۵۔ سورۃ المائدة

تفسیر صغیر, حصہ 7

جن لوگوں نے یہ کہا ہے کہ یقیناً اللہ ہی مسیح ابن مریم ہے وہ ضرور کافر ہو گئے ہیں اور مسیح نے (تو) کہا تھا کہ اے بنی اسرائیل! تم اللہ کی عبادت کرو جو میرا (بھی) رب (ہے) اور تمہارا (بھی) رب ہے۔ بات یہی ہے کہ جو (شخص کسی کو) اللہ کا شریک بنائے تو (سمجھو کہ) اللہ نے اس پر جنت کو حرام کر دیا ہے اور اس کا ٹھکانا دوزخ ہے اور ظالموں کا کوئی (بھی) مددگار نہیں (ہوگا)

جن لوگوں نے یہ کہا کہ اللہ یقیناً تین میں سے ایک ہے وہ یقیناً کافر ہو گئے۔ اور سوائے ایک معبود کے کوئی دوسرا معبود نہیں اور جو کچھ وہ کہتے ہیں اگر وہ اس سے باز نہ آئے تو ان میں سے جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے انہیں ضرور دردناک عذاب پہنچے گا۔

پھر کیا وہ (لوگ) اللہ کی طرف نہیں جھکتے اور اس سے (اپنے گناہوں کی) معافی (نہیں) مانگتے۔ حالانکہ اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

مسیح ابنِ مریم صرف ایک رسول تھا، اس سے پہلے رسول (بھی) فوت ہو چکے ہیں[1]۔ اور اس کی ماں بڑی راستباز تھی۔ وہ دونوں کھانا کھایا[2] کرتے تھے دیکھ ہم کس طرح ان کے (فائدہ کے) لئے دلائل بیان کرتے ہیں۔ پھر دیکھ کہ ان کا خیال کس طرح بدل دیا [3]جاتا ہے۔

[1] خَـلَا فُـلَانُ اِذَا مَاتَ (لسان) یعنی خَـلَا کے معنے وفات پانے کے ہیں۔ یہ آیت وفات مسیحؑ پر دلالت کرتی ہے کیونکہ دوسری جگہ آتا ہے۔ وَ مَامُحَمَّدٌ اِلَّا رَسُوْلٌ قَدْخَلَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرُّسُلُ (آل عمران: ۱۴۵) یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے سب رسول (جن میں مسیحؑ بھی شامل ہے) فوت ہو چکے ہیں۔

[2] مسیحؑ کا کھانا کھانا دلیل ہے کہ وہ خدا نہ تھے۔ انجیل اس پر شاہد ہے۔ (مرقس باب۱۴ آیت۱۷ و ۱۸)

[3] یعنی باوجود دلائل کے شریر علماء انہیں غلط راستہ پر لے جاتے تھے۔

تو کہہ دے (کہ) کیا تم اللہ کو چھوڑ کر ان (چیزوں) کی پرستش کرتے ہو جو نہ تمہیں نقصان پہنچانے کی قدرت رکھتی ہیں اور نہ نفع پہنچانے کی اور اللہ ہی ہے جو بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

تو کہہ دے (کہ) اے اہل کتاب! اپنے دین کے متعلق ناجائز (طور پر) حد سے زیادہ غلو سے کام[1] نہ لو۔ اور ان لوگوں کی خواہشوں کی پیروی نہ کرو جو اس سے پہلے (خود ہی) گمراہ ہو چکے ہیں اور (اور) بہتوں کو (بھی) انہوں نے گمراہ کیا ہے اور سیدھے راستہ سے بھٹک گئے ہیں۔

[1] بظاہر غلو ہمیشہ ناجائز ہوتا ہے لیکن اگر کوئی چیز بے انتہا خوبیوں والی ہو تو اس میں انسان اپنے ذہن میں اگر غلو سے بھی کام لیتا ہو تو بھی وہ ناجائز نہیں ہوتا۔ بلکہ ٹھیک ہوتا ہے اس میں اس طرف اشارہ ہے کہ دین اپنے اندر خدا کی طرف سے خوبیاں رکھتا ہے اور اگر کوئی شخص اس کی تعریف میں بظاہر غلو سے بھی کام لے، تب بھی وہ غلو جائز ہی ہوتا ہے۔ ناجائز نہیں ہوتا۔

بنی اسرائیل میں سے جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے ان پر داؤد اور عیسیٰ ابن مریم کی زبان سے لعنت[1] کی گئی تھی (اور) یہ اس وجہ سے ہوا تھا کہ انہوں نے نافرمانی کی تھی اور حد سے بڑھتے تھے۔

[1] عَلٰی کے معنے ’’پر‘‘ کے ہوتے ہیں مگر اردو میں ’’زبان پر لعنت‘‘ نہیں کہتے ’’زبان سے لعنت‘‘ کہتے ہیں اور یہی ترجمہ کیا گیا ہے۔

وہ ایک دوسرے کو کسی ناپسندیدہ بات سے جس کے وہ مرتکب ہوئے (ہوں) روکتے نہ تھے۔ جو کچھ وہ کرتے تھے یقیناً وہ بہت برا تھا۔

تو ان میں سے بہتوں کو دیکھے گا کہ جو (لوگ) کافر ہیں انہیں وہ (اپنا) مددگار بناتے ہیں۔ انہوں نے اپنے لئے جو کچھ اپنی مرضی سے آگے بھیجا ہے [2] وہ بہت ہی برا ہے جو یہ امر ہے کہ اللہ ان سے ناراض ہو گیا ہے اور وہ عذاب میں پڑے رہیں گے۔

[2] یعنی آگے بھیجی ہوئی خدا کی ناراضگی ہے جو ایسی چیز نہیں کہ انسان اس کو اپنی آخرت کے لئے جمع کرے۔

اور اگر وہ اللہ (پر) اور (اس) نبی (پر) اور اس پر جو اس (نبی) پر اتار گیا ہے ایمان رکھتے تو وہ انہیں اپنا مددگار نہ بناتے۔ لیکن ان میں سے بہت سے نافرمان ہیں۔

تو مومنوں سے عداوت رکھنے میں یقیناً یہودیوں (کو) اور ان لوگوں کو جو مشرک ہیں۔ سب سے زیادہ سخت پائے گا اور تو مومنوں سے محبت کرنے کے لحاظ سے ان میں سے سب سے قریب یقیناً ان لوگوں کو پائے گا جو یہ کہتے ہیں کہ ہم نصاریٰ ہیں یہ (بات) اس وجہ سے ہے کہ ان میں کچھ (لوگ) عالم اور عابد ہیں اور (نیز) اس وجہ سے کہ وہ تکبر نہیں کرتے۔

اور جب وہ اس (کلام الٰہی) کو سنتے ہیں جو اس رسول پر اتارا گیا ہے تو (اے مخاطب) تو دیکھتا ہے کہ جس قدر حق انہوں نے پہچان لیا ہے اس کی وجہ سے ان کی آنکھیں آنسوؤں (کے زور) سے بہ پڑتی ہیں وہ کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب ہم ایمان لے آئے ہیں پس ہمارا نام (بھی) گواہوں کے ساتھ لکھ لے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی