۳۔ سورۃ آل عمران

تفسیر صغیر, حصہ 6

یہ تیرے رب کی طرف سے حق ہے اس لئے تو شک کرنے والوں میں سے نہ بن۔

اب جو (شخص) تیرے پاس علم (الٰہی) کے آچکنے کے بعد تجھ سے اس کے متعلق بحث کرے تو تو (اسے) کہہ دے (کہ) آؤ ہم اپنے بیٹوں کو بلائیں اور تم اپنے بیٹوں کو، اور ہم اپنی عورتوں کو اور تم اپنی عورتوں کو، اور ہم اپنے نفوس کو اور تم اپنے نفوس کو، پھر گڑ گڑا کر دعا کریں اور جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ڈالیں۔

یقیناً یہی سچا بیان[3] ہے۔ اور اللہ کے سوا کوئی (بھی) پرستش کا مستحق نہیں اور یقیناً اللہ ہی غالب (اور) حکمت والا ہے۔

[3] عربی میں ایک اِنَّ کا حرف ہے اور ایک لام ہے۔ دونوں تاکید کے لئے ہیں۔ ہم نے ایک حرف کا ترجمہ یقیناً کر دیا ہے اور دوسرے کا ’’یہی۔‘‘ اس سے ترجمہ لفظی ہو جاتا ہے۔

پھر اگر وہ پھر جائیں تو (یاد رکھیں کہ) اللہ مفسدوں کو یقیناً خوب[1] جانتا ہے۔

[1] ’’خوب جانتا ہے‘‘ عَلِیْمٌ کا ترجمہ ہے جو مبالغہ کا صیغہ ہے۔

تو کہہ (کہ) اے اہل کتاب (کم سے کم[2]) ایک ایسی بات کی طرف تو آجاؤ جو ہمارے درمیان اور تمہارے درمیان برابر ہے (اور وہ یہ ہے) کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں اور کسی چیز کو اس کا شریک نہ ٹھہرائیں اور نہ ہم اللہ کو چھوڑ کر آپس میں ایک دوسرے کو رب بنایا کریں۔ پھر اگر وہ پھر جائیں تو ان سے کہہ دو کہ تم گواہ رہو کہ ہم (خدا کے) فرمانبردار ہیں۔

[2] ’’کم سے کم‘‘ کسی لفظ کا ترجمہ نہیں بلکہ عبارت کا مفہوم ہے۔

اے اہل کتاب! تم ابراہیم کے بارے میں بحث کیوں کرتے ہو حالانکہ تورات اور انجیل یقیناً اس کے بعد اتاری گئی ہیں۔ پھر کیا تم سمجھتے نہیں۔

سنو! تم وہ لوگ ہو جو ان امور کے بارہ میں بحث کرتے رہے ہو جن کا تمہیں علم تھا پھر (اب) تم کیوں ان امور کے متعلق بحث کرنے لگے ہو جن کا تمہیں کچھ (بھی) علم نہیں۔ حالانکہ اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔

نہ (تو) ابراہیم یہودی تھا اور نہ نصرانی بلکہ وہ (خدا کی طرف) جھکا [3]رہنے والا (اور) فرمانبردار تھا اور مشرکوں میں سے نہ تھا۔

[3] یعنی مُوَحّد جو حَنِیْف کا ترجمہ ہے۔

ابراہیم کے ساتھ لوگوں میں سے زیادہ تعلق رکھنے والے یقیناً (یقیناً) وہ لوگ ہیں جو اس کے پیرو ہیں اور (نیز) یہ نبی اور جو لوگ (اس پر) ایمان لائے۔ اور اللہ مومنوں کا دوست ہے۔

اہل کتاب میں سے ایک گروہ آرزو رکھتا ہے کہ کاش وہ تمہیں گمراہ کر دے۔ اور وہ اپنے آپ کو ہی گمراہی میں ڈال رہے ہیں اور سمجھتے نہیں۔

اے اہل کتاب! تم دیکھتے ہوئے کیوں اللہ کی آیات کا انکار کرتے ہو، حالانکہ تم گواہی دے چکے ہو۔

اے اہل کتاب! کیوں تم جانتے بوجھتے ہوئے حق کو باطل کے ساتھ ملاتے اور حق کو چھپاتے ہو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی