۴۔ سورۃ النساء

تفسیر صغیر, حصہ 10

وہ لوگوں سے پردہ رکھتے ہیں اور اللہ سے پردہ نہیں رکھتے۔ حالانکہ جب وہ رات کو ایسی باتوں کے مشورے کر رہے ہوتے ہیں جنہیں اللہ پسند نہیں کرتا (تو) وہ ان کے پاس ہوتا ہے اور جو کچھ وہ کر رہے ہیں اللہ اس کا قلع قمع کرنے والا ہے۔

سنو! تم وہ لوگ ہو جو ان کی طرف سے ورلی زندگی میں جھگڑتے رہے ہو، مگر قیامت کے دن ان کی طرف سے اللہ کے ساتھ کون جھگڑے گا یا کون ان کا محافظ ہوگا۔

اور جو شخص (بھی) کوئی بدی کرے گا یا اپنے نفس پر ظلم کرے گا اس کے بعد اللہ سے (اپنے گناہوں کی) معافی چاہے گا (تو) وہ اللہ کو بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا پائے گا۔

اور جو شخص کوئی بدی کرے[1]۔ اس کا فعل اسی پر (الٹ کر) پڑے گا۔ اور اللہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔

[1] اصل لفظ کَسَبَ ہے جس کے معنے کمانے کے ہیں۔ لیکن یہ لفظ عربی میں کسی فعل کے ایسے طور پر کرنے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے جسے بالارادہ کیا جائے۔ گو اس کے نتیجہ کی امیدنہ ہو۔ اردو میں اس کا ترجمہ ’’کمانا‘‘ کرنا محاورہ کے خلاف ہے۔ اس لئے ’’کرے‘‘ ترجمہ کیا گیا ہے۔ لیکن مراد ایسے طور پر کام کرنا ہے کہ ارادہ شامل ہو اور نتیجہ کی توقع یا خوف نہ ہو۔

اور جو شخص کوئی قصور یا گناہ کرے پھر کسی بے قصور پر اس کا الزام لگا دے تو (سمجھو کہ) اس نے ایک جھوٹ اور کھلے کھلے گناہ کا بوجھ اٹھالیا۔

اور اگر تجھ پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی تو (وہ یعنی دشمن اپنے بدارادہ میں کامیاب ہو جاتے چنانچہ) ان میں سے ایک گروہ (اس بات کا) پکا ارادہ کر چکا تھا کہ تجھے ہلاک کر دے اور وہ اپنے سوا کسی کو ہلاک نہیں کرتے اور تجھے کچھ بھی نقصان نہیں پہنچا سکتے اور اللہ نے تجھ پر کتاب اور حکمت اتاری ہے اور جو کچھ تو نہیں جانتا تھا تجھے سکھایا ہے اور تجھ پر اللہ کا (بہت) بڑا فضل ہے[1]۔

[1] یہاں فضل کَانَ کا اسم ہے لیکن ایسے موقع پر اردو میں اسے مبتدا نہیں بنا سکتے اس وجہ سے ’’اور اللہ کا فضل تجھ پر بہت بڑا ہے‘‘ کی بجائے ’’تجھ پر اللہ کا (بہت) بڑا فضل ہے‘‘ ترجمہ کیا گیا ہے۔

ان لوگوں (کے مشوروں) کو مستثنیٰ کر کے جو صدقہ یا نیک بات یا لوگوں کے درمیان اصلاح کرنے کا حکم دیتے ہیں ان کے بہت سے مشوروں [2]میں کوئی بھی بھلائی نہیں (ہوتی) اور جو شخص اللہ کی رضا جوئی کے لئے ایسا کرے (یعنی نیک مشورے کرے) ہم اسے (جلد ہی بہت) بڑا اجر دیں گے۔

[2] نَجْوٰی، نَاجٰی، یُنَاجِیْ، مُنَاجَاۃً سے اسم ہے اور اس کے معنی ہیں سَارَّہٗ اس نے خفیہ طور پر مشورہ کیا۔ (اقرب) بعض کے نزدیک نجویٰ کے معنی صرف راز کی بات کے ہی نہیں بلکہ کوئی بات چیت جو مجلس میں جائے اور لوگ اس پربحث کریں اور تبادلہ خیالات کریں اس کو نجویٰ کہیں گے۔ (لسان)

اور جو شخص (بھی) ہدایت کے پوری طرح کھل جانے کے بعد (اس) رسول سے اختلاف ہی کرتا چلا جائے گا اور مومنوں کے طریق کے سوا (کسی اور طریق) پر چلے گا ہم اسے اسی چیز کے پیچھے لگا دیں گے جس کے پیچھے[3] وہ پڑا ہوا ہے اور اسے جہنم میں ڈالیں گے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔

[3] یعنی وہ رسولؐ اور اس کے صحابہؓ کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ ہم وہی تباہی اس کی قسمت میں لکھ دیں گے۔

اللہ اس (گناہ) کو ہرگز نہیں بخشے گا کہ اس کا (کسی کو) شریک بنایا جائے اور جو (گناہ) اس سے ادنیٰ ہوگا (اسے) جس کے حق میں چاہے گا معاف کر دے گا اور جو شخص (کسی کو) اللہ کا شریک بنائے تو (سمجھو کہ) وہ (سیدھے راستہ سے) بہت دور جا پڑا۔

وہ اللہ کو چھوڑ کر بے جان چیزوں [1]کے سوا (کسی کو) نہیں پکارتے بلکہ[2] وہ سرکش شیطان کے سوا (اور کسی کو) نہیں پکارتے۔

[1] ہم نے اِنَاثًا کا ترجمہ بے جان چیزیں کیا ہے۔ یہ لغت کے مطابق ہے۔ (دیکھو مفردات راغب و لسان العرب و تفسیر فتح البیان جلد۲ صفحہ ۳۱۶)

[2] واؤ کا ترجمہ ’’بلکہ‘‘ کیا گیا ہے کیونکہ یہی اردو کے محاورہ کے مطابق بلکہ عربی کے محاورہ کے بھی مطابق ہے۔

(اس شیطان کو) جسے اللہ نے (اپنی جناب سے) دور کر دیا ہے اور (جس نے یہ) کہا تھا کہ میں تیرے بندوں سے ضرور ہی ایک مقررہ حصہ لوں گا۔

اور انہیں لازماًگمراہ کروں گا اور یقیناً (بڑی بڑی) امیدیں بھی دلاؤں گا اور ان سے باصرار یہ خواہش کروں گا کہ وہ چوپایوں کے کان کاٹیں۔ اسی طرح خواہش کروں گا کہ وہ مخلوق خدا میں تبدیلی کریں[3] اور جو اللہ کو چھوڑ کر شیطان کو دوست بنائے، تو (سمجھو کہ) وہ (کھلے) کھلے نقصان میں پڑ گیا۔

[3] اس سے مراد یہ ہے کہ انسانی فطرت کو جو توحید کی طرف توجہ دلاتی ہے بدل کر وہ شرک کا رواج قائم کرنا چاہتے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی