۵۔ سورۃ المائدة
تفسیر صغیر, حصہ 3
انہوں نے کہا (کہ) اے موسیٰ! جب تک وہ (لوگ) اس میں ہیں ہم اس زمین میں کبھی بھی داخل نہ ہوں گے اس لئے تو اور تیرا رب (دونوں) جاؤ اور (ان سے) جنگ کرو، ہم تو بہرحال اسی جگہ بیٹھے رہیں گے۔
(موسیٰ نے) کہا اے میرے رب! میں اپنی جان (کے سوا) اور اپنے بھائی کے سوا کسی (اور) پر ہرگز تصرف نہیں رکھتا، اس لئے تو ہمارے درمیان اور باغی لوگوں کے درمیان امتیاز کردے۔
(اللہ نے) فرمایا (اگر تیری یہی خواہش ہے) تو انہیں اس (ملک) سے چالیس سال (تک) کے لئے یقینی طور پر محروم کر دیا جاتا ہے، وہ زمین میں سرگردان (ہوکر) پھرتے رہیں گے پس تو باغی لوگوں پر افسوس نہ کر۔
اور تو (یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم) انہیں آدم کے دو بیٹوں کا قصہ[1] صحیح طور پر سنا (یعنی اس وقت کا واقعہ) جب کہ ان دونوں نے ایک قربانی پیش کی تو ان میں سے ایک کی (قربانی تو) قبول کر لی گئی اور دوسرے کی قبول نہ کی گئی (جس پر) اس نے (اپنے بھائی سے) کہا (کہ) میں تجھے ضرور قتل کردوں گا۔ اس نے کہا۔ اللہ صرف متقیوں کی (قربانی) قبول کیا کرتا ہے۔
[1] اس تمثیل میں بنو اسرائیل اور بنو اسماعیل کا مقابلہ کیا گیا ہے۔ بنو اسرائیل محمدی نبوت کی وجہ سے قابیل کی طرح مسلمانوں سے بغض رکھتے تھے۔ حالانکہ قربانی قبول کرنا خداتعالیٰ کا کام ہے۔ خود قربانی دینے والے کا کام نہیں۔
اگر تو نے مجھے قتل کرنے کے لئے میری طرف اپنا ہاتھ بڑھایا[2] (بھی) (تو) میں تجھے قتل کرنے کے لئے اپنا ہاتھ تیری طرف ہرگز نہیں بڑھانے کا۔ میں اللہ سے جو سب جہانوں کا رب ہے یقیناً ڈرتا ہوں۔
[2] اس کے یہ معنے نہیں کہ میں دفاع نہیں کروں گا بلکہ یہ معنے ہیں کہ میں دفاع اس شدت سے نہیں کروں گا جس کا لازمی نتیجہ دشمن کا قتل ہو۔
مَیں یقیناً چاہتا [3]ہوں کہ تو میرا گناہ (بھی) اور اپنا گناہ (بھی) ہمیشہ کے لئے اٹھالے۔ جس کا نتیجہ یہ ہو کہ تو دوزخیوں میں سے ہو جائے اور یہ ظالموں کا بدلہ ہے۔
[3] اس سے یہ مرادنہیں کہ دل سے چاہتا ہوں بلکہ یہ مراد ہے کہ اخلاقی مجبوری کی وجہ سے دفاع میں شدت بھی اختیار نہیں کروں گا۔ جس کی وجہ سے تو میرے گناہ بھی اٹھالے گا۔ یہی حال یہود کا ہوا کہ مسلمانوں نے صلح کی طرح ڈالی، مگر وہ لڑنے کے لئے نکل آئے۔ بلکہ کفار کو بھی اکسایا اور آخر شدید گناہ میں مبتلا ہو کر سزا پائی۔
پھر اس (بھائی) کا دل (جس کی قربانی قبول نہ ہوئی تھی) اپنے بھائی کے قتل کر دینے پر راضی ہو گیا اور اس نے اسے قتل کر دیا۔ جس پر وہ نقصان اٹھانے والوں میں (شامل) ہو گیا۔
تب اللہ نے ایک کوّے [4]کو جو زمین کو کریدتا تھا اس لئے بھیجا کہ اسے بتائے کہ اپنے بھائی کی لاش کو کس طرح چھپائے۔ اس نے کہا۔ اے میری[5] ہلاکت! (جلد آ) کیا مجھ سے (اتنا بھی) نہ ہو سکا کہ میں اس کوے کی طرح ہو جاؤں اور اپنے بھائی کی لاش کو ڈھانپ دوں۔ تب وہ پشیمانوں میں سے ہو گیا۔
[4] یعنی اتفاقاً ایک کوّا آگیا اور اس نے دوسرے کوّے کی لاش دیکھی اور پنجوں اور چونچ سے مٹی کرید کر اس پر ڈال دی اس پر قاتل بھائی کے دل میں جوش محبت پیدا ہوا اور اس نے یہ کہا۔ خداتعالیٰ کے کوّا بھیجنے سے مراد یہی ہے کہ اس کے عام قانون کے ماتحت ایک کوّا اڑتا ہوا وہاں پہنچ گیا۔
[5] عربی کا محاورہ ہے کہ حسرت اور افسوس کے وقت یہ الفاظ کہتے ہیں۔
اس وجہ سے ہم نے بنی اسرائیل پر فرض[2] کر دیا تھا کہ (وہ خیال رکھیں کہ) جو کسی شخص کو بغیر اس کے کہ اس نے قتل کیا ہو یا ملک میں فساد پھیلایا ہو، قتل کر دے تو گویا اس نے تمام لوگوں کو قتل کر دیا اور جو اسے زندہ[3] کرے تو گویا اس نے تمام لوگوں کو زندہ کر دیا۔ اور ہمارے رسول ان کے پاس یقیناً کھلے نشان لے کر آئے تھے۔ پھر بھی ان میں سے بہت سے (لوگ) ملک میں زیادتیاں کرتے جا رہے[4] ہیں۔
[2] اس سے تورات کی تعلیم کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ ورنہ یہ مرادنہیں کہ یہ واقعہ نہ ہوتا تو یہ حکم بھی نہ ملتا۔ درحقیقت اس میں اشارہ ہے کہ جب کوئی شخص کسی ایسے آدمی کو ماردے جو دنیا کے لئے اہم ہو تو اسے ایسا ہی سمجھا جائے گا جیسا کہ اس نے سب دنیا کو مار دیا۔
[3] یعنی اس کے کام میں مدد دے۔
[4] قرآن مجید میں اِنَّ تاکید کا حرف ہے اس کا ترجمہ اردو میں ناممکن ہے اس لئے ہم نے ’’کرتے جارہے ہیں‘‘ ترجمہ کر دیا ہے جو خود تاکید کے لئے بولا جاتا ہے۔
جو لوگ اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرتے ہیں اور فساد کی غرض سے ملک میں (جنگ کی آگ بھڑکانے کے لئے) دوڑتے (پھرتے) ہیں۔ ان کی مناسب سزا یہی ہے کہ ان میں سے ایک ایک کو قتل کیا جائے یا صلیب پر لٹکا کر مارا جائے یا ان کے ہاتھ اور ان کے پاؤں مخالفت کی وجہ سے کاٹ دئیے جائیں یا انہیں ملک سے نکال دیا[5] جائے۔ (اگر) یہ (سزا ملتی تو) ان کے لئے دنیا میں رسوائی (کا موجب) ہوتی اور آخرت میں بھی ان کے لئے (بہت بڑا) عذاب (مقدر) ہے۔
[5] یہ تمام کام بتا رہے ہیں کہ یہ کام حکومت کے سپرد ہے۔ نہ کہ رعایا میں سے جس کا دل چاہے دوسرے پر فتویٰ لگا کر ایسی سزا دینے لگ جائے۔
مگر وہ لوگ جو پیشتر اس کے کہ تم ان پر قابو[1] پاؤ، توبہ کر لیں تو جان لو کہ اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (اسی وجہ سے اس نے توبہ کرنے والوں کو سزا سے محفوظ کر دیا ہے[2]۔)
[1] یہ الفاظ بھی دلالت کرتے ہیں کہ یہ حکم حکومت کے لئے ہے رعایا کے لئے نہیں کیونکہ پولیس اور فوج حکومت کے ماتحت ہوتی ہے۔ نہ کہ رعایا کے افراد کے ماتحت۔
[2] اس حکم سے واضح ہے کہ شریعت اسلام کی بنیاد رحم پر ہے۔ اور اگر کوئی شخص سزا پانے سے پہلے توبہ کرلے تو اس کی توبہ قبول کرلی جاتی ہے اور اس کے ساتھ بے گناہوں کا سا سلوک کیا جاتا ہے مگر چونکہ دلوں کا حال خداتعالیٰ جانتا ہے یہ فیصلہ کرنا صرف خداتعالیٰ کا کام ہے۔
اے ایمان دارو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور اس کے حضور میں قرب (حاصل کرنے کی راہیں) ڈھونڈو اور اس کی راہ میں کوشش کرو تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔