۵۔ سورۃ المائدة

تفسیر صغیر, حصہ 6

تو (ان سے) کہہ کہ کیا میں تمہیں ان (لوگوں) کا حال بتاؤں جن کا بدلہ اللہ کے نزدیک اس (شخص) سے بھی (جسے تم ناپسند کرتے ہو) بدتر ہے۔ وہ (وہ) لوگ[1] ہیں۔ جن پر اللہ نے لعنت کی ہے اور جن پر اس نے (اپنا) غضب نازل کیا ہے اور جن میں سے (بعض کو) اس نے بندر اور سؤر بنا دیا ہے اور جنہوں نے شیطان کی پرستش کی ہے۔ ان لوگوں کا ٹھکانا بدتر ہے اور وہ سیدھے راستہ سے پرلے درجہ کے بھٹکے ہوئے ہیں۔

[1] یعنی تم دوسروں کو حقیر سمجھتے ہو مگر اصل حقیر تم ہو جن پر وہ سزائیں نازل ہوئی ہیں جن کا اسی آیت میں ذکر کیا گیا ہے۔

اور جب وہ تمہارے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے ہیں، حالانکہ وہ کفر (ہی کے عقیدہ) کے ساتھ داخل ہوئے تھے اور (پھر) وہ اس (عقیدہ) کے ساتھ (ہی) نکل گئے تھے اور جو کچھ وہ چھپاتے ہیں اسے اللہ (سب سے) بڑھ کر جانتا ہے۔

اور تو ان میں سے بہتوں کو دیکھتا ہے کہ وہ گناہ اور زیادتی اور اپنے حرام کھانے (کے افعال) کی طرف دوڑ کر جاتے ہیں۔ جو کچھ وہ کرتے ہیں وہ یقیناً بہت برا ہے۔

عارف (لوگ) اور علماء انہیں ان کے جھوٹ بولنے اور ان کے حرام کھانے سے کیوں نہیں روکتے؟ جو کچھ وہ کرتے ہیں وہ یقیناً بہت برا ہے۔

اور یہودی کہتے ہیں کہ اللہ کے ہاتھ میں زنجیر پڑی ہوئی ہے۔ جو کچھ انہوں نے کہا ہے اس کے سبب سے (خود) ان کے ہاتھوں میں زنجیریں ڈالی جائیں گی اور ان پر لعنت کی جائے گی (وہ جھوٹ بولتے ہیں) حقیقت یہ ہے کہ اس کے ہاتھ کشادہ ہیں وہ جس طرح پسند کرتا ہے خرچ کرتا ہے اور جو کچھ تیرے رب کی طرف سے تجھ پر اتار گیا ہے وہ یقیناً ان میں سے بہتوں کو سرکشی اور کفر میں (اور بھی) زیادہ کر دے گا اور ہم نے قیامت تک (کے لئے) ان کے درمیان عداوت اور بغض پیدا کر دیا ہے۔ جب کبھی بھی انہوں نے لڑائی کے لئے کسی قسم کی آگ بھڑکائی ہے تو اللہ نے اسے بجھا دیا ہے اور وہ ملک میں فساد کے لئے دوڑتے (پھرتے) ہیں اور اللہ مفسدوں کو پسند نہیں کرتا۔

اور اگر اہل کتاب ایمان لے آتے اور تقویٰ اختیار کرتے تو ہم ضرور ان کی برائیاں ان سے دور کر دیتے اور ضرور انہیں (کئی قسم کی) نعمتوں والے باغوں میں داخل کرتے۔

اور اگر وہ تورات اور انجیل کو اور جو (کچھ) ان کے رب کی طرف سے (اب) ان پر اتارا گیا ہے اس کو ظاہر کرتے رہتے تو وہ ضرور اپنے اوپر کی طرف سے بھی کھاتے اور اپنے پاؤں کے نیچے سے بھی (کھاتے) (بیشک) ان میں سے ایک جماعت میانہ رو ہے لیکن[1] بہت سے ان میں سے ایسے ہیں کہ جو (کام) وہ کرتے ہیں وہ بہت برا ہے۔

[1] قرآن مجید میں لفظ واؤ کا ہے جس کے معنے ’’اور‘‘ کے ہیں لیکن اردو محاورہ میں اس جگہ ’’اور‘‘ نہیں استعمال ہوتا بلکہ ’’لیکن‘‘ کا لفظ استعمال کرتے ہیں اس لئے ترجمہ میں وہی استعمال کیا گیا ہے۔

اے رسول! تیرے رب کی طرف سے جو (کلام بھی) تجھ پر اتارا گیا ہے اسے (لوگوں تک) پہنچا اور اگر تو نے (ایسا) نہ کیا تو (گویا) تو نے اس کا پیغام (بالکل) نہیں پہنچایا اور اللہ تجھے لوگوں (کے حملوں) سے محفوظ رکھے گا۔ اللہ کافر لوگوں کو ہرگز (کامیابی کی) راہ نہیں دکھائے گا۔

تو کہہ دے (کہ) اے اہل کتاب! جب تک تم تورات اور انجیل (کو) اور جو کچھ تمہارے رب کی طرف سے تم پر اتارا گیا ہے اس کو ظاہر نہیں کرو گے (اس وقت تک) تم کسی (اچھی) بات پر (قائم) نہیں اور جو کچھ تجھ پر تیرے رب کی طرف سے اتارا گیا ہے وہ ان میں سے بہتوں کو سرکشی اور کفر میں ضرور ہی بڑھا دے گا۔ پس تو اس کافر قوم پر افسوس نہ کر۔

جو لوگ ایمان دار ہیں اور جو یہودی ہیں اور (نیز) صابی [1]اور نصاریٰ (ان میں سے) جو (بھی) اللہ (پر) اور پیچھے آنے والے دن پر حقیقتہً ایمان لائے ہیں اور نیز انہوں نے نیک عمل کیے ہیں نہ انہیں (آئندہ کا) کوئی خوف[2] ہوگا اور نہ وہ (گزشتہ پر) غمگین ہوں گے۔

[1] اس جگہ جو صابی کا لفظ آیا ہے اس کے متعلق سوال پیدا ہوتا ہے کہ صابی کون تھے؟ سو یاد رکھنا چاہیے کہ عربوں کی روایات سے جو احادیث میں بھی درج ہیں ثابت ہے کہ عرب لوگ ہر اس شخص کو جو یہودی عیسائی نہ ہو لیکن اہل کتاب ہونے کا دعویٰ کرے صابی کہتے تھے۔ چنانچہ جب کوئی شخص مسلمان ہوتا تو مکہ کے لوگ کہتے تھے کہ یہ صابی ہو گیا ہے اور جب مکہ والوں میں سے کوئی شخص مسلمان ہوتا تو اس محاورہ کے مطابق وہ کہتا کہ میں صابی بنتا ہوں۔ تحقیق سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ لوگ حَرّان سے تعلق رکھتے تھے۔ جو اُور مقام ابراہیم سے فلسطین کو جانے والے رستہ پر واقع ہے اور چونکہ یہ لوگ اپنے اندر عربی رسم و رواج رکھتے تھے اس لئے قوی گمان ہے کہ یہ لوگ عاد کی قوم سے تھے اور ابراہیمی نسل کی قوموں سے متاثر تھے اور اس وجہ سے کتاب اور نبیوں کی ایک غیر معین صورت میں حرمت کرتے تھے۔ اس لئے ناواقف قومیں ان کو اہل کتاب سمجھنے لگ گئی تھیں۔ عاد کی قوم سے ہونا، میں اس بات سے نکالتا ہوں کہ یہ صابی مشہور تھے۔ گو صابی ص سے لکھا جاتا ہے لیکن عاد کی قوم عدن سے اوپر جاتے ہوئے سبا کے علاقہ میں بستی تھی اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ شروع میں صابی سے مراد سبا کے رہنے والے تھے یعنی عاد کی قوم کے بقیہ۔ لیکن آہستہ آہستہ عربوں نے س کو ص سے بدل دیا۔ معلوم ہوتا ہے اسی سفر میں جبکہ وہ سبا سے فلسطین کی طرف آئے ہیں ان کا واسطہ ابراہیمی نسل سے ہوا ہے اور اُدھر سے ہوتے ہوئے وہ حَرّان پہنچے ہیں اور حَرّان سے ہوتے ہوئے عراق چلے گئے ہیں۔ ورنہ اصل باشندے وہ سبا کے ملک یعنی یمن کے تھے اور عاد کی قوم کے بقیہ تھے۔

[2] اس جگہ خوف اور حزن سے ’’حفاظت‘‘ ایمان کی علامت قرار دی گئی ہے۔ پس آیت کا یہ مفہوم نہیں کہ یہودی، عیسائی اور صابی مومن ہیں۔ بلکہ یہ مفہوم ہے کہ منہ کا ایمان کافی نہیں۔ یہ سب قومیں ایمان کا دعویٰ کرتی ہیں مگر اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرتیں کہ خداتعالیٰ نے بھی ان کے ایمان کو قبول کر لیا ہے۔ خداتعالیٰ کے قبول کر لینے کی علامت یہ ہے کہ وہ سچے مومنوں کو نہ تو آئندہ خوف کا شکار بناتا ہے نہ سابق کوتاہیوں کے بدنتائج کا شکار کرتا ہے۔ پس جسے یہ علامت حاصل ہوگی وہ ایمان دار ہوگا اور جسے نہ ہوگی وہ منہ سے ایمان کا دعوے دار کہلائے گا۔ خداتعالیٰ کے نزدیک ایمان دار نہ ہوگا۔

ہم نے یقیناً بنی اسرائیل سے پختہ عہد لیا تھا اور ان کی طرف کئی رسول بھیجے تھے۔ جب کبھی ان کے پاس کوئی رسول اس (تعلیم) کو لے کر آیا، جسے ان کے دل پسند نہیں کرتے تھے تو بعض کو انہوں نے جھٹلا دیا اور بعض کو وہ قتل کرنا چاہتے تھے۔

اور انہوں نے (یہ) سمجھا کہ (اس سے) کوئی فتنہ نہیں ہوگا۔ اس لئے وہ اندھے اور بہرے ہو گئے۔ پھر اللہ نے شفقت کے ساتھ ان کی طرف توجہ فرمائی۔ مگر ان میں سے بہت سے پھر اندھے اور بہرے ہو گئے اور جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اسے دیکھتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی