کے الزامات) سے تجھے پاک کروں گا اور جو تیرے پیرو ہیں انہیں ان لوگوں پر جو منکر ہیں قیامت کے دن تک غالب رکھوں گا۔ پھر میری ہی طرف تمہیں لوٹنا ہوگا۔ تب میں ان باتوں میں جن میں تم اختلاف کرتے ہو تمہارے درمیان فیصلہ کروں گا۔
[1] رَفَعَ کے معنے عربی میں عزت بخشنے کے بھی ہوتے ہیں۔ (مفردات)
پس جو لوگ کافر ہیں انہیں میں اس دنیا (میں بھی) اور آخرت میں (بھی) سخت عذاب دوں گا اور ان کا کوئی بھی [2]مددگار نہ ہوگا۔
[2] ’’کوئی بھی‘‘ کے الفاظ مِنْ اور نَاصِرِیْنَ کی نکارت کی وجہ سے ترجمہ میں شامل کیے گئے ہیں۔
اور جو لوگ مومن ہیں اور انہوں نے نیک (اور مناسب حال) عمل کیے ہیں وہ انہیں ان (کے اعمال) کا اجر پورا (پورا) دے گا۔ اور اللہ ظالموں سے محبت نہیں کرتا۔
اس کو یعنی آیات اور حکمت والی تعلیم کو ہم تجھے پڑھ کر سناتے ہیں۔
(یاد رکھو) عیسیٰ کا حال اللہ کے نزدیک یقیناً آدم کے حال کی طرح ہے اسے (یعنی آدم کو) اس نے خشک[1] مٹی [2]سے پیدا کیا۔ پھر اس کے متعلق کہا کہ تو وجود میں آجا تو وہ وجود میں آنے لگا۔
[1] معلوم ہوا کہ باقی وجودوں کی طرح قرآن کریم کے رو سے عیسٰیؑ بھی مٹی سے پیدا ہوئے تھے اور ان کو کوئی غیر معمولی اہمیت حاصل نہ تھی۔ کیونکہ جتنے لوگ ماں باپ سے پیدا ہوتے ہیں قرآن کریم کے محاورہ میں وہ بھی مٹی سے پیدا ہوتے ہیں۔
[2] شیطان کے ذکر میں اور کئی دوسری آیات میں آدم کی پیدائش طِیْن سے بتائی گئی ہے یعنی ایسی مٹی جس میں الہام کا پانی ملا ہوا تھا۔ لیکن ان آیات میں آدمؑ اور عیسٰیؑ دونوں کی پیدائش تُرَاب سے بتائی گئی ہے یعنی ایسی مٹی جس میں الہام کی آمیزش نہ تھی۔ ان دونوں بیانات میں کوئی اختلاف نہیں کیونکہ آدم سے مراد یہاں آدم نہیں اور عیسیٰ سے مراد صرف عیسیٰ نہیں بلکہ آدم اور ابنائے آدم اور عیسیٰ اور اَتباعِ عیسیٰ مراد ہیں اور ان لوگوں میں سے ایک جماعت الہام کو نظر انداز کرنے والی تھی۔ پس بحیثیت جماعت دونوں کی پیدائش تُرَاب سے قرار دی گئی۔