۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر, حصہ 13
اے ایمان دارو! مومنوں کو چھوڑ کر کافروں کو (اپنا) دوست نہ بناؤ۔ کیا تم چاہتے ہو کہ خدا کو اپنے خلاف کھلے (کھلے) الزام (دینے) کا موقعہ دو۔
منافق یقیناً جہنم کی گہرائی کے سب سے نچلے حصہ میں ہوں گے اور تو ہرگز (کسی کو) ان کا مددگار نہیں پائے گا۔
سوائے ان لوگوں کے جنہوں نے توبہ کر لی اور اصلاح کرلی اور اللہ کے ذریعہ سے (اپنی) حفاظت چاہی اور اپنی عبادت کو اللہ کے لئے خالص کر دیا سو یہ لوگ مومنوں میں شامل ہیں اور اللہ مومنوں کو عنقریب بڑا اجر دے گا۔
اگر تم شکر کرو اور ایمان لے آؤ تو اللہ تمہیں عذاب دے کر کیا کرے گا۔ اور اللہ (تو) قدر دان اور بہت جاننے والا ہے۔
اللہ بری بات کے اظہار کو پسند نہیں کرتا۔ ہاں مگر جس پر ظلم کیا گیا ہو (وہ اس ظلم کا اظہار کر سکتا ہے) اور اللہ بہت سننے والا (اور) خوب جاننے والا ہے۔
اگر تم کسی نیکی کو ظاہر کرو یا اسے چھپاؤ یا (کسی کی) بدی کو معاف کرو تو (جان لو کہ) اللہ یقیناً بہت معاف کرنے والا (اور) بہت قدرت والا ہے۔
جو لوگ اللہ اور اس کے رسولوں کاانکار کرتے ہیں اور اللہ اور اس کے رسولوں کے درمیان تفریق کرنا چاہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم بعض (رسولوں) کو مانیں گے اور بعض کا انکار کریں گے اور چاہتے ہیں کہ اس کے درمیان (درمیان) کوئی راہ اختیار کریں۔
وہ لوگ یقیناً پکے کافر ہیں۔ اور کافروں کے لئے ہم نے رسوا کرنے والا عذاب تیار کیا ہے۔
اور جو لوگ اللہ اور اس کے (تمام[1]) رسولوں پر ایمان لے آئے اور انہوں نے ان (رسولوں) میں سے کسی ایک کے درمیان (بھی) تفریق نہیں کی۔ وہ لوگ ایسے ہیں کہ وہ انہیں جلد ہی ان کے اجر دے گا۔ اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[1] لفظ رسول کی جمع نے ’’تمام‘‘ کے معنے پیدا کیے ہیں۔ اس لئے ’’تمام‘‘ کا لفظ ترجمہ میں رکھا گیا ہے۔ ورنہ عربی میں تمام کا لفظ نہیں ہے۔
اہل کتاب[2] تجھ سے سوال کرتے ہیں کہ تو ان پر آسمان سے ایک کتاب نازل کرے (اس پر تعجب نہ کر کیونکہ) انہوں نے موسیٰ سے اس سے بھی بڑا سوال کیا تھا۔ انہوں نے اس سے کہا تھا کہ تو ہمیں اللہ ظاہر میں دکھا دے۔ تب ان کے ظلم کے سبب سے انہیں مہلک عذاب نے پکڑ لیا اور انہوں نے بچھڑے کو جبکہ ان کے پاس کھلے (کھلے) نشانات آچکے تھے (اپنا معبود) بنا لیا۔ پھر ہم نے اس (قصور) سے (بھی) درگزر کیا۔ اور ہم نے موسیٰ کو کھلا (کھلا) غلبہ دیا۔
[2] اہل کتاب میں مسیحی اور یہودی دونوں شامل ہیں۔ مگر اس جگہ اہل کتاب سے مراد صرف یہودی ہیں کیونکہ آگے یہ ذکر آتا ہے کہ وہ حضرت مریمؑ پر بہتان باندھتے تھے اور انہوں نے حضرت مسیحؑ کو صلیب پر لٹکا کر مارنے کی کوشش کی اور یہ کام یہود کا تھا مسیحیوں کا نہیں تھا۔
اور ہم نے ان سے (پختہ) عہد لیتے ہوئے ان پر طور[1] کو بلند کیا اور ہم نے ان سے کہا کہ اس دروازہ میں پوری فرمانبرداری کرتے ہوئے داخل ہو۔ اور ہم نے ان سے (یہ بھی) کہا کہ سبت (کے معاملہ) میں زیادتی نہ کرو۔ اور ہم نے ان سے ایک پختہ عہد لیا۔
[1] یعنی ان کو طُور کے دامن تک لے گئے اور انہیں سامنے اونچا پہاڑ نظر آنے لگا جیسے صحیح بخاری باب الہجرۃ کی حدیث میں حضرت ابوبکرؓ فرماتے ہیں۔ فَرُفِعَتْ لَنَا صَخْرَۃٌ طَوِیْلَۃٌ لَّھَا ظِلٌّ کہ ہمیں سامنے بڑی چٹان دکھائی دی جس کا سایہ تھا۔
پھر ان کے اپنے عہد کو توڑ دینے (کے سبب سے) اور ان کے اللہ کی آیتوں کا انکار اور ان کے نبیوں کو قتل[2] کرنے کی بلاوجہ کوشش (کے سبب سے) اور یہ (بات) کہنے کے سبب سے کہ ہمارے دل پردوں میں ہیں (پردوں میں) نہیں بلکہ اللہ نے ان کے کفر کے سبب سے ان (کے دلوں) پر مہر کر دی ہے اس لئے وہ بالکل ایمان نہیں لاتے۔
[2] اس جگہ سب نبیوں کے قتل کا ذکر ہے اور سب تاریخیں اس پر متفق ہیں کہ سب نبیوں کو انہوں نے قتل نہیں کیا۔ پس اس جگہ قتل کے ارادہ کا ذکر ہے اور مصدر یا فعل کبھی مکمل ہوتا ہے۔ کبھی ادھورا اور دونوں کے لئے ایک لفظ بولا جاتا ہے۔ پس اس جگہ بھی قتل سے مراد قتل کا ارادہ یا ایسی تکلیفیں ہیں جن کا نتیجہ بعض دفعہ قتل ہوتا ہے۔