۵۔ سورۃ المائدة
تفسیر صغیر, حصہ 8
اور (کہتے ہیں کہ) ہمیں کیا (ہوگیا) ہے کہ ہم اللہ (پر) اور اس سچائی پر جو ہمارے پاس آئی ہے ایمان نہ لائیں حالانکہ ہم خواہش رکھتے ہیں کہ ہمارا رب ہمیں نیک لوگوں میں داخل کرے۔
پس اللہ ان کی (اس) بات کے بدلہ میں انہیں وہ بہشت عطا فرمائے گا [1]۔ جن کے اندر نہریں بہتی ہوں گی (وہ) ان میں بستے چلے جائیں گے اور یہی نیکوکاروں کا بدلہ ہے۔
[1] اس جگہ لفظ ماضی کے ہیں لیکن ہم نے معنوں کی مناسبت سے مضارع کا ترجمہ کیا ہے۔ کیونکہ عربی زبان میں یقینی بات کے لئے جو آئندہ ہونے والی ہو ماضی کا لفظ استعمال کر لیا جاتا ہے جیسا کہ آیت وَاِذْ قَالَ اللّٰہُ یَاعِیْسَی ابْنَ مَرْیَمَ میں ماضی کا لفظ مضارع کے معنوں میں استعمال ہوا ہے (دیکھئے اِمْـلَآءُ مَامَنَّ بِہِ الرَّحْمٰنُ سورۃ مائدۃ)
اور جن لوگوں نے کفر اختیار کیا ہے اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا ہے۔ وہ لوگ دوزخی ہیں۔
اے ایماندارو! جو کچھ اللہ نے تمہارے لئے حلال قرار دیا ہے اس میں سے پاکیزہ (چیزوں) کو حرام نہ ٹھہراؤ اور (مقررہ) حدود سے آگے نہ نکلو۔ اللہ (مقررہ) حدود سے آگے نکلنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
اور جو کچھ اللہ نے تمہیں دیا ہے اس میں سے حلال (اور) پاکیزہ (چیزوں) کو کھاؤ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو جس پر تم ایمان رکھتے ہو۔
تمہاری قسموں میں سے لغو[1] (قسموں) پر اللہ تمہیں سزا نہیں دے گا بلکہ تمہارے پکی قسمیں کھانے (اور پھر توڑ دینے) پر تمہیں سزا دے گا پس اس (کے توڑنے) کا کفارہ دس مسکینوں کو متوسط (درجہ کا) کھانا کھلانا ہے (ایسا کھانا) جو تم اپنے گھر والوں کو کھلاتے ہو یا ان کا لباس یا ایک (غلام کی) گردن کا آزاد کرنا۔ پھر جسے (یہ بھی) میسر نہ ہو تو (اس پر) تین دن کے روزے (واجب) ہیں۔ جب تم قسمیں کھاؤ (اور پھر انہیں توڑ دو) تو یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے اور تم اپنی قسموں کی حفاظت (کیا) کرو۔ اللہ اپنی آیتوں کو تمہارے لئے اسی طرح بیان کرتا ہے تا کہ تم شکر گزار بنو۔
[1] دیکھئے نوٹ سورۂ بقرہ آیت ۲۲۶۔
اے ایماندارو! شراب اور جوا اور بت اور قرعہ اندازی کے تیر محض ناپاک (اور) شیطانی کام ہیں۔ اس لئے تم ان[2] (میں) سے (ہر اک سے) بچو۔ تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔
[2] یہاں ضمیر جمع بجائے مفرد مجبوراً استعمال کی گئی ہے۔
شیطان صرف یہ چاہتا ہے کہ تمہارے درمیان شراب اور جوئے کے ذریعہ سے عداوت اور کینہ ڈال دے اور اللہ کے ذکر سے اور نماز سے روک دے اب کیا تم (ان باتوں سے) رک سکتے ہو۔
اور تم اللہ کی (بھی) اطاعت کرو اور اس رسول کی (بھی) اطاعت کرو۔ اور ہوشیار رہو اور اگر (اس تنبیہ کے بعد بھی) تم پھر گئے تو جان لو کہ ہمارے رسول کے ذمہ تو کھول (کھول) کر پہنچا دینا ہی ہے۔
جو لوگ ایمان لائے ہیں اور (نیز) انہوں نے نیک کام کیے ہیں جب وہ تقویٰ اختیار کریں اور ایمان لائیں اور نیک عمل کریں، پھر تقویٰ (میں اور ترقی) کریں اور ایمان لائیں پھر تقویٰ (میں مزید ترقی) کریں اور احسان کریں تو جو کچھ (بھی) وہ کھائیں اس پر انہیں کوئی گناہ نہیں (ہوگا) اور اللہ احسان کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔
اے ایماندارو! اللہ ایک (حقیر) چیز یعنی شکار کے ذریعہ سے جس تک تمہارے ہاتھوں اور نیزوں کی رسائی ہوگی تمہاری آزمائش کرکے رہے گا۔ تا کہ اللہ ان لوگوں کو ظاہر کر دے جو علیحدگی میں اس سے ڈرتے ہیں۔ پھر جو (شخص) اس (حکم کے سننے) کے بعد (بھی) زیادتی کرے گا تو اسے دردناک عذاب ہوگا۔
اے ایماندارو! تم احرام کی حالت میں شکار کو نہ مارا کرو۔ اور تم میں سے جو (شخص) اسے جان بوجھ کر مارے گا تو جو چارپایہ اس نے قتل کیا ہے اسی قسم کا (جانور اسے) بدلہ (میں دینا) ہوگا جس کا فیصلہ تم میں سے دو عادل انسان کریں گے اور جسے کعبہ تک قربانی کے لئے پہنچایا جانا ضروری ہوگا اور (اگر اس کی طاقت نہ ہو تو) کفارہ (ادا کرنا) ہوگا یعنی چند مسکینوں کو کھانا کھلانا یا اس کے برابر روزے رکھنا تا کہ وہ (مجرم) اپنے کام کے بدانجام کو بھگتے ہاں جو (پہلے) گزر چکا ہے، وہ اللہ نے معاف کر دیا ہے اور جو شخص پھر (ایسا) کرے گا اسے اللہ (اس کے جرم کی) سزا دے گا اور اللہ غالب (اور برے کام کی) سزا دینے والا ہے۔