۶۔ سورۃ الأنعام
تفسیر صغیر, حصہ 10
اور تم انہیں جنہیں وہ اللہ کے سوا (دعاؤں میں) پکارتے ہیں گالیاں نہ دو نہیں تو وہ دشمن ہو کر جہالت کی وجہ سے اللہ کو گالیاں دیں گے۔ اس طرح ہم نے ہر ایک قوم کے لئے اس کے عمل خوبصورت [1]کرکے دکھائے ہیں پھر انہیں اپنے رب کی طرف لوٹ کر جانا ہے جس پر وہ انہیں اس کی خبر دے گا جو وہ کرتے تھے۔
[1] یعنی یہ قانون بنایا ہے کہ قوم جو کام کرتی ہے آہستہ آہستہ اس کام کو اچھا سمجھنے لگ جاتی ہے۔ اس آیت میں بتایا ہے کہ اب یہ قوم شرک کی عادی ہوگئی ہے۔ شرک کے خلاف بات سن کر غصہ میں آجائے گی اور خداتعالیٰ کو بھی گالیاں دینے لگ جائے گی۔
اور انہوں نے اللہ کی پکی قسمیں کھائی ہیں کہ اگر ان کے پاس کوئی نشان آئے تو وہ اسے ضرور قبول کریں گے تو (مومنوں سے) کہہ کہ نشانات (بھی) اور وہ[2] چیز بھی جو تمہیں بتا دے گی کہ جب وہ (نشانات) آجائیں تو وہ (لوگ) ایمان (پھر بھی) نہیں لائیں گے اللہ ہی کے پاس ہے۔
[2] یعنی ان کی پہلی بداعمالیاں جو انہیں ایمان سے محروم کردیں گی خداتعالیٰ کے پاس محفوظ ہیں جب وہ انہیں ظاہر کر دے گا تو تم کو معلوم ہو جائے گا کہ وہ کبھی ایمان نہیں لائیں گے جب تک دلوں کی اصلاح نہ کریں اور پرانی مشرکانہ عادتیں نہ چھوڑیں۔
اور ہم ان کے دلوں کو اور ان کی آنکھوں کو اس وجہ سے کہ وہ اس (وحی) پر پہلی دفعہ ایمان نہیں لائے پھیر دیں گے اور انہیں ان کی سرکشیوں میں بہکتے ہوئے چھوڑ دیں گے۔
اور اگر ہم ان پر فرشتے نازل کرتے اور مردے ان سے کلام کرتے اور ہر اک چیز کو ہم ان کے آمنے سامنے کھڑا کر دیتے تو بھی وہ اللہ کی مشیت کے بغیر ایمان نہ لاتے، بلکہ ان میں سے بہت سے جاہل ہیں۔
اور ہم نے انسانوں اور جنوں میں سے سرکشوں کو اسی طرح ہر اک نبی کا دشمن بنا دیا تھا ان میں سے بعض بعض کو دھوکا دینے کے لئے (ان کے دل میں) برے[3] خیال ڈالتے ہیں جو محض ملمع کی بات ہوتی ہے اور اگر تیرا رب چاہتا تو وہ ایسا نہ کرتے۔ پس تو ان کو بھی اور ان کے جھوٹ کو بھی نظر انداز کردے۔
[3] اصل لفظ کے معنے بُرے کے نہیں لیکن چونکہ وحی کا لفظ شیطان کے لئے آیا ہے اور اس آیت میں آگے آتا ہے کہ شیطان جھوٹی باتوں کا خیال پیدا کرتا ہے اس لئے ہم نے ترجمہ میں بُرے کا لفظ خیال سے پہلے بڑھا دیا ہے۔
اور (خداتعالیٰ نے یہ اس لئے چاہا ہے) تا قیامت پر ایمان نہ لانے والوں کے دل (اپنے اعمال کے نتیجہ میں) ایسی ہی باتوں کی طرف جھکیں اور تا وہ اس (یعنی جھوٹ) کو پسند کرنے لگ جائیں اور تا وہ اپنے اعمال کا نتیجہ[1] دیکھ لیں۔
[1] پہلے لکھا جا چکا ہے کہ عمل کی جزا کے طور پر اگر عمل کا لفظ استعمال کیا جائے تو عربی میں اس کے معنے اس عمل کی جزا کے ہوتے ہیں۔ چونکہ اس آیت کا لفظی ترجمہ بھی یہ ہے کہ ’’تاوہ کمالیں جو وہ کما رہے ہیں‘‘ ہم نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ تا وہ اپنے اعمال کا نتیجہ دیکھ لیں۔ نیز اگلی آیت نمبر۱۲۱ میں اللہ تعالیٰ نے اس مضمون کو اسی عبارت میں بیان کیا ہے جو ہم نے ترجمہ میں لکھی ہے۔
(تو کہہ دے کہ) کیا اللہ کے سوا میں کوئی اور فیصلہ کرنے والا ڈھونڈوں؟ حالانکہ اس نے تم پر کھلی کھلی کتاب اتاری ہے اور جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وہ جانتے ہیں کہ وہ سچائی کے ساتھ تیرے رب کی طرف سے نازل کی گئی ہے۔ پس تو جھگڑا کرنے والوں میں سے نہ بن۔
اور تیرے رب کی بات (تو) حق اور انصاف کے ساتھ پوری ہو کر رہے گی (کیونکہ) اس کی باتوں کو کوئی بدلنے والا نہیں، اور وہ خوب سننے والا (اور) خوب جاننے والا ہے۔
اور اگر تو زمین میں بسنے والوں سے اکثر کی بات کی پیروی کرے، تو وہ تجھے اللہ کی راہ سے گمراہ کر دیں گے، وہ صرف گمان کی پیروی کرتے ہیں اور صرف اٹکل سے باتیں کرتے ہیں۔
تیرا رب ہی یقیناً اسے جو اس کے راستہ سے بھٹک جاتا ہے بہتر جانتا ہے، اور وہی ہدایت یافتوں کو بہتر جانتا ہے۔
پس اگر تم اس کی نشانیوں پر ایمان لاتے ہو تو جس پر اللہ کا نام لیا گیا ہے اس میں سے کھاؤ۔
اور تمہیں کیا (ہو گیا) ہے کہ تم اس میں سے جس پر اللہ کا نام لیا گیا ہے باوجود اس کے نہیں کھاتے کہ اس (اللہ) نے تمہارے سامنے وہ سب کچھ کھول کر بیان کر دیا ہے جو اس نے تمہارے لئے حرام کیا ہے سوائے اس کے کہ تم مجبور ہو جاؤ اور بہت سے (لوگ) بغیر کسی سچے علم کے یقیناً اپنی خواہشوں کے مطابق (لوگوں کو) گمراہ کرتے ہیں۔ تیرا رب یقیناً حد سے آگے نکل جانے والوں کو بہتر جانتا ہے۔