۵۔ سورۃ المائدة
تفسیر صغیر, حصہ 4
جو لوگ کافر ہیں اگر زمین میں جو کچھ (بھی پایا جاتا) ہے (وہ) سب اور اتنا (ہی) اس کے ساتھ (اور مال بھی) ان کے پاس ہوتا تاکہ وہ قیامت کے دن کے عذاب کے بدلہ میں اسے دے دیتے تو بھی وہ ان کی طرف سے قبول نہ کیا جاتا اور ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔
وہ آگ سے نکلنا چاہیں گے مگر ہرگز اس سے نکل[3] نہیں سکیں گے اور ان کے لئے ایک قائم رہنے والا عذاب (مقدر) ہے۔
[3] مطلب یہ کہ اپنے زور سے جہنم سے کوئی آزادنہ ہو سکے گا۔ مگر دوسری جگہ لکھا ہے کہ خداتعالیٰ رحم کرکے لوگوں کو جہنم سے نکال دے گا۔ جیسے فرمایا فَاُمُّہٗ ھَاوِیَۃٌ (القارعۃ) یعنی کافر کے لئے دوزخ ماں کے رحم کی طرح ہوگی جس میں سے آخر بچہ نکل آتا ہے۔
اور جو مرد چور ہو اور جوعورت چور ہو ان دونوں کے ہاتھ اس (جرم) کے بدلہ میں جس کے وہ مرتکب ہوئے ہیں کاٹ دو۔ (یہ) اللہ کی طرف سے سزا کے طور پر (ہے) اور اللہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔
اور جو شخص اپنے ظلم کرنے کے بعد توبہ کرلے اور اصلاح (بھی) کر لے تو اللہ اس پر یقیناً فضل کرے گا اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
کیا تجھے معلوم نہیں کہ اللہ وہ (ذات) ہے کہ آسمانوں اور زمین کی حکومت اسی کی ہے وہ جسے (عذاب دینا) پسند کرتا ہے عذاب دیتا ہے اور جسے (معاف کرنا) پسند کرتا ہے بخش دیتا ہے اور اللہ ہر (اس) امر پر (جس کا وہ ارادہ کرے) پوری طرح قادر ہے۔
اے رسول! جو لوگ اپنے مونہوں سے کہتے ہیں کہ ہم ایمان لائے ہیں اور ان کے دل ایمان نہیں لائے ان میں سے جو لوگ کفر (کی باتوں کے قبول کرنے) میں جلدی کرتے ہیں وہ تجھے غمگین نہ کریں اور یہودیوں میں سے بھی بعض (ایسے لوگ ہیں جو) جھوٹی باتوں کو خوب سنتے ہیں، (وہ یہ باتیں) ایک اور جماعت کے (سنانے کے) لئے جو تیرے پاس نہیں آئی بکثرت سنتے ہیں وہ (خدا کی) باتوں کو ان کے (اپنے) ٹھکانے (پر رکھے جانے) کے بعد (ان کی اپنی جگہ سے) ادل بدل[1] دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر تمہیں اس اس طرح (حکم) دیا جائے تو قبول کرلو اور اگر تمہیں اس اس طرح (حکم) نہ دیا جائے تو (اس سے) بچو (اور قبول نہ کرو) اور اللہ جس کی آزمائش کا ارادہ کرے تو اس کے لئے اللہ کے مقابلہ میں کچھ بھی نہیں کر سکے گا یہ لوگ (ایسے ہی) ہیں کہ اللہ نے ان کے دلوں کے صاف کرنے کا ارادہ (ہی) نہیں کیا۔ کیونکہ ان کے لئے (ان کے اعمال کی وجہ سے) اس دنیا میں (بھی) رسوائی (مقدر) ہے اور آخرت میں (بھی) ان کے لئے (بہت) بڑا عذاب (مقدر) ہے۔
[1] یعنی قرآن کریم آکر سنتے ہیں۔ پھر اس کا غلط مفہوم لوگوں میں پھیلاتے ہیں تا لوگ مسلمانوں پر اعتراض کریں۔
وہ (لوگ) جھوٹی باتوں کو خوب سنتے ہیں (اور) حرام بکثرت کھاتے ہیں۔ پس اگر وہ تیرے پاس (کوئی جھگڑا لیکر) آئیں تو خواہ ان کے درمیان فیصلہ کر یا ان سے الگ رہ، اور اگر تو ان سے الگ رہے تو وہ تجھے کچھ نقصان نہ پہنچا سکیں گے اور اگر تو فیصلہ کرے تو (ہماری نصیحت یاد رکھ کہ بہرحال) ان کے درمیان انصاف سے فیصلہ کر۔ اللہ یقیناً انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔
اور وہ تجھے کس طرح حکم بنا سکتے ہیں جبکہ ان کے پاس تورات خود ان کے نزدیک احکام الٰہی پر مشتمل[1] موجود ہے۔ پھر باوجود اس کے وہ پیٹھ پھیر لیتے ہیں اور وہ ہرگز مومن نہیں ہیں۔
[1] یعنی گو مسلمانوں کے عقیدہ کے رُو سے بھی بعض احکام تورات اب بھی ٹھیک ہیں مگر یہود کے نزدیک تو وہ سب کی سب آج تک محفوظ ہے۔
ہم نے تورات کو یقیناً ہدایت اور نور سے بھر پور اتارا تھا۔ اس کے ذریعہ سے انبیاء جو (ہمارے) فرمانبردار تھے اور عارف اور علماء بسبب اس کے کہ ان سے اللہ کی کتاب کی حفاظت چاہی گئی تھی اور وہ اس پر نگران تھے، یہودیوں کے لئے فیصلے کیا کرتے تھے۔ پس تم لوگوں سے نہ ڈرو اور مجھ سے ڈرو اور تم میری آیتوں کے بدلہ میں تھوڑی قیمت نہ لو۔ اور جو (لوگ) اس (کلام) کے مطابق جو اللہ نے اتارا ہے فیصلہ نہ کریں تو وہی (حقیقی) کافر ہیں۔
اور ہم نے اس (تورات) میں ان پر فرض کیا تھا کہ جان کے بدلہ میں جان، اور آنکھ کے بدلہ میں آنکھ، اور ناک کے بدلہ میں ناک، اور کان کے بدلہ میں کان، اور دانت[2] کے بدلہ میں دانت۔ اور نیز (زخموں کے بدلہ میں) زخم برابر کا بدلہ ہیں۔ مگر جو شخص (اپنے) اس (حق) کو چھوڑ دے تو (اس کا یہ فعل) اس کے لئے گناہ کی معافی کا ذریعہ ہو جائے گا اور جو (لوگ) اس (کلام) کے مطابق فیصلہ نہ کریں جو اللہ نے نازل کیا ہے تو وہی (حقیقی) ظالم ہیں۔
[2] تورات میں لکھا ہے ’’اور جو کوئی کسی آدمی کو مار ڈالے وہ ضرور جان سے مارا جائے۔ اور اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ کو عیب دار بنادے تو جیسا اس نے کیا ویسا ہی اس سے کیا جائے یعنی عضو توڑنے کے بدلے عضو توڑنا ہو اور آنکھ کے بدلے آنکھ اور دانت کے بدلے دانت‘‘۔ (پرانا عہدنامہ احبار باب۲۴ آیت۱۹،۲۰)
ہم نے عیسیٰ بن مریم کو جبکہ وہ اس (کلام) یعنی تورات کو پورا کرنے والا تھا، ان (مذکورہ بالا) نبیوں کے نقش قدم پر چلایا۔ اور ہم نے اسے انجیل دی تھی جس میں ہدایت اور نور تھا اور وہ اس (کلام) کو جو ا سے پہلے (آچکا) تھا پورا کرنے والی[1] تھی اور وہ متقیوں کے لئے ہدایت اور نصیحت تھی۔
[1] یعنی تورات کی پیشگوئیاں پوری کرتی تھی۔
اور اہل انجیل کو چاہیئے کہ اللہ نے جو (کچھ) اس میں اتارا ہے اس کے مطابق فیصلہ کریں اور جو (لوگ) اس (کلام) کے مطابق فیصلہ نہ کریں جو اللہ نے اتارا ہے تو وہی (پکے) باغی ہیں۔