۳۔ سورۃ آل عمران

تفسیر صغیر, حصہ 7

اور اہل کتاب میں سے ایک گروہ کہتا [1]ہے کہ مومنوں پر جو کچھ نازل کیا گیا ہے اس پر دن کے ابتدائی حصہ میں تو ایمان لے آؤ اور اس کے پچھلے حصہ میں (اس سے) انکار کردو۔ شاید (اس ذریعہ سے) وہ پھر جائیں۔

[1] حال کا صیغہ ماضی کی جگہ اردو محاورہ کی وجہ سے استعمال کیا ہے۔

اور (کہتے ہیں کہ) اس شخص کے سوا جو تمہارے دین کی پیروی کرتا ہو کسی کی نہ مانو۔ تو کہدے (کہ) اصل ہدایت یعنی اللہ کی ہدایت تو یہ ہے کہ کسی کو ویسا ہی (کچھ) ملے جیسا کہ تم کو ملا تھا یا پھر وہ تمہارے رب کے حضور تمہارے ساتھ جھگڑیں[2] (نیز) کہدے کہ فضل تو یقیناً اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ وہ جسے چاہتا ہے فضل بخشتا ہے اور اللہ بہت وسعت دینے والا اور بہت جاننے والا ہے۔

[2] یعنی اگر یہ ہماری غلطی ہے تو پھر چاہیے کہ کوئی آسمانی دلیل پیش کرکے اسے دور کریں۔

وہ جسے چاہتا ہے (اسے) اپنی رحمت کے لئے خاص کر لیتا ہے اور اللہ بڑا فضل کرنے والا ہے۔

اور اہل کتاب میں سے (کوئی تو) ایسا ہے کہ اگر تو اسے (مال کا) ایک ڈھیر[3] امانت کے طور پر دے دے تو وہ اسے تجھے واپس کر دے گا اور (کوئی) ان میں سے (ایسا) ہے کہ اگر تو اسے ایک دینار امانت کے طور پر دے تو وہ وہ (بھی) تجھے واپس نہ دے گا۔ سوائے اس کے کہ تو اس (کے سر) پر کھڑا رہے۔ یہ (بات) اس سبب سے ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ ہم پر امیوں کے بارہ میں کوئی گرفت نہیں اور وہ اللہ پر جانتے (بوجھتے) ہوئے جھوٹ باندھتے ہیں۔

[3] ڈھیر قِنْطَار کا ترجمہ ہے مگر اردو میں ڈھیر نہیں کہتے۔ بلکہ کسی چیز کا ڈھیر کہتے ہیں اس لئے ہم نے مال کا لفظ زائد کر دیا ہے اور اسے بریکٹ میں رکھا ہے کیونکہ اس کے بغیر صحیح معنے ظاہر نہ ہوتے تھے۔

یوں نہیں[1] بلکہ جو شخص اپنے عہد کو پورا کرے اور تقویٰ اختیار کرے تو (وہ متقی ہے) اللہ متقیوں سے یقیناً محبت رکھتا ہے۔

[1] یعنی ان کا یہ دعویٰ کہ اُمّیوں کے بارہ میں ان پر کوئی گرفت نہیں غلط ہے۔

جو لوگ اللہ کے ساتھ اپنے عہدوں اور قسموں کے بدلے میں تھوڑی [2]قیمت لیتے ہیں ان لوگوں کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں ہوگا اور قیامت کے دن اللہ ان سے بات نہیں کرے گا اور نہ ان کی طرف دیکھے گا اور نہ انہیں پاک ٹھہرائے گا۔ اور ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

[2] یعنی دنیوی مال جو دین کے مقابلہ میں بالکل حقیر ہے۔ یہ مرادنہیں کہ تھوڑی قیمت لینا ناجائز ہے دین فروخت کرنے کے لئے بہت مال لینا چاہیئے۔

اور ان میں سے ایک گروہ یقیناً (ایسا) ہے جو اپنی زبانوں کو کتاب (یعنی تورات) کے ذریعہ سے مروڑتا[3] ہے تا کہ تم اسے (جو وہ کہتا ہے) کتاب میں سے سمجھو حالانکہ وہ کتاب میں سے نہیں ہوتا۔ اور وہ کہتے ہیں کہ وہ اللہ کی طرف سے ہے حالانکہ وہ اللہ کی طرف سے نہیں اور وہ جانتے (بوجھتے) ہوئے اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں۔

[3] یعنی تورات کی تلاوت کے طور پر انسانی عبارتوں کو پڑھتا ہے تاکہ لوگوں کو دھوکہ لگ جائے۔

کسی (سچے) انسان کے شایان شان نہیں کہ اللہ تو اسے کتاب اور حکومت اور نبوت دے اور وہ (یہ) کہے (کہ) تم اللہ کو چھوڑ کر میرے بندے بن جاؤ۔ بلکہ (ایسا انسان تو یہی کہتا ہے کہ) تم خدا ہی کے ہو جاؤ کیونکہ تم کتاب (الٰہی) کی تعلیم دیتے ہو اور اس لئے کہ تم (اسے) حفظ کرتے ہو۔

اور نہ (ہی اس کے لئے) یہ (ممکن ہے) کہ تمہیں یہ ہدایت دے کہ فرشتوں اور نبیوں کو رب بنالو۔ کیا تمہارے مسلمان ہو جانے کے بعد وہ تمہیں کفر (اختیار کرنے) کی تعلیم دے گا[1]۔

[1] امر کا لفظ عربی میں وسیع ہے اس کے معنے حکم کے علاوہ کہنے یا تعلیم دینے کے بھی ہیں اس لئے اس آیت کے معنے ’’تعلیم دے گا‘‘ کے کیے گئے ہیں۔

اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب اللہ نے (اہل کتاب سے) سب نبیوں[2] والا پختہ عہد لیا تھا کہ جو بھی کتاب اور حکمت میں تمہیں دوں پھر تمہارے پاس کوئی (ایسا) رسول آئے جو اس کلام کو پورا کرنے والا ہو جو تمہارے پاس ہے تو تم ضرور [3]ہی اس پر ایمان لانا اور ضرور اس کی مدد کرنا (اور) فرمایا تھا کہ کیا تم اقرار کرتے ہو اور اس پر میری (طرف سے) ذمہ داری قبول کرتے ہو؟ (اور) انہوں نے کہا تھا، ہاں ہم اقرار کرتے ہیں، فرمایا اب تم گواہ رہو اور میں بھی تمہارے ساتھ گواہوں میں سے (ایک گواہ) ہوں۔

[2] سب نبیوں والا سے مراد یہ ہے کہ جو عہد سب نبی اپنی امتوں سے لیتے چلے آئے ہیں۔

[3] پہلے بتایا گیا ہے کہ دو تاکیدوں کے موقعہ پر جیسا کہ یہاں ہیں ایک تاکید کے معنے ’’ضرور‘‘ کے لفظ سے کیے گئے ہیں اور دوسری تاکید کے لئے ’’ہی‘‘ کے لفظ سے اس سے ترجمہ بالکل لفظی ہو جاتا ہے اور کوئی لفظ ترجمہ سے باہر نہیں رہ جاتا۔

اب جو (شخص) اس عہد کے بعد پھر جائے تو ایسے لوگ فاسق ہوں گے۔

پھر کیا وہ اللہ کے دین کے سوا (کوئی اور دین) چاہتے ہیں حالانکہ آسمانوں اور زمین میں جو (کوئی بھی) ہے خوشی سے (بھی) اور ناخوشی سے (بھی) اسی کا فرمانبردار ہے اور اسی کی طرف لوٹایا جائے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی