۴۔ سورۃ النساء

تفسیر صغیر, حصہ 9

(اس فضیلت کے معنے) اس (خدا) کی طرف سے بہت سے درجات اور مغفرت کا ملنا ہے اسی طرح حصول رحمت ہے اور اللہ بہت ہی بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

جن لوگوں کو ملائکہ نے اس حالت میں وفات دی کہ وہ اپنی جانوں[2] پر ظلم کر رہے تھے وہ (ان سے) کہیں گے کہ تم کس (خیال) میں تھے؟ وہ (یعنی ہجرت سے گریز کرنے والے جواب میں) کہیں گے کہ ہم ملک میں کمزور سمجھے جاتے تھے (اس لئے ہجرت نہیں کی) وہ (فرشتے) جواب دیں گے کیا اللہ کی زمین وسیع نہ تھی؟ کہ تم اس میں ہجرت کر جاتے پس ان لوگوں کا ٹھکانا جہنم ہوگا اور وہ رہنے کے لحاظ سے بہت (ہی) بری جگہ ہے۔

[2] یعنی کفار کے ملک میں رہ کر تکلیفیں اٹھا رہے تھے، مگر ہجرت نہ کرتے تھے۔

ہاں وہ لوگ جو مردوں، عورتوں اور بچوں میں سے فی الواقع کمزور تھے (اور) وہ کسی تدبیر کی طاقت نہ رکھتے تھے اور نہ کوئی راہ انہیں نظر آتی تھی۔

ان[1] لوگوں کے متعلق خدا کی بخشش قریب ہے، کیونکہ اللہ ہے ہی بہت معاف کرنے والا اور بخشنے والا۔

[1] قرآن مجید میں فَاء آتا ہے مگر اردو میں اس کے ترجمہ کے بغیر کام چل جاتا ہے اس لئے ہم نے اردو میں اسے حذف کر دیا ہے۔

اور جو (شخص بھی) اللہ کی راہ میں ہجرت کرے گا وہ ملک میں حفاظت کی بہت سی جگہیں[2] اور فراخی (کے سامان) پائے گا۔ اور جو (شخص) اللہ اور اس کے رسول کی طرف اپنے گھر سے ہجرت کرکے نکلے پھر اسے موت آجائے تو (سمجھو کہ) اس کا اجر اللہ کے ذمہ ہو چکا اور اللہ بہت (ہی) بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[2] مُرَاغَمٌ: اَلْمَذْھَبُ وَ الْمَھْرَبُ راستہ اَلْحِصْنُ یعنی قلعہ۔ (اقرب) مُرَاغَمًا کَثِیْرًا اَیْ مَذْھَبًا یَذْھَبُ اِلَیْہِ یعنی مراغم کے معنے راستے کے ہیں۔ (مفردات)

اور اگر تم ڈرتے ہو کہ کافر تمہیں دکھ میں ڈالیں گے، تو جب تم ملک میں سفر کرو تو تمہیں کوئی گناہ نہیں کہ نماز کو چھوٹا کردو[3]۔ کافر یقیناً تمہارے (کھلے) کھلے دشمن ہیں۔

[3] اس آیت میں مفسرین نے یہ غلطی کھائی ہے کہ اس جگہ سفر میں دو رکعتیں پڑھنے کا حکم ہے۔ لیکن حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث ہے کہ پہلے دو ہی فرض مقرر تھے اس کے بعد سفر میں دو رہنے دئے گئے اور حضر میں چار کر دئے گئے (بخاری) پس تَقْصُرُوْا مِنَ الصَّلٰوۃِ سے یہ مراد نہیں ہو سکتی کہ سفر میں دو پڑھی جائیں کیونکہ پہلے حضر میں بھی دو ہی پڑھی جاتی تھیں۔ پس یہاں قصر سے مراد جلدی جلدی نماز پڑھ لینا ہے یعنی رکعتوں کا کم کرنا مراد نہیں بلکہ وقت کا کم کرنا مراد ہے چونکہ نماز کو سنوار کر ادا کرنے کا حکم ہے اس لئے اس آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ اگر تم اس بات سے ڈرتے ہو کہ دشمن تم پر حملہ کر دے گاتو بے شک جلدی جلدی نماز پڑھ لیا کرو۔ جلدی پڑھنے سے تمہاری نماز ضائع نہیں ہوگی۔پس یہ حکم دو رکعت کے متعلق نہیں۔ اگر دو رکعت اس کے معنے کیے جائیں تو پھر یہ آیت بے معنی ہو جاتی ہے۔ کیونکہ سفر کی حالت میں دشمن کے ڈر کی کوئی شرط نہیں کیونکہ اگر انسان سفر کی حالت میں ہو تو دشمن کا ڈر ہو یا نہ ہو اس کے لئے دو رکعت نماز جائز ہے۔

اور جب تو (خود) ان میں ہو اور تو انہیں نماز پڑھائے تو ان میں سے ایک حصہ جماعت (کو چاہیئے کہ) تیرے ساتھ کھڑے ہوں اور اپنے ہتھیار لے لیں۔ پھر جب وہ سجدہ کر لیں تو وہ تمہارے پیچھے (حفاظت کے لئے) کھڑے ہو جائیں، پھر ایک اور حصہ جماعت جس نے نماز نہیں پڑھی (آگے) آجائے اور تیرے ساتھ نماز پڑھے اور وہ بھی اپنے بچاؤ کا سامان اور اپنے ہتھیار لئے رہیں۔ جو لوگ کافر ہیں وہ چاہتے ہیں کہ کاش تم اپنے ہتھیاروں اور اپنے سامانوں سے غافل ہو جاؤ تو وہ یکدم ہی تم پر آپڑیں اور اگر بارش کی وجہ سے تمہیں تکلیف ہو یا تم مریض ہو تو اپنے ہتھیار اتار دینے پر تمہیں کوئی گناہ نہ ہوگا۔ لیکن پھر بھی تمام احتیاطیں کرلو۔ اللہ نے کافروں کے لئے رسوا کر دینے والا عذاب یقیناً تیار کر چھوڑا ہے۔

اور جب تم نماز ادا کر چکو تو اللہ کو کھڑے اور بیٹھے اور اپنے پہلوؤں پر یاد کرتے رہو۔ پھر جب تم مطمئن ہو جاؤ تو نماز کو سنوار[1] کر پڑھو۔ نماز مومنوں پر یقیناً ایک مؤقت فرض ہے۔

[1] یعنی جنگ اور خطرہ کی حالت کی طرح جلدی جلدی نہیں۔

اور تم اس قوم (یعنی دشمنوں) کی تلاش میں سستی نہ کرو اگر تمہیں تکلیف ہوتی ہے تو جس طرح تمہیں تکلیف ہوتی ہے انہیں بھی تکلیف ہوتی ہے۔ اور تم تو اللہ سے اس (فضل و کرم) کی امید رکھتے ہو جس کی وہ امید نہیں رکھتے، اور اللہ بہت (ہی) جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔

ہم نے تیری طرف (یہ) صداقت پر مشتمل کتاب یقیناً اس لئے اتاری ہے کہ تو لوگوں کے درمیان اس (حق) کے ذریعہ سے جو اللہ نے تجھے دکھایا ہے فیصلہ کرے اور تو خیانت کرنے والوں کی طرف سے جھگڑنے والا نہ بن۔

اور اللہ سے (اس کی) بخشش طلب کر۔ اللہ یقیناً بہت (ہی) بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور تو ان لوگوں کی طرف سے جو اپنے نفسوں کی خیانت کرتے ہیں مت جھگڑ۔ جو (لوگ) خیانت میں بڑھے ہوئے اور بہت گنہگار ہوں اللہ انہیں پسند نہیں کرتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی