۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر, حصہ 6
کیا تو نے ان لوگوں کا حال نہیں دیکھا جو دعویٰ کرتے ہیں کہ جو (کچھ) تیری طرف نازل کیا گیا ہے اور (نیز) جو تجھ سے پہلے نازل کیا گیا تھا وہ اس پر ایمان لے آئے ہیں اور باوجود اس کے کہ ان کو حکم دیا گیا تھا کہ سرکشوں[2] سے فیصلہ نہ کرائیں اور ان کے کہے پر نہ چلیں وہ چاہتے ہیں کہ انہی سے فیصلہ کرائیں کیونکہ شیطان چاہتا ہے کہ انہیں خطرناک گمراہی میں ڈال دے۔
[2] یہ آیت منافقوں کے متعلق ہے جو رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے فیصلہ کروانے کی بجائے دوسرے لوگوں کے فیصلہ کو پسند کرتے تھے۔
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ جو کچھ اللہ نے اتارا ہے، اس کی طرف اور رسول کی طرف آؤ تو تو منافقوں کو دیکھتا ہے کہ وہ تجھ سے بالکل پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
پھر (یہ) کیوں [1](ہوتا ہے کہ) جب ان پر ان کے افعال کے نتیجہ میں کوئی مصیبت آتی ہے تو وہ (گھبرا جاتے ہیں اور) تیرے پاس اللہ کی قسمیں کھاتے ہوئے آتے ہیں کہ ہم نے تو صرف نیک سلوک اور صلح کرانے کا ارادہ کیا تھا۔
[1] قرآن مجید میں کَیْفَ کا لفظ ہے جس کے معنے کس طرح کے ہیں۔ مگر اردو میں چونکہ اس جگہ کیوں کا لفظ بولتے ہیں ہم نے ترجمہ میں ’’کیوں‘‘ لکھ دیا ہے تاکہ مطلب واضح ہو جائے۔
یہ وہ لوگ ہیں کہ جو (کچھ) ان کے دلوں میں ہے اللہ اسے (خوب) جانتا ہے۔ پس تو ان سے اعراض کر۔ اور انہیں نصیحت کر۔ اور انہیں ان کے نفوس کے متعلق موثر بات کہہ۔
اور ہم نے کوئی رسول (بھی) سوائے اس غرض کے کہ اللہ کے حکم سے اس کی اطاعت کی جائے نہیں بھیجا اور جب انہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا تھا اگر (اس وقت) وہ تیرے پاس آتے اور اللہ سے بخشش چاہتے اور رسول (بھی) ان کے حق میں بخشش طلب کرتا تو وہ ضرور اللہ کو بہت شفقت کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا پاتے۔
پس تیرے رب کی قسم ہے کہ جب تک وہ (ہر) اس بات میں جس کے متعلق ان میں جھگڑا ہو جائے تجھے حکم نہ بنائیں (اور) پھر جو فیصلہ تو کرے اس سے اپنے نفوس میں کسی قسم کی تنگی نہ پائیں اور پورے طور پر فرمانبردار (نہ) ہو جائیں ہرگز ایمان دار نہ ہوں گے۔
اور اگر ہم انہیں (یہ) حکم دیتے کہ تم اپنے آپ کو قتل کر دو[2] یا یہ کہ اپنے گھروں [3]سے نکل جاؤ تو ان میں سے چند کے سوا (باقی) یہ (کام) نہ کرتے اور اگر وہ جس (کام) کی انہیں نصیحت کی جاتی اسے کر لیتے تو ان کے لئے بہتر اور زیادہ پختگی کا موجب ہوتا۔
[2] یعنی بڑے بڑے مجاہدات کرو۔
[3] اس سے مراد جہاد کے لئے نکلنا ہے نہ کہ بے فائدہ نکلنا۔
اور اس صورت میں ہم انہیں یقیناً اپنے پاس سے (بہت) بڑا بدلہ دیتے۔
اور (نیز) ہم انہیں ضرور سیدھا راستہ دکھاتے۔
اور جو (لوگ بھی) اللہ اور اس رسول کی اطاعت کریں گے وہ ان لوگوں میں شامل[1] ہوں گے جن پر اللہ نے انعام کیا ہے یعنی انبیاء اور صدیقین اور شہداء اور صالحین (میں) اور یہ لوگ (بہت ہی) اچھے رفیق ہیں۔
[1] قرآن کریم میں مَعَ کا لفظ ہے جس کے معنے ساتھ کے ہیں مگر مَعَ کے معنے مِنْ کے بھی ہوتے ہیں اور وہی معنے ہم نے یہاں کیے ہیں ورنہ تَوَفَّنَا مَعَ الْاَبْرَارِ کی آیت کے یہ معنے کرنے پڑیں گے کہ جب نیک فوت ہوں تو ساتھ ہی ہم کو بھی مار دے۔ اور یہ بالبداہت غلط اور خلاف عقل دعا بن جاتی ہے۔
یہ فضل اللہ کی طرف سے ہے۔ اور اللہ بہت جاننے والا ہے۔
اے ایماندارو! اپنے بچاؤ (کے سامان ہر وقت) تیار رکھو اور (خواہ) چھوٹی جماعتوں میں (گھروں سے) نکلو یا بڑی جماعتوں میں نکلو (ہمیشہ حفاظت کے سامان پاس رکھا کرو)