۴۔ سورۃ النساء

تفسیر صغیر, حصہ 11

وہ (شیطان) انہیں وعدے دیتا ہے اور انہیں امیدیں دلاتا ہے اور شیطان ان سے بجز ظاہر فریب باتوں کے (کسی امر کا) وعدہ نہیں کرتا۔

ان لوگوں کا ٹھکانا تو جہنم ہے اور وہ اس سے بھاگنے کی جگہ کہیں نہیں پائیں گے۔

اور جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک کام کئے ہیں ہم انہیں ضرور ایسے باغات میں داخل کریں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گے (اور وہ) ان میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے (یہ) اللہ کا سچا وعدہ (ہے) اور اللہ سے بڑھ کر کس کی بات سچی ہو سکتی ہے۔

نہ تمہاری آرزوؤں کے مطابق (ہونے والا) ہے اور نہ اہل کتاب کی آرزوؤں کے مطابق (بلکہ) جو شخص کوئی بدی کرے گا اسے اس کے مطابق بدلہ دیا جائے گا، اور وہ اللہ کے سوا نہ کسی کو اپنا دوست پائے گا اور نہ مددگار۔

اور جو لوگ خواہ مرد ہوں یا عورتیں مومن ہونے کی حالت میں نیک کام کریں گے تو وہ جنت میں داخل ہوں گے۔ اور ان پر کھجور کی گٹھلی کے سوراخ کے برابر (بھی) ظلم نہیں کیا جائے گا۔

اور اس شخص سے بڑھ کر کس کا دین اچھا (ہو سکتا) ہے جس نے (خوب) اچھی طرح عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کر دیا ہو اور ابراہیم کے دین کی، جو سلامت[1] رو تھے پیروی (اختیار) کی ہو اور اللہ نے ابراہیم کو (اپنا) خاص دوست بنایا تھا۔

[1] حَنِیْـفًا ابراہیمؑ کا حال ہے۔ لیکن چونکہ حال اور صفت کے معنی ایک ہوتے ہیں اور حال کا ترجمہ اردو میں نہیں ہو سکا۔ اس لئے صفت کا ترجمہ کر دیا گیا ہے۔

اور جو کچھ آسمانوں اور جو کچھ زمین میں ہے (سب) اللہ ہی کا ہے۔ اور اللہ ہر (ایک) چیز کا پورا [2]علم رکھتا ہے۔

[2] مُحِیْط کے معنے گھیرنے والے کے ہیں لیکن اس جگہ اس کے معنے کامل علم کے ہیں اور وہی معنے ہم نے کیے ہیں۔ اقرب الموارد میں ہے: اَحَاطَ بِہٖ عِلْمًا اَیْ اَحْدَقَ عِلْمُہٗ بِہٖ مِنْ جَمِیْعِ جِھَاتِہٖ وَعَرَفَہٗ یعنی اَحَاطَ کے معنے کسی چیز کا کامل علم رکھنے کے بھی ہوتے ہیں۔

اور لوگ تجھ سے (ایک سے زیادہ) عورتوں (سے نکاح) کے متعلق (احکام) دریافت کرتے ہیں۔ تو (ان سے) کہہ کہ اللہ تمہیں ان کے متعلق اجازت دے چکا ہے اور جو (حکم) (اس) کتاب میں (دوسری[3] جگہ) تمہیں پڑھ کرسنایا گیا ہے وہ ان یتیم عورتوں کے متعلق ہے جنہیں تم ان کے مقرر کردہ[4] حق ادا نہیں کرتے مگر ان سے نکاح کرنا چاہتے ہو اور (نیز) کمزور[5] بچیوں[6] کے متعلق ہے اور (تمہیں یہ حکم دیا گیا تھا) کہ یتیموں کے ساتھ انصاف کا معاملہ کرتے رہو۔ اور جو نیک کام بھی تم کرو (یاد رکھو کہ) اللہ اسے یقیناً خوب جانتا ہے۔

[3] یعنی سورۂ نساء آیت ۴ میں۔

[4] مقرر کردہ حق سے یہ مراد ہے کہ ان کے مہر نہیں دیتے۔

[5] کمزور بچیوں سے مراد یتیم لڑکیاں ہیں۔ کیونکہ وہ خود اپنے حق نہیں لے سکتیں۔

[6] یہاں وِلْدَان کا لفظ ہے جو وَلَدٌ کی جمع ہے اور لڑکے اور لڑکی دونوں پر بولا جاتا ہے۔ لیکن عبارت کے مضمون سے ظاہر ہے کہ یہاں لڑکیاں مراد ہیں۔ کیونکہ انہی سے نکاح کا امکان ہے۔

اور اگر کسی عورت کو اپنے خاوند کی طرف سے بدمعاملگی یا عدم توجہی کا اندیشہ ہو تو ان دونوں پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ کسی طریق پر آپس میں صلح [3]کر لیں اور صلح (سب سے) بہتر ہے۔ اور لوگوں کے نفسوں میں بخل[4] (کا خیال) پیدا کر دیا گیا ہے اور اگر تم نیک کام کرو اور تقویٰ اختیار کرو تو (یاد رکھو کہ) جو کچھ تم کرتے ہو اس سے اللہ یقیناً آگاہ ہے۔

[3] یعنی عورت یہ دیکھ کر کہ معاملہ لمبا ہو جائے گا اور میری تکلیف ناقابل برداشت ہو جائے گی، اس لئے بہتر ہے کہ اپنے حق میں سے کچھ چھوڑ دوں۔ اگر قاضی دیکھے کہ ایسا کرنے میں حرج نہیں تو وہ اس کی اجازت دے سکتا ہے۔

[4] یعنی لوگ بخل کی طرف مائل رہتے ہیں اور خرچ سے خواہ وہ مفید ہو پرہیز کرتے ہیں۔

اور خواہ تم (عدل کرنے کی کتنی بھی) خواہش کرو (تو بھی) تم عورتوں کے درمیان عدل نہیں کر سکتے۔ پس تم بالکل (ایک ہی کی طرف) نہ جھک[5] جاؤ (جس کا نتیجہ یہ ہو) کہ اس (دوسری) کو (درمیان میں) لٹکتی ہوئی (چیز) کی مانند چھوڑ دو۔ اور اگر تم (آپس میں) موافقت پیدا کرو اور تقویٰ اختیار کرو تو (یاد رکھو کہ) اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[5] یعنی ظاہری مساوات نہ کرنے کی صورت میں تعدد ازواج سے منع کیا گیا ہے۔ ورنہ نہ باطنی سلوک ایک سا ہوسکتا ہے نہ وہ موجب مناعی ہے۔

اور اگر وہ (دونوں) علیحدگی اختیار کر لیں تو اللہ (ان میں سے) ہر ایک کو اپنی طرف کشائش دے کر غنی بنا دے گا اور اللہ وسعت دینے والا (اور) حکمت والا ہے۔

اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے (سب) اللہ ہی کا ہے اور جن لوگوں کو تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی ہم نے انہیں (بھی) اور تمہیں (بھی) تاکیدی حکم دیا (ہوا) ہے کہ اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اور اگر تم انکار کرو گے تو (یاد رکھو کہ) جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے (سب) اللہ ہی کا ہے اور اللہ بے نیاز (اور) ان گنت تعریفوں کا مستحق ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی