۴۔ سورۃ النساء

تفسیر صغیر, حصہ 8

سو تُو اللہ کی راہ میں لڑائی کر تجھے اپنے نفس کے سوا (کسی کا) ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاتا۔ اور (تیرا کام صرف یہ ہے کہ) تو مومنوں کو ترغیب دے۔ بالکل ممکن ہے کہ اللہ کافروں کی جنگ کو روک دے اور اللہ کی جنگ سب سے بڑھ کر سخت (ہوتی) ہے اور اس کا عذاب بھی سب سے بڑھ کر سخت (ہوتا) ہے۔

جو (شخص) اچھی سفارش کرے اس کے لئے اس میں سے ایک حصہ ہوگا اور جو شخص بری سفارش کرے اس میں سے اس کے لئے (ویسا ہی) حصہ ہوگا۔ اور اللہ ہر ایک امر پر کامل قدرت رکھتا ہے۔

اور جب تمہیں کوئی دعا دی جائے تو تم اس سے اچھی دعا دو یا (کم سے کم) اسی کو لوٹا دو۔ اللہ یقیناً ہر ایک امر کا حساب لینے والا ہے۔

اللہ (وہ ذات ہے کہ) اس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ تمہیں بلاشک و شبہ قیامت[1] کے دن تک جمع کرتا (چلا) جائے گا جس کے آنے میں کوئی شک نہیں اور اللہ سے بڑھ کر کس کی بات سچی (ہوسکتی) ہے۔

[1] یعنی قیامت صُغریٰ (جو موت ہے) اس کے بعد ارواح کو محفوظ رکھے گا یہاں تک کہ قیامت کُبریٰ یعنی حشر کا دن آجائے۔

اور تمہیں کیا (ہوگیا) ہے (کہ تم) منافقوں کے متعلق دو گروہ (ہو رہے) ہو۔ حالانکہ جو کچھ انہوں نے کمایا ہے اس کے سبب سے اللہ نے انہیں اوندھا [1]کر دیا ہے کیا جسے اللہ نے ہلاک کر دیا ہے تم اسے راہ پر لاؤ گے؟ اور جسے اللہ ہلاک کرے تو اس کے لئے ہرگز کوئی رستہ نہ پائے گا۔

[1] یعنی ان کی عقل مار دی ہے۔

وہ چاہتے[2] ہیں کہ جس طرح وہ (خود) کافر ہو چکے ہیں کاش! تم (بھی اسی طرح) کافر ہوجاؤ۔ اور (وہ اور تم) برابر ہو جاؤ۔ اس لئے جب تک وہ اللہ کی راہ میں ہجرت (نہ) کریں تم ان میں سے (کسی کو) دوست نہ بناؤ۔ پھر اگر وہ پھر جائیں[3] تو تم انہیں پکڑو اور جہاں انہیں پاؤ انہیں قتل کردو اور نہ ان میں سے (کسی کو) دوست بناؤ اور نہ مددگار۔

[2] یہ ان منافقوں کا ذکر ہے جو کفار کے ملک میں رہتے تھے اور جب مسلمانوں کو بڑھتا دیکھتے تھے کفار کی مدد کرنے لگتے تھے تا مسلمانوں کو یہ کہہ کر دھوکا دیں کہ وہ مسلمان ہیں اور کافروں کو اپنی مدد سے دھوکا دیں۔

[3] ’’پھر جائیں‘‘ سے یہ مراد ہے کہ رسول کی اطاعت کے متعلق ہمارے حکم کو نہ مانیں۔

باستثنا ء ان لوگوں کے جو (یا تو) کسی ایسی قوم سے تعلق رکھتے ہوں جن کے اور تمہارے درمیان (کوئی) معاہدہ ہو (اور) وہ تمہارے پاس اس حالت میں آئیں کہ تم سے جنگ کرنے (سے) یا اپنی قوم سے جنگ کرنے سے ان کے سینے انقباض[4] رکھتے ہوں اور اگر اللہ چاہتا تو انہیں یقیناً تم پر غلبہ دیتا۔ تب وہ ضرور تم سے لڑتے پس اگر وہ تم سے کنارہ کش ہو جائیں اور تم سے جنگ نہ کریں اور تمہاری طرف صلح (کی طرح) ڈالیں تو اللہ نے تمہارے لئے ان کے خلاف (تعدی کا) کوئی رستہ (باقی) نہیں رکھا۔

[4] یعنی ایک طرف تو وہ معاہدین میں سے ہوں دوسری طرف وہ تم سے بھی جنگ نہ کریں اور بوجہ معاہدین میں سے ہونے کے اپنی قوم سے بھی جنگ نہ کریں۔

تم ضرور (کچھ) اور[1] لوگوں کو (ایسا) پاؤ گے کہ وہ چاہتے ہیں کہ تم سے (بھی) امن میں رہیں اور اپنی قوم سے (بھی) امن میں رہیں جب بھی انہیں فتنہ کی طرف لوٹایا گیا (ہے) تو وہ اس میں اوندھے منہ گرائے جاتے رہے ہیں۔ پس اگر وہ تم سے کنارہ کش نہ ہو جائیں اور تمہاری طرف صلح (کی طرح نہ) ڈالیں اور اپنے ہاتھوں کو روک (نہ) لیں۔ تو تم انہیں پکڑو اور جہاں (کہیں) انہیں پاؤ انہیں قتل کرو۔ اور یہ لوگ ایسے ہیں کہ ہم نے ان کے خلاف تمہیں روشن حجت دی ہے۔

[1] اوپر کی آیت میں معاہدین کا ذکر تھا۔ اس آیت میں منافقوں کا ذکر ہے۔ پس سلوک کا فرق حالات کی وجہ سے ہے۔

اور کسی مومن کی یہ شان نہیں کہ وہ کسی مومن کو قتل کرے۔ سوائے (اس کے کہ) غلطی کے (ساتھ ایسا ہو جائے) اور جو (مومن) کسی مومن کو نادانستہ قتل کردے تو (اس پر) ایک مومن (غلام کی) گردن کا آزاد کرنا، اور خون بہا دینا (واجب) ہوگا۔ جو اس کے ورثا کو دیا جائے گا۔ سوائے اس (صورت) کے کہ وہ اسے بطور صدقہ (چھوڑ) دیں اور اگر وہ (مقتول) کسی تمہاری دشمن قوم سے ہو اور وہ (خود) مومن ہو۔ تو (اس فعل پر صرف) ایک مومن (غلام کی) گردن کا آزاد کرنا (کافی) ہوگا۔ اور اگر وہ (مقتول) کسی ایسی قوم میں سے ہو۔ جس کے درمیان اور تمہارے درمیان معاہدہ ہو۔ تو (قاتل پر) خون بہا (واجب) ہوگا۔ جو اس (مقتول) کے ورثا کو دیا جائے گا۔ اسی طرح ایک مومن (غلام کی) گردن کا آزاد کرنا بھی ضروری ہوگا۔ اور جو (اس کی طاقت) نہ پائے۔ تو (اس پر) دو مہینوں کے متواتر روزے رکھنا (واجب) ہوگا یہ (نرمی) اللہ کی طرف سے شفقت کے طور پر ہے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔

اور جو (شخص) کسی مومن کو دانستہ قتل کر دے تو اس کی سزا جہنم ہوگی۔ وہ اس میں دیر تک رہتا چلا جائے گا اور اللہ اس سے ناراض ہوگا اور اسے (اپنی جناب سے) دور کر دے گا اور اس کے لئے (بہت) بڑا عذاب تیار کرے گا۔

اے ایماندارو! جب تم اللہ کی راہ میں سفر کرو تو چھان بین کر لیا کرو۔ اور جو تمہیں سلام کہے اسے (یہ) نہ کہا کرو کہ تو مومن نہیں۔ تم ورلی زندگی[1] کا سامان چاہتے ہو۔ سو اللہ کے پاس بہت سی غنیمتیں ہیں پہلے تم (بھی) ایسے ہی تھے۔ پھر اللہ نے تم پر احسان کیا۔ پس تم پر لازم ہے (کہ) تم چھان بین کر لیا کرو۔ جو کچھ تم کرتے ہو اس سے اللہ یقیناً آگاہ ہے۔

[1] یعنی اگر سلام کرنے پر بدظنی کرو اور اسے دھوکے باز قرار دو تو اس کے یہ معنے ہوں گے کہ آخرت پر تم دنیا کو ترجیح دیتے ہو اور چاہتے ہو کہ اسے کافر مُقَاتِل قرار دے کر اس کے اموال پر قبضہ کرلو۔

مومنوں میں سے ایسے بیٹھ رہنے والے جو ضرر رسیدہ نہیں ہیں اور اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے برابر نہیں (ہوسکتے) اللہ نے اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ذریعہ جہاد کرنے والوں کو (پیچھے) بیٹھ رہنے والوں پر درجہ میں فضیلت دی ہے اور سب سے اللہ نے بھلائی کا وعدہ کیا ہے۔ اور اللہ نے جہاد کرنے والوں کو (پیچھے) بیٹھ رہنے والوں پر (بہت) بڑے اجر کا وعدہ کرکے (ضرور) فضیلت دی ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی