۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر, حصہ 7
اور تم میں سے بعض (آدمی) یقیناً ایسے (بھی ہوتے) ہیں جو (ہر کام کے موقعہ پر) لازماً پیچھے رہتے ہیں اور اگر تمہیں کوئی مصیبت پہنچے تو کہتے ہیں کہ اللہ نے مجھ پر احسان کیا ہے کہ میں ان کے ساتھ حاضر نہ تھا۔
اور اگر اللہ کی طرف سے تمہیں کوئی فضل (کی بات) پہنچے تو وہ لازماًکہہ اٹھتے ہیں کہ کاش ہم (بھی) ان کے ساتھ ہوتے تا کہ (بہت) بڑی کامیابی پاتے گویا کہ ان کے اور تمہارے درمیان کوئی دوستانہ تعلق تھا ہی نہیں۔
پس جو لوگ ورلی زندگی کو چھوڑ کر آخرت کو اختیار کرتے ہیں۔ انہیں اللہ کی راہ میں جنگ کرنی چاہیئے۔ اور جو اللہ کی راہ میں جنگ کرے پھر مارا جائے یا غالب آجائے تو اسے ہم جلد (ہی بہت) بڑا اجر دیں گے۔
اور تمہیں کیا (ہوگیا) ہے کہ تم اللہ کی (راہ میں) اور ان کمزور مردوں اور عورتوں اور بچوں کی راہ [1]میں جنگ نہیں کرتے جو کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب! ہمیں اس بستی سے جس کے رہنے والے ظالم ہیں نکال اور اپنی جناب سے ہمارا کوئی دوست بنا (کربھیج) اور اپنے حضور سے (کسی کو) ہمارا مددگار بنا (کر کھڑا کر)۔
[1] یعنی ان کو آزاد کرانے کے لئے جو کافروں کے ظلموں کا شکار ہو رہے ہیں۔
جو لوگ مومن ہیں وہ اللہ کی راہ میں جنگ کرتے ہیں۔ اور جو کافر ہیں وہ شیطان کی راہ میں جنگ کرتے ہیں۔ اس لئے تم شیطان کے دوستوں سے جنگ کرو۔ شیطان کی تدبیر کمزور (ہوتی) ہے۔
کیا تجھے ان لوگوں کا حال معلوم نہیں جنہیں کہا گیا تھا کہ تم اپنے ہاتھوں کو روکے رکھو اور نماز قائم کرو اور زکٰوۃ دو (لیکن وہ جنگ کی طرف مائل تھے) لیکن جب جنگ کرنا ان پر فرض کیا گیا تو یکدم ان میں سے کچھ آدمی لوگوں سے اسی طرح ڈرنے لگے جس طرح خدا سے ڈرنا چاہیئے بلکہ اس سے بھی زیادہ اور کہنے لگے کہ اے ہمارے رب! تو نے ہم پر جنگ کرنا کیوں فرض کیا ہے۔ کیوں نہ تو نے کچھ دیر کے لئے ہمیں (اور) ڈھیل دی۔ تو کہہ دے (کہ) دنیا کا فائدہ حقیر ہے اور جو تقویٰ اختیار کرے اس کے لئے پیچھے آنے والی (زندگی) بہتر ہے اور تم پر کھجور کی گٹھلی کے اندر کی لکیر کے برابر (بھی) ظلم نہ کیا جائے گا۔
تم جہاں کہیں بھی ہو موت تمہیں آپکڑے گی خواہ تم مضبوط قلعوں میں (ہی کیوں نہ) ہو اور اگر انہیں (یعنی مذکورہ بالا لوگوں کو) کوئی بھلائی پہنچتی ہے تو کہتے ہیں کہ یہ اللہ کی طرف سے ہے اور اگر کوئی برائی پہنچتی ہے تو کہتے ہیں کہ یہ تیری طرف سے ہے۔ تو کہہ دے (کہ) سب (کچھ) اللہ (ہی) کی طرف سے ہے پس ان لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ کسی بات کے سمجھنے کے قریب (تک) نہیں جاتے۔
جو بھلائی تجھے پہنچے وہ تو اللہ کی طرف سے ہے۔ اور جو برائی تجھے پہنچے وہ تیری اپنی طرف سے[1] ہے۔ اور ہم نے تجھے لوگوں کے لئے رسول بنا کر بھیجا ہے۔ اور اللہ خوب اچھا گواہ ہے۔
[1] جو لوگ منافق ہوتے ہیں ان کا یہ طریق ہوتا ہے کہ جب کامیابی نصیب ہو تو اسے خداتعالیٰ کی طرف منسوب کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ آسمانی سلسلہ ہے اس نے تو اس طرح ترقی کرنی ہی تھی۔ لیکن جب کوئی تکلیف پہنچے تو کہہ دیتے ہیں کہ رسول سے یا خلیفہ سے غلطی ہو گئی تھی یہ اس کا نتیجہ ہے فرماتا ہے کہ جس نقطہ نگاہ سے تم کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کرتے ہو۔ اس نقطہ نگاہ سے تو سکھ اور دکھ دونوں اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہیں۔ ایک کو خداتعالیٰ کی طرف منسوب کرنا اور دوسری کو رسول کی طرف، کیا اس غرض سے نہیں کہ لوگوں کے دلوں میں رسول کی محبت کم ہو اور اس کی وقعت ان کے دلوں سے جاتی رہے۔ مگر فرماتا ہے ایک اور نقطہ نگاہ بھی ہے اور وہ یہ کہ تمام قوتیں اللہ تعالیٰ نے نیکی کے لئے پیدا کی ہیں۔ پس جب بندہ ان کاغلط استعمال کرتا ہے تو دکھ میں پڑتا ہے۔ اس لحاظ سے بندہ کو چاہیے کہ نیکی کو خدا کی طرف اور نقصان کو اپنی طرف منسوب کرے۔ یہ نہیں کہ اسے امام کی طرف منسوب کرے۔ بے شک یہ کہے کہ میری شامت اعمال سے یہ نقصان پہنچا ہے لیکن دوسرے کی طرف منسوب نہ کرے۔ چونکہ یہ ایک عام قاعدہ بتایا تھا اس لئے مخاطب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کر لیا۔ ورنہ ہر شخص کو چاہیے کہ جو تکلیف اسے پہنچے اسے بجائے دوسروں کی طرف منسوب کرنے کے اپنی ذات کی طرف منسوب کرے اور فائدہ خدا کی طرف منسوب کرے۔ چنانچہ آیت کا اگلا ٹکڑا اور دوسری آیت صاف بتا رہی ہے کہ رسول یہاں اصل مخاطب نہیں۔ چنانچہ اگلی آیت میں پھر سب کچھ اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کر دیا اور بتا دیا کہ رسول کی اطاعت تو اللہ کی اطاعت ہے۔ پس اس کی اطاعت میں اگر کوئی تکلیف آتی ہے تو یقیناً تقدیر الٰہی ہے اور اگر اس کی خلاف ورزی کرکے یا اس وجہ سے کہ اس نے تمہاری بات مان لی کوئی مصیبت آتی ہے تو اس کی طرف کیوں کر منسوب ہو سکتی ہے۔ وہ تمہاری طرف منسوب ہونی چاہیے۔ اور جو خداتعالیٰ کی تقدیر کے ماتحت مشکل آئے گی وہ کبھی خراب نتیجہ پیدا کرنے والی نہیں ہوگی۔
جو رسول کی اطاعت کرے (تو سمجھو کہ) اس نے اللہ کی اطاعت کی اور جو لوگ پیٹھ پھیر گئے تو (یاد رہے کہ) ہم نے تجھے ان پر نگہبان بنا کر نہیں بھیجا۔
اور وہ کہتے ہیں (کہ ہمارا کام تو) فرمانبرداری (ہے) پھر جب تیرے پاس سے چلے جاتے ہیں تو ان میں سے ایک گروہ جو کچھ تو کہتا ہے اس کے مخالف تدبیریں کرتا ہے۔ اور جو تدبیریں وہ کرتے ہیں اللہ انہیں محفوظ[2] کرتا جاتا ہے اس لئے تو ان سے اعراض کر اور اللہ پر بھروسہ رکھ اور اللہ کے بعد کسی اور کارساز کی ضرورت نہیں۔
[2] یعنی ان کا حساب رکھتا جاتا ہے۔ وقت آنے پر اس کی سزا دے گا۔
پس کیا وہ (لوگ) قرآن پر غور نہیں کرتے اور (نہیں سمجھتے کہ) اگر وہ اللہ کے سوا (کسی اور) کی طرف سے ہوتا تو وہ یقیناً اس میں بہت سا اختلاف پاتے۔
اور جب (بھی) ان کے پاس امن (کی) یا خوف کی کوئی بات پہنچتی ہے تو وہ اسے مشہور کر دیتے ہیں اور اگر وہ اسے رسول کی طرف اور اپنے حکام کی طرف لے جاتے تو ان میں سے جو (لوگ) اس (یعنی مقررہ بات کی اصلیت) کو معلوم کر لیا کرتے ہیں اس (کی حقیقت) کو پالیتے اور اگر تم پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی تو سوائے چند ایک کے (باقی لوگ) شیطان کے پیچھے چل پڑتے۔