۴۔ سورۃ النساء

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور تم اللہ کی عبادت کرو اور کسی چیز کو اس کا شریک نہ بناؤ اور والدین کے ساتھ (بہت) احسان (کرو) اور (نیز) رشتہ داروں اور یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ اور (اسی طرح) رشتہ دار ہمسایوں اور بے تعلق ہمسایوں اور پہلو (میں بیٹھنے) والے لوگوں اور مسافروں اور جن کے تم مالک ہو (ان کے ساتھ بھی) (اور) جو متکبر اور اترانے والے ہوں انہیں اللہ ہرگز پسند نہیں کرتا۔

جو (خود بھی) بخل کرتے ہیں اور (دوسرے) لوگوں کو (بھی) بخل کرنے کی ہدایت کرتے ہیں اور جو کچھ اللہ نے اپنے فضل سے انہیں دیا ہے اسے چھپاتے ہیں اور ہم نے کافروں کے لئے ذلیل کرنے والا عذاب تیار کیا ہے۔

اور جو لوگ اپنے مال لوگوں کو دکھانے کے لئے خرچ کرتے ہیں اور نہ اللہ پر ایمان رکھتے ہیں اور نہ پیچھے آنے والے دن پر (ان کا انجام [1]برا ہوگا) اور جس (شخص) کا شیطان ساتھی ہو (وہ یاد رکھے کہ) وہ بہت برا ساتھی ہے۔

[1] خبر عربی میں بہت جگہ حذف کر دی جاتی ہے اور اسے عبارت سے نکالا جاتا ہے۔ ایسا ہی یہاں ہوا ہے۔ ہم نے ترجمہ میں اسے ظاہر کر دیا ہے۔

اور ان پر کیا (قہر ٹوٹتا) تھا اگر وہ اللہ پر اور پیچھے آنے والے دن پر ایمان لے آتے اور جو (کچھ) اللہ نے انہیں دیا ہے اس میں سے (اس کی راہ میں) خرچ کرتے، اور اللہ ان کے متعلق خوب علم رکھتا ہے۔

اللہ ہرگز ایک ذرہ بھر بھی ظلم نہیں کرے گا اور اگر (کسی کی) کوئی نیکی ہوگی تو اسے بڑھائے گا اور اپنے پاس سے (بھی) بہت بڑا اجر دے گا۔

اور ان کا کیا حال ہوگا جب ہم ہر ایک جماعت میں سے ایک گواہ لائیں گے اور تجھے ان لوگوں کے متعلق (بطور) گواہ لائیں گے۔

اس دن جنہوں نے کفر کیا ہے اور (اس) رسول کی نافرمانی کی ہے خواہش کریں گے کہ (کاش) ان کو زمین[1] میں دفن کر دیا جاتا۔ اور وہ اللہ سے کوئی بات نہ چھپا سکیں گے۔

[1] آیت میں ’’ان پر زمین کو برابر کر دیا جاتا‘‘ کے الفاظ ہیں۔ لیکن بامحاورہ اردو میں اس کا وہی مطلب ہے جو ہم نے لکھا ہے۔

اے ایماندارو! جب تک تم اپنے حواس میں نہ ہو نماز کے قریب نہ جاؤ اس وقت تک کہ تم جو (کچھ) کہہ رہے ہو اسے سمجھنے (نہ) لگو اور نہ ہی جنبی ہونے کی حالت میں (نماز کے قریب جاؤ) جب تک نہا (نہ) لو سوائے اس کے کہ تم راستہ پر چل رہے ہو۔ اور اگر تم مریض ہو یا سفر پر ہو (اور تم جنبی ہو تو تیمم کر لیا کرو) یا تم میں سے کوئی جائے ضرور سے آیا ہو (اور تم کو پانی نہ ملے) اور[2] تم عورتوں سے ہم صحبت[3] بھی ہو چکے ہو (یعنی جنبی ہو) اور تمہیں[4] پانی نہ ملے تو پاک مٹی کا قصد کرو (یعنی تیمم کرو) پھر (تم ان مٹی والے ہاتھوں کو) اپنے مونہوں اور ہاتھوں پر ملو۔ اللہ یقیناً بہت معاف کرنے والا (اور) بہت بخشنے والا ہے۔

[2] اَوْ کے معنے عربی میں کبھی ’’یا‘‘ کے ہوتے ہیں اور کبھی ’’اور‘‘ کے ہوتے ہیں۔ (مُغْنی اللَّبِیب جلد اول ص۶۰) اس جگہ ہم نے اس کے معنے ’’اور‘‘ کے کیے ہیں۔ کیونکہ اس کے ساتھ آیت کا مفہوم واضح ہو جاتا ہے۔

[3] یہ جُنُـبًا کا ہم مطلب ہے مگر جُنُـبًا کا لفظ چونکہ دور ہو گیا تھا اس لئے اس کے ہم معنے الفاظ اَوْ لٰمَسْتُمُ النِّسَآءَ استعمال کیے، ورنہ مضمون ایک ہی ہے۔

[4] فَلَمْ تَجِدُوْا مَآءً درحقیقت اَوْ جَآءَ اَحَدٌ مِّنْکُمْ مِّنَ الْغَآئِطِ کی بھی خبر ہے۔ اور لٰمَسْتُمُ النِّسَآءَ کی بھی، اس لئے ہم نے دونوں کے ساتھ اسے لگا دیا ہے تاکہ ترجمہ ٹھیک ہو جائے۔

کیا تجھے ان لوگوں کا حال معلوم نہیں جنہیں کتاب (الٰہی) سے کچھ حصہ دیا گیا تھا کہ وہ گمراہی کو اختیار کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ تم (بھی اصل) راستہ سے بھٹک جاؤ۔

اور اللہ تمہارے دشمنوں کو (تم سے) بڑھ کر جانتا ہے اور اللہ دوستی میں کافی ہے اور اللہ مددگار ہونے کے لحاظ سے بھی کافی ہے۔

جو لوگ یہودی ہیں ان میں سے بعض (خدا کی) باتوں کو ان کی جگہوں سے ادل بدل دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نے سنا اور باوجود اس کے ہم نے نافرمانی کی اور (کہتے ہیں کہ) تو ہماری باتیں سن (خدا کا کلام) تجھے کبھی نہ سنایا جائے اور ہمارا لحاظ کر (یہ بات) اپنی زبانوں سے جھوٹ بولتے[2] ہوئے اور دین میں طعن کرتے ہوئے (کہتے ہیں) اور اگر وہ یوں کہتے کہ ہم نے سنا اور ہم نے مان لیا اور (کہتے کہ) سن اور ہم پر (رحمت کی) نظر کر تو ان کے لئے بہتر اور زیادہ درستی کا موجب ہوتا (مگر وہ اس سے نہ صرف محروم رہے) بلکہ اللہ نے ان کے کفر کی وجہ سے ان پر لعنت کی اس لئے وہ ایمان نہیں لاتے[3]۔

[2] یعنی منہ سے تو رَاعِنَا کہہ دیتے ہیں مگر ان کے دل اس سے متفق نہیں ہوتے۔ دل میں وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو حقیر سمجھتے ہیں اور خیال کرتے ہیں کہ اس سے کسی رعایت کی طلب کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں۔

[3] عربی کے لفظ ہیں فَـلَا یُؤْمِنُوْنَ اِلَّا قَلِیْـلًا جن کا مطلب یہ ہے کہ وہ صرف قلیل ایمان لاتے ہیں۔ مگر محاورہ میں اس کے معنے بالکل ایمان نہ لانے کے ہیں۔

اے لوگو! جنہیں کتاب (الٰہی) دی گئی تھی اس (کتاب) پر جسے ہم نے (اب) اتارا ہے جو اس (کلام الٰہی) کو پورا کرنے والی ہے جو تمہارے پاس (پہلے سے موجود) ہے اس سے پیشتر ایمان لے آؤ کہ ہم تم میں سے بڑے[1] آدمیوں کو ہلاک کر دیں اور ان کو ان کی پیٹھوں کے بل پھرا دیں[2] یا جس طرح ہم نے سبت والوں پر لعنت کی تھی اسی[3] طرح ان پر (بھی) لعنت کریں اور اللہ کی بات (ضرور پوری) ہو کر رہے گی۔

[1] وَجْہٌ کے معنے قوم کے سردار کے ہوتے ہیں اور طمس کے معنے ہلاک کرنے کے ہوتے ہیں۔ عربی کے لحاظ سے قرآن مجیدنے تنوین کو کافی سمجھا ہے مگر ہم نے ترجمہ میں ’’تم میں سے‘‘ کے الفاظ بڑھا دئیے ہیں۔

[2] یعنی خطرناک شکست دیں جس سے ان کا سب جوش ٹھنڈا ہو جائے۔

[3] یہ لعنت جس کا ذکر اس آیت میں ہے اس کا تفصیلی ذکر سورۃ اعراف آیت ۱۶۴ تا ۱۶۷ میں آتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی