۵۔ سورۃ المائدة

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور ہم نے تجھ پر اس کتاب کو حق پر مشتمل اتارا ہے وہ اپنے سے پہلی کتاب (کی باتوں) کو پورا کرنے والی ہے اور اس پر محافظ ہے۔ پس تو اس (کتاب) کے مطابق جو اللہ نے (تجھ پر) اتاری ہے ان کے درمیان فیصلہ کر اور جو حق تیری طرف آیا ہے اسے چھوڑ کر ان کی خواہشوں کی پیروی نہ کر۔ ہم نے تم میں سے ہر ایک کے لئے (اپنی اپنی استعداد کے مطابق الہامی) پانی تک پہنچنے کے لئے ایک چھوٹا یا بڑا راستہ[2] بنایا ہے اور اگر اللہ چاہتا تو تم (سب) کو ایک ہی جماعت بنا دیتا۔ مگر (اس کلام کے متعلق) تمہارا امتحان لینے کے لئے جو اس نے تم پر اتارا تھا (ایسا نہیں کیا) پس تم نیکیوں میں ایک دوسرے سے بڑھنے کے لئے مقابلہ کرو۔ کیونکہ اللہ ہی کی طرف تم سب نے لوٹ کر جانا ہے۔ جبکہ وہ تم کو ان تمام امور میں جن میں تم اختلاف رکھتے تھے حقیقت سے واقف کرے گا۔

[2] شِرْعَۃٌ کے معنے پانی تک پہنچنے کے چھوٹے راستہ کے ہوتے ہیں اور مِنْھَاج کے معنے بڑے راستہ کے ہوتے ہیں۔ اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ خدائی کلام کے نور کو حاصل کرنے کے لئے قرآن کریم میں ہر استعداد کے مطابق تعلیم موجود ہے۔ اور وہ ایک کامل کتاب ہے۔

اور اے رسول! تو ان کے درمیان اس کلام کے ذریعہ سے فیصلہ کر جو اللہ نے (تجھ پر) اتارا ہے اور تو ان کی خواہشات کی پیروی نہ کر اور ان سے ہوشیار رہ کہ وہ تجھے فتنہ میں ڈال کر اللہ کے اتارے ہوئے کلام سے دور نہ لے جائیں پھر اگر وہ پھر جائیں تو جان لے کہ اللہ چاہتا ہے کہ ان کو ان کے بعض گناہوں کی وجہ سے سزا دے اور لوگوں میں سے بہت لوگ عہدشکن ہیں۔

کیا وہ کلام الٰہی کے نازل ہونے سے پہلے کے فیصلہ کو پسند کرتے ہیں لیکن مومنوں کے نزدیک تو اللہ سے زیادہ اچھا فیصلہ کرنے والا کوئی نہیں۔

اے ایماندارو! یہودیوں اور نصاریٰ کو (اپنا) مددگار نہ بناؤ (کیونکہ) ان میں سے بعض بعض کے مددگار ہیں اور تم میں سے جو (بھی) ان کو اپنا مددگار بنائے گا وہ یقیناً ان (ہی) میں سے ہوگا اللہ ظالم لوگوں کو ہرگز (کامیابی کی) راہ نہیں دکھاتا۔

اور تو ان لوگوں کوجن کے دل میں بیماری ہے دیکھے گا کہ وہ کہتے ہوئے ان (کفار) کی طرف دوڑ (دوڑ) کر جاتے ہیں (اور کہتے ہیں) کہ ہم (اس بات سے) ڈرتے[1] ہیں کہ ہم پر کوئی مصیبت (نہ) آجائے۔ پس قریب ہے کہ اللہ (تمہاری) فتح (کے سامان) یا اپنے پاس سے کوئی (اور) امر (ظہور میں) لائے۔ جس سے وہ اس بات پر کہ جسے انہوں نے اپنے دلوں میں چھپایا ہوا ہے نادم ہوجائیں۔

[1] یعنی دل میں یہ بات کہتے جاتے ہیں۔

اور جو لوگ مومن ہیں کہیں گے کہ کیا یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے (سخت سے) سخت قسمیں کھا کر کہا تھا کہ[1] ہم کلی طور پر تمہارے ساتھ ہیں ان کے اعمال ضائع ہو گئے۔ پس وہ نقصان اٹھانے والے ہو گئے۔

[1] اردو میں انڈائرکٹ (indirect) طریق پر کلام نہیں ہوتا۔ اس لئے قرآنی الفاظ اِنَّھُمْ لَمَعَکُمْ کا ہم نے اردو محاورہ کے مطابق (جوڈائرکٹ (direct) طریق کلام اختیار کرتا ہے) یہ ترجمہ کر دیا ہے کہ ’’ہم کلی طور پر تمہارے ساتھ ہیں۔‘‘

اے ایماندارو! تم میں سے جو (شخص) اپنے دین سے پھر جائے تو (وہ یاد رکھے) اللہ (اس کی جگہ) جلد (ہی) ایک ایسی قوم لے آئے گا جن سے وہ محبت کرتا ہوگا اور وہ اس سے محبت کرتے ہوں گے۔ جو مومنوں پر شفقت کرنے والے ہوں گے اور کافروں کے مقابلہ پر سخت، وہ اللہ کی راہ میں جہاد کریں گے اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈریں گے۔ یہ اللہ کا فضل ہے وہ جسے پسند کرتا ہے (یہ فضل اسے) دے دیتا ہے اور اللہ وسعت بخشنے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

تمہارا مددگار صرف اللہ اور اس کا رسول اور وہ مومن ہیں جو نماز کو قائم رکھتے ہیں، اور زکٰوۃ دیتے ہیں اور (ساتھ ہی) وہ پکے موحد ہیں۔

اور جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کو اور مومنوں کو اپنا مددگار بناتے ہیں (وہ سمجھ لیں کہ) یقیناً اللہ کی جماعت ہی غالب (ہو کر رہنے والی) ہے۔

اے ایماندارو! جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی، ان میں سے جنہوں نے تمہارے دین کو ہنسی اور کھیل (کی چیز) بنا رکھا ہے، ان کو اور (ان کے سوا دوسرے) کافروں کو (اپنا) مددگار نہ بناؤ اور اگر تم مومن ہو تو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔

اور جب تم (لوگوں کو) نماز کے لئے بلاتے ہو تو وہ اسے ہنسی اور کھیل بنا لیتے ہیں۔ یہ (بات ان میں) اس لئے (پائی جاتی) ہے کہ وہ ایسے لوگ ہیں جو عقل سے کام نہیں لیتے۔

تو (ان سے) کہہ کہ اے اہل کتاب! تم ہم پر اس کے سوا کوئی عیب نہیں لگاتے کہ ہم اللہ پر (بھی) اور جو (کلام) ہم پر اتارا گیا ہے۔ (اس پر بھی) اور جو (کلام اس سے) پہلے اتارا گیا تھا اس پر (بھی) ایمان لے آئے ہیں اور (نیز) اس لئے (عیب گیری کرتے ہو) کہ تم میں سے اکثر (اللہ کے) باغی ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی