۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر, حصہ 5
اللہ (اس بات کو) ہرگز معاف نہیں کرے گا کہ (کسی کو) اس کا شریک قرار دیا جائے اور جو (گناہ) اس سے ادنیٰ ہو اسے جس کے حق میں چاہے گا معاف کر دے گا اور جس نے اللہ کے ساتھ (کسی کو) شریک قرار دیا ہو تو (سمجھو کہ) اس نے (بہت) بڑی بدی (کی بات) بنائی۔
کیا تجھے ان لوگوں کا حال معلوم نہیں جو اپنے آپ کو پاک قرار دیتے ہیں (ان کا یہ حق نہیں) بلکہ اللہ جسے پسند کرتا ہے اس کو پاک قرار دیتا ہے اور ان پر کھجور کی گٹھلی کی لکیر کے برابر بھی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
دیکھ! وہ کس طرح اللہ پر جھوٹ باندھ رہے ہیں اور یہ (بات) کافی (طور پر) کھلا (کھلا) گناہ ہے۔
کیا تجھے ان لوگوں کا حال معلوم نہیں جنہیں کتاب (الٰہی) میں سے کچھ حصہ دیا گیا تھا (کہ) وہ بے فائدہ[4] (باتوں) اور حد سے بڑھنے والوں پر ایمان رکھتے ہیں اور کافروں کے متعلق کہتے ہیں کہ یہ لوگ مومنوں کی نسبت زیادہ ہدایت یافتہ ہیں۔
[4] قرآن مجید میں جِبْت کا لفظ ہے اور لغت میں لکھا ہے کہ جِبْتٌ وہ چیز ہوتی ہے جس میں کوئی فائدہ نہ ہو (اقرب)
یہ وہ لوگ ہیں جن پر اللہ نے لعنت کی ہے اور جس پر اللہ لعنت کرے تو اس کا مددگار ہرگز (کسی کو) نہیں پائے گا۔
کیا ان کا حکومت میں کوئی حصہ ہے؟ تب تو وہ لوگوں کو کھجور کی گٹھلی کے سوراخ کے برابر بھی نہ دیں گے۔
یا جو (کچھ) اللہ نے اپنے فضل سے لوگوں کو دیا ہے (کیا) وہ اس کی بنا پر ان سے حسد کرتے ہیں؟ (اگر یہ بات ہے) تو ہم نے ابراہیم کی اولاد کو (بھی) کتاب[1] اور حکمت دی تھی۔ اور (نیز) ہم نے ان کو بڑی حکومت دی تھی۔
[1] یعنی یہود کو اس وقت کیوں غصہ نہ آیا؟
پھر ان میں سے بعض تو اس (نئی کتاب) پر ایمان لے آئے اور بعض ان میں سے اس سے رک رہے اور جہنم تمازت[2] میں بہت[3] زیادہ ہے۔
[2] سَعِیْر سَعْرٌ سے ہے جس کے اصل معنے تمازت کے ہیں (مفردات)
[3] قرآن مجید میں لفظ کَفٰی کا ہے۔ مگر اردو میں کافی کا لفظ اس موقعہ پر استعمال نہیں ہوتا۔ اردو میں کافی کہیں تو اس کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ میری ضرورت پورا کرتی ہے۔ اور جہنم ضرورت پورا نہیں کرتی۔ اس لئے ہم نے آیات کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ جہنم تمازت میں بہت زیادہ ہے۔
جن لوگوں نے ہماری آیات کا انکار کیا ہے ہم جلدی (ہی) انہیں آگ میں ڈالیں گے جب کبھی بھی ان کی کھالیں گل جائیں گی۔ ہم انہیں ان کے سوا اور کھالیں بدل کر دے دیں گے (اور ہم یہ) اس لئے (کریں گے) تا (کہ) وہ عذاب (کا مزا) چکھیں اللہ یقیناً غالب (اور) حکمت والا ہے۔
اور جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک اعمال کیے ہیں انہیں ہم ضرور ایسے باغات میں داخل کریں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں وہ ہمیشہ ان میں رہتے چلے جائیں گے۔ ان کے لئے ان میں پاک بیویاں ہوں گی۔ اور ہم انہیں گھنے سایہ میں رہنے کے لئے داخل کریں گے۔
اللہ تمہیں یقیناً (اس بات کا) حکم دیتا ہے کہ تم امانتیں[1] ان کے مستحقوں کے سپرد کرو۔ اور (یہ کہ) جب تم لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو عدل سے فیصلہ کرو اللہ جس بات کی تمہیں نصیحت کرتا ہے وہ یقیناً بہت (ہی) اچھی ہے۔ اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) دیکھنے والا ہے۔
[1] اس جگہ حکومت کا ذکر ہے اور آیت کا مطلب یہ ہے کہ حکام کو جب چنو تو اہل دیکھ کر چنو، رعایت یا جَنبہ داری سے کام نہ لو۔ پھر دوسرا حصہ منتخب حکام کو مخاطب کرکے بیان کیا ہے کہ اے حکام! جب تم چنے جاؤ تو ہمیشہ عدل اور انصاف کو مدنظر رکھو اور جنبہ داری سے کام نہ لو، خواہ ایک فریق تمہاری پارٹی کا مخالف ہی کیوں نہ ہو۔
اے ایماندارو! اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی اور اپنے فرمانرواؤں کی بھی اطاعت کرو، پھر اگر تم (حکام سے) کسی امر میں اختلاف کرو تو اگر تم اللہ اور پیچھے آنے والے دن پر ایمان رکھتے ہو تو اسے اللہ اور رسول کی طرف لوٹا دو (اور ان کے حکم کی روشنی میں معاملہ طے کرو) یہ (بات) بہتر اور انجام کے لحاظ سے زیادہ اچھی ہے۔