۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور (پہلے سے) منکوحہ عورتیں (بھی تم پر حرام ہیں) باستثنا ان عورتوں کے جو تمہاری ملکیت[1] میں آجائیں۔ یہ اللہ نے تم پر فرض کیا ہے اور جو ان (اوپر کی بیان کردہ عورتوں) کے سوا ہوں وہ تمہارے لئے (بعد نکاح) حلال ہیں (یعنی اس طرح سے) کہ تم اپنے مالوں کے ذریعہ (انہیں) طلب کرو بشرطیکہ تم شادی کرنے والے ہو زنا[2] کرنے والے نہ ہو۔ پھر (یہ شرط بھی ہے کہ) اگر تم نے ان سے نفع اٹھایا ہو تو تم انہیں ان کے مہر بہ مقدار موعود ادا کرو۔ اور (مہر) مقرر ہو جانے کے بعد جس (کمی بیشی) پر تم باہم راضی ہو جاؤ اس کے متعلق تمہیں کوئی گناہ نہ ہوگا اللہ یقیناً بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
[1] مراد یہ ہے کہ وہ عورتیں جن سے نکاح جائز ہے وہ تو نکاح کے بعد جائز ہوں گی اور پہلی لسٹ والی عورتیں نکاح کے ساتھ بھی جائز نہیں ہو سکتیں، ہاں جنگی قیدی عورتیں نکاح کے ساتھ جائز ہو سکتی ہیں۔ اور جب ان کو کوئی نہ چھڑوائے تو ان کی اجازت کی ضرورت نہیں۔ قومی اخلاق کو درست رکھنے کے لئے حکومت ان کا ولی مقرر کرکے ان کا نکاح کر سکتی ہے۔
[2] یہ مطلب نہیں کہ مومن زنا کرے گا، بلکہ مطلب یہ ہے کہ ہم مومن سے یہی امید کرتے ہیں کہ وہ شادی کے وقت سب تقویٰ کی راہوں کو مدنظر رکھے گا۔ اور زنا کی صورت کے قریب نہ جائے گا۔
اور جو (کوئی) تم میں سے آزاد مومن عورتوں سے شادی کرنے کی بالکل طاقت نہ رکھتا ہو (وہ) تمہاری مملوکہ (عورتوں) یعنی تمہاری مومن لونڈیوں میں سے کسی سے نکاح کر لے۔ اور اللہ تمہارے ایمان کو سب سے زیادہ جانتا ہے۔ تم ایک دوسرے سے (تعلق رکھتے) ہو۔ پس ان سے ان کے مالکوں کی اجازت سے نکاح کرو۔ اور ان کے مہر[3] جب کہ وہ پاکباز ہوں نہ کہ زناکار اور نہ مخفی دوست بنانے والیاں انہیں دستور کے مطابق ادا کردو۔ پھر جب وہ نکاح میں آجائیں تو اگر وہ کسی قسم کی بے حیائی کی مرتکب ہوں تو ان کی سزا آزاد عورتوں کی نسبت نصف ہوگی۔ یہ (اجازت)[4] اس کے لئے ہے جو تم میں سے گناہ سے ڈرتا ہو۔ اور تمہارا صبر کرنا تمہارے لئے بہتر ہے۔ اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[3] یہ مطلب نہیں کہ پاکباز ہوں تو مہر دو ورنہ نہ دو۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ ایسی ہی لونڈیوں سے نکاح کرو جن کی پاک دامنی تم پر ثابت ہو۔ اور پھر ان کے مہر آزاد عورتوں کی طرح ادا کرو۔
[4] یعنی لونڈیوں سے شادی کرنا صرف اضطراری حالت میں جائز ہے۔ کیونکہ وہ غیر مذہب اور غیر قوم سے تعلق رکھتی ہیں۔ بہتر یہی ہے کہ اپنی ہم مذہب اور ہم قوم آزاد عورت سے شادی کرو۔
اللہ چاہتا ہے کہ جو لوگ تم سے پہلے (گذرے) ہیں ان کے طریقے تمہارے لئے بیان کرے اور (ان کی طرف) تمہاری راہنمائی کرے اور تم پر شفقت کرے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
اور اللہ تو (یہ) چاہتا ہے کہ تم پر شفقت کرے اور جو لوگ بری خواہشوں کے پیچھے پڑتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ تم (بدی کی طرف) بالکل[2] جھک جاؤ۔
[2] آیت میں عَظِیْم کا لفظ ہے مگر اردو میں ’’بہت جھک جاؤ‘‘ نہیں کہتے بلکہ ’’بالکل جھک جاؤ‘‘ کہتے ہیں۔ اس لئے ’’بالکل‘‘ ترجمہ کیا گیا ہے۔
اللہ چاہتا ہے کہ تم سے (بوجھ) ہلکا کرے اور انسان کو کمزور پیدا کیا گیا ہے۔
اے ایماندارو! تم آپس میں ناجائز طور پر اپنے مال نہ کھاؤ۔ ہاں یہ جائز ہے کہ (مال کا حصول) آپس کی رضا کے ساتھ تجارت کے ذریعہ سے ہو۔ اور تم اپنے آپ کو قتل نہ کرو۔ اللہ یقیناً تم پر باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور جو (شخص بھی) یہ (یعنی دوسرے کا مال کھانا) زیادتی اور ظلم کی عادت کی وجہ سے کرے گا اسے ہم ضرور آگ میں ڈالیں گے اور یہ (امر) اللہ کے لئے آسان ہے۔
جن (باتوں) سے تمہیں روکا جاتا ہے۔ اگر ان میں سے بڑی (بڑی باتوں) سے تم دور رہو تو ہم تم سے تمہارے عیب دور کر دیں گے اور تمہیں معزز مقام میں داخل کریں گے۔
اور جس (چیز کے ذریعہ) سے اللہ نے تم میں سے بعض کو بعض (دوسروں) پر فضیلت دی ہے اس کی خواہش نہ کرو۔ جو کچھ مردوں نے کمایا ہے اس میں سے ان کا حصہ ہے اور جو کچھ عورتوں نے کمایا ہے اس میں سے ان کا حصہ ہے اور تم اللہ (ہی) سے اس کے فضل کا حصہ مانگو۔ اللہ ہر ایک چیز کو یقیناً بہت جاننے والا ہے۔
اور ہر ایک (شخص) کے لئے ہم نے اس کے ترکہ کے متعلق وارث مقرر کر دئے ہیں (وہ وارث) ماں باپ اور قریبی رشتہ دار (ہیں) اور وہ (بھی) جن کے ساتھ تم نے پکے عہدو پیمان[1] کیے ہیں (یعنی بیویاں یا خاوند) سو ان کو بھی ان کا مقررہ حصہ دو۔ اور اللہ ہر ایک امر پر یقیناً نگران ہے۔
[1] اس آیت کے متعلق مفسرین لکھتے ہیں کہ عَقَدَتْ اَیْمَانُکُمْ میں اشارہ ایسے دوستوں کی طرف ہے جن کو حلیف بنا لیا گیا تھا یعنی قسموں سے اپنے بھائی قرار دیا گیا تھا۔ وہ پہلے وارث ہوتے تھے بعد میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو ورثہ سے محروم کر دیا۔ لیکن یہ معنے درست نہیں کیونکہ اس آیت میں تو عَقَدَتْ اَیْمَانُکُمْ والوں کو وارث قرار دیا ہے۔ پس منسوخی کا سوال ہی نہیں۔ اگر مفسرین کی بات مانی جائے تو پھر یہ معنے کرنے ہوں گے کہ اس آیت سے ان کو وارث قرار دیا گیا تھا۔ مگر حدیث نے ان کو غیر وارث قرار دے دیا یعنی حدیث قرآن کی ناسخ ہے اور یہ بات اکثر فقہاء کے نزدیک بھی جائز نہیں۔ پس معنی وہی درست ہیں۔ جو میں نے کیے ہیں یعنی عَقَدَتْ اَیْمَانُکُمْ سے مراد بیویاں یا خاوند ہیں اور ان کا وارث ہونا قرآن سے ثابت ہے اور اب تک وارث چلے آتے ہیں۔ ان معنوں کے رُو سے نہ کوئی ناسخ رہتا ہے نہ منسوخ۔
مرد عورتوں پر اس فضیلت کے سبب سے جو اللہ نے ان میں سے بعض کو دوسروں پر دی ہے اور اس سبب سے کہ وہ اپنے مالوں میں سے (عورتوں پر) خرچ کر چکے ہیں نگران (قرار دیئے گئے) ہیں۔ پس نیک عورتیں فرمانبرداراوراللہ کی مدد سے پوشیدہ امور کی محافظ ہوتی ہیں اور جن کی نافرمانی[2] کا تمہیں خوف ہو (تم) انہیں نصیحت کرواورانہیں خواب گاہوں میں اکیلا چھوڑ دو اور انہیں مارو۔ پھر اگر وہ تمہاری اطاعت کرنے لگیں تو ان کے خلاف کوئی بہانہ نہ تلاش کرو۔ اللہ یقیناً بہت بلند (اور) بڑا ہے۔
[2] نافرمانی سے اس جگہ زنا مرادنہیں بلکہ اس سے اتر کر گناہ مراد ہے جن سے ہمسایوں میں انسان کی بے عزتی ہوتی ہے۔ اس لئے ایسی سزا مقرر کی جس سے عورت عام طور پر محلہ میں نہ پھر سکے۔ ہاں اگر اس میں مرد ظلم سے کام لے تو عورت کو قاضی کے پاس شکایت کرنے کی اجازت ہے۔
اور اگر تمہیں ان دونوں (یعنی میاں بیوی) کے آپس (کے تعلقات) میں تفرقہ کا خوف ہو تو ایک پنچ اس (یعنی مرد) کے رشتہ داروں سے اور ایک پنچ اس (یعنی عورت) کے رشتہ داروں سے مقرر کرو (پھر) اگر وہ دونوں (پنچ) صلح کرانا چاہیں تو اللہ ان دونوں (میاں بیوی) کے درمیان موافقت پیدا کر دے گا۔ اللہ یقیناً بہت جاننے والا (اور) خبردار ہے۔