۴۔ سورۃ النساء

تفسیر صغیر, حصہ 12

اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین ہے (سب) اللہ ہی کا ہے اور اللہ ہر ضروری حفاظت کرنے والا ہے۔

اے لوگو! اگر وہ چاہے تو تمہیں مار دے اور اور (لوگوں) کو لے آئے۔ اور اللہ اس (امر) پر پورا (پورا) قادر ہے۔

جو شخص دنیا کا بدلہ چاہتا ہو تو (وہ سن لے کہ) اللہ کے پاس دنیوی اور اخروی (دونوں قسم کے) انعام ہیں اور اللہ بہت سننے والا (اور) دیکھنے والا ہے۔

اے ایماندارو! تم پوری طرح انصاف پر قائم رہنے والے (اور) اللہ کے[1] لئے گواہی دینے والے بن جاؤ۔ گو (تمہاری گواہی) تمہارے اپنے (خلاف) یا والدین یا قریبی رشتہ داروں کے خلاف (پڑتی) ہو۔ اگر وہ (جس کے متعلق گواہی دی گئی ہے) غنی ہے یا محتاج ہے تو (دونوں صورتوں میں) اللہ ان دونوں کا (تم سے) زیادہ خیر خواہ ہے۔ اس لئے تم (کسی ذلیل) خواہش کی پیروی نہ کیا کرو۔ تا عدل کر سکو اور اگر تم (کسی شہادت کو) چھپاؤ گے یا (اظہار حق سے) پہلو تہی کرو گے تو (یاد رکھو کہ) جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس سے یقیناً آگاہ ہے۔

[1] یعنی خداتعالیٰ کی خاطر سچی گواہی دیا کرو۔

اے ایماندارو! اللہ اور اس کے رسول (پر) اور اس کتاب پر جو اس نے اپنے رسول پر اتاری ہے اور اس کتاب پر جو اس نے (اس سے) پہلے اتاری ہے ایمان لاؤ اور جو شخص اللہ اور اس کے فرشتوں اور اس کی کتابوں اور اس کے رسولوں اور بعد میں آنے والے دن کا انکار کرے تو (سمجھ لو کہ) وہ پرلے درجہ کی گمراہی میں پڑ گیا ہے۔

اور جو لوگ ایمان لائے پھر انہوں نے انکار کر دیا، پھر ایمان لائے پھر انکار کر دیا۔ پھر کفر میں (اور بھی) بڑھ گئے۔ اللہ انہیں ہرگز معاف نہیں کر سکتا اور نہ انہیں (نجات کا) کوئی راستہ دکھا سکتا ہے۔

تو منافقوں کو (یہ) خبر سنا دے کہ ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

جو مومنوں کو چھوڑ کر کافروں کو (اپنا) دوست بناتے ہیں۔ کیاوہ ان کے پاس عزت کے خواہاں ہیں (اگر ایسا ہے) تو (وہ یاد رکھیں کہ) عزت سب (کی سب) اللہ ہی کے ہاتھ میں ہے۔

اور اس نے اس کتاب میں تم پر یہ (حکم) اتار چھوڑا ہے کہ جب تم اللہ کی آیتوں کے متعلق اظہار انکار سنو یا ان سے استہزا ہوتا ہوا سنو۔ تو ان (ہنسی کرنے والوں) کے ساتھ (اس وقت تک) نہ بیٹھو جب تک کہ وہ اس کے سوا کسی اور بات میں مشغول (نہ) ہو جائیں۔ تم اس (ہنسی کرنے والوں کے پاس بیٹھنے کی) صورت میں یقیناً ان جیسے (متصور) ہوگے اللہ منافقوں اور کافروں سب کو یقیناً جہنم میں اکٹھا کرکے رہے گا۔

(ان منافقوں کو) جو تمہارے متعلق تباہی کی انتظار میں رہتے ہیں اور اگر تمہیں اللہ کی طرف سے کوئی فتح (حاصل) ہو تو (تم سے) کہتے ہیں کہ کیا ہم تمہارے ساتھ نہ تھے اور اگر کافروں کو (فتح کا) کوئی حصہ ملے تو (ان سے) کہتے ہیں کہ کیا ہم تم پر غالب نہیں آگئے [1]تھے اور (ہم نے) تمہیں مومنوں سے (نہیں) بچایا تھا۔ پس اللہ تمہارے درمیان قیامت کے دن فیصلہ کرے گا۔ اور اللہ کافروں کو مومنوں پر ہرگز غلبہ نہیں دے گا۔

[1] یعنی اس سے پہلے ایک موقع پر کیا مسلمان غالب نہیں آگئے تھے۔ جو ہماری ہی فتح تھی۔ مگر ہم نے ان سے سفارشیں کرکے تم کو بچا لیا۔

منافق یقیناً اللہ کو دھوکا دینا چاہتے ہیں اور وہ انہیں ان کے دھوکے کی سزا دے گا۔ اور جب وہ نماز (کی طرف جانے) کے لئے کھڑے ہوتے ہیں تو سستی سے کھڑے ہوتے ہیں۔ وہ لوگوں کو دکھاتے ہیں اور اللہ کو کم ہی یاد کرتے ہیں۔

ان کی حالت (یاد الٰہی اور غفلت کے) درمیان درمیان ہوتی ہے نہ وہ ان (مومنوں) کے ساتھ ہیں اور نہ وہ ان (کافروں) کے ساتھ ہیں اور جسے اللہ ہلاک کردے[2] تو اس کے لئے ہرگز (نجات کا) کوئی راستہ نہیں پائے گا۔

[2] آیت میں اَضَلَّ کا لفظ ہے۔ جس کے ایک معنے ہلاک کرنے کے بھی ہیں۔ (اقرب)

·

آج 10 میں سے 10 باقی