۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 8
تو کہہ دے (کہ) ہم اللہ (پر) اور جو کچھ ہم پر نازل کیا گیا ہے، (اس پر) اور جو کچھ ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق اور یعقوب اور (اس کی) اولاد پر نازل کیا گیا تھا اور جو کچھ موسیٰ کو اور عیسیٰ کو اور (باقی) سب نبیوں کو ان کے رب کی طرف سے دیا گیا تھا اس پر ایمان رکھتے ہیں اور ان میں سے کسی ایک کو دوسرے سے علیحدہ نہیں سمجھتے اور ہم اس کے فرماں بردار ہیں۔
اور جو شخص اسلام کے سوا کسی (اور) دین کو (اختیار کرنا) چاہے تو (وہ یاد رکھے کہ) وہ اس سے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور آخرت میں وہ نقصان اٹھانے والوں میں سے ہوگا۔
جو لوگ ایمان لانے کے بعد (پھر) منکر ہو گئے ہوں اور شہادت دے چکے ہوں کہ (یہ) رسول سچا ہے اور (نیز) ان کے پاس دلائل بھی آچکے ہوں انہیں اللہ کس طرح ہدایت پر لائے اور اللہ (تو) ظالم (لوگوں) کو ہدایت نہیں دیتا۔
یہ لوگ ایسے ہیں کہ ان کی سزا یہ ہے کہ ان پر اللہ اور فرشتوں (کی) اور لوگوں (کی) سب ہی کی لعنت ہو۔
وہ اس (لعنت) میں رہیں گے، نہ (تو) ان (پر) سے عذاب ہلکا کیا جائے گا اور نہ انہیں ڈھیل دی جائے گی۔
سوائے ان لوگوں کے کہ جو اس کے بعد توبہ کر لیں اور اصلاح کر لیں۔ اور اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
جو لوگ ایمان لانے کے بعد منکر ہو گئے ہوں پھر وہ کفر میں اور بھی بڑھ گئے ہوں ان کی توبہ ہرگز قبول نہ کی جائے گی۔ اور یہی لوگ گمراہ ہیں۔
جو لوگ منکر ہو گئے ہوں اور کفر (ہی) کی حالت میں مر گئے ہوں، ان میں سے کسی سے زمین بھر سونا (بھی) جسے وہ فدیہ کے طور پر پیش کرے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان لوگوں کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے اور ان کا کوئی بھی مددگار نہ ہوگا۔
تم کامل نیکی کو ہرگز نہیں پا سکتے جب تک کہ اپنی پسندیدہ اشیاء میں سے (خدا کے لئے) خرچ نہ کرو۔ اور جو کوئی چیز بھی تم خرچ کرو اللہ اسے یقیناً خوب جانتا ہے۔
سب کا سب کھانا سوائے اس حصہ کے جو اسرائیل[1] (یعنی حضرت یعقوب) نے تورات کے اتارے جانے سے پہلے اپنے لئے مکروہ قرار دے دیا تھا بنی اسرائیل[2] کے لئے حلال تھا۔ تو کہہ دے کہ اگر تم سچے ہو تو تورات لاؤ اور اسے پڑھو۔
[1] حضرت یعقوب علیہ السلام کا ایک کشفی نام اسرائیل تھا (پرانا عہدنامہ پیدائش باب۳۲ آیت۲۸)۔
[2] بعض چیزوں سے ان کی بیماری کی وجہ سے ان کو روکا گیا تھا۔ بنو اسرائیل نے غلطی سے ان کو حرام سمجھ لیا (پیدائش باب۳۲)۔
اب جو (لوگ) اس کے بعد (بھی) اللہ پر جھوٹ باندھیں تو وہی لوگ ظالم ہوں گے۔
تو کہہ کہ اللہ نے سچ کہا ہے۔ اس لئے تم ابراہیم کے دین کی جو (خدا کی طرف) جھکا رہنے والا تھا پیروی کرو، اور وہ مشرکوں میں سے نہیں تھا۔