۶۔ سورۃ الأنعام
تفسیر صغیر, حصہ 11
اور گناہ کی ظاہری شکل اور اس کی حقیقت (دونوں) سے بچو۔ جو لوگ گناہ کماتے ہیں، انہیں جو کچھ وہ کماتے ہیں یقیناً اس کا بدلہ دیا جائے گا۔
اور تم اس میں سے جس پر اللہ کا نام نہیں لیا گیا نہ کھاؤ اور یہ (فعل) یقیناً نافرمانی ہے اور شیطان یقیناً اپنے دوستوں کے دل میں (ایسے خیال) ڈالتے رہتے ہیں تا کہ وہ تم سے جھگڑیں، اور اگر تم ان کی فرمانبرداری کرو گے تو یقیناً تم مشرک ہو جاؤ گے۔
اور کیا جو شخص مردہ ہو پھر اسے ہم نے زندہ کر دیا ہو اور اس کے لئے ایسی روشنی مقرر کی ہو، جس کے ذریعہ سے وہ لوگوں میں چلتا پھرتا ہو اسی شخص کی طرح (ہو سکتا) ہے جس کا حال یہ ہے کہ وہ اندھیروں میں (پڑا ہوا) ہے (اور) ان سے کسی وقت بھی نہیں نکلتا۔ اسی طرح کافروں کے لئے ان کے اعمال خوبصورت کرکے دکھائے گئے ہیں۔
اور ہم نے ہر اک بستی میں اس کے بڑے بڑے مجرموں کو ایسا ہی بنا [1]دیا ہے۔ (یعنی وہ اپنے برے اعمال اچھی شکل میں دیکھتے ہیں) جس کا نتیجہ[2] یہ ہوتا ہے کہ وہ اس (بستی) میں (نبیوں کے خلاف) تدبیریں کرتے ہیں لیکن درحقیقت وہ اپنی ہی جانوں کے خلاف تدبیریں کرتے ہیں اور وہ سمجھتے نہیں۔
[1] یہ ظلم نہیں کیونکہ جرم کا لازمی نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ بُری بات اچھی نظر آنے لگتی ہے۔ پس یہ طبعی نتیجہ ہے ورنہ خداتعالیٰ جبر نہیں کرتا۔
[2] اس جگہ قرآن کریم میں لام ہے اور وہ لامِ عاقبت ہے۔ یعنی اس کے معنے اردو میں یہ ہوتے ہیں کہ ’’اس کے نتیجہ میں‘‘۔
اور جب ان کے پاس کوئی نشان آتا ہے تو کہتے ہیں کہ جب تک ہمیں ویسا ہی کلام نہ دیا جائے جو اللہ کے رسولوں کو دیا گیا ہے ہم ہرگز ایمان نہیں لائیں گے اللہ (سب سے) زیادہ جانتا ہے کہ وہ اپنی رسالت کہاں[2] رکھے۔ جن لوگوں نے گناہ کیا ہے انہیں بوجہ اس کے کہ وہ (نبی کے خلاف) تدبیریں کرتے ہیں اللہ کی طرف سے ضرور ذلت اور سخت عذاب پہنچے گا۔
[2] یعنی کون رسول بننے کا مستحق ہے اور کون نہیں۔
اور جسے اللہ ہدایت دینے کا ارادہ کرتا ہے اس کا سینہ اسلام کے لئے کھول دیتا ہے اور جسے گمراہ کرنے کا ارادہ کر لیتا ہے اس کا سینہ نہایت تنگ کر دیتا ہے۔ گویا کہ وہ بلندی کی طرف چڑھ رہا ہے (اور) اسی طرح اللہ ان لوگوں پر جو ایمان نہیں لاتے عذاب نازل کرتا ہے۔
اور یہ تیرے رب کا سیدھا راستہ ہے۔ ہم نشانات کو نصیحت حاصل کرنے والے لوگوں کے لئے کھول کر بیان کر چکے ہیں۔
ان کے لئے ان کے رب کے حضور میں سلامتی کا گھر (تیار) ہے اور جو کچھ وہ کرتے ہیں اس کے سبب سے وہ ان کا مددگار ہے۔
اور اس دن (کو یاد کرو) جب وہ ان سب کو اکٹھا کرے گا (پھر کہے گا) اے جنّوں[3] کی جماعت! تم نے انسانوں میں سے اکثر کو (اپنے ساتھ ملا) لیا تھا اور ان کے انسان[4] مددگار کہیں گے کہ اے ہمارے رب! ہم میں سے بعضوں نے بعض سے فائدہ اٹھایا ہے، اور ہم اپنی اس مدت کو پہنچ گئے ہیں جو تو نے ہمارے لئے مقرر کی تھی۔ وہ فرمائے گا آگ تمہارا ٹھکانا ہے اس میں تم ایک لمبے عرصہ تک رہو گے سوائے اس کے کہ خدا کی مشیت کچھ اور چاہے۔ تیرا رب یقیناً حکمت والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
[3] جنّوں سے مراد بڑے لوگ ہیں۔ کیونکہ وہ ڈیوڑھیوں اور دربانوں کے پیچھے لوگوں سے چھپے رہتے ہیں۔
[4] یعنی ان کی پارٹی کے عام آدمی۔
اور اس طرح ہم بعض ظالموں کو بعض کا اس کام کی وجہ سے جو وہ کرتے ہیں، دوست[2] بنا دیتے ہیں۔
[2] یعنی جیسا کہ اوپر کی آیت میں گزرا ہے۔
اے جنوں اور انسانوں کی جماعت! کیا تم میں سے (ہی) تمہارے پاس رسول نہیں آئے جو تمہیں میری آیات پڑھ کر سناتے تھے اور تمہیں آج کے دن کی ملاقات سے ڈراتے تھے۔ وہ کہیں گے کہ ہم اپنے خلاف (خود) گواہی دیتے ہیں۔ اور ورلی زندگی نے انہیں دھوکے میں ڈال دیا اور انہوں نے اپنے خلاف (آپ یہ) گواہی دی کہ وہ کافر تھے۔
یہ (رسولوں کا بھیجنا) اس سبب سے تھا کہ تیرا رب شہروں کو ان کے باشندوں کے غافل ہونے کی حالت میں ظلم کے ساتھ[3] تباہ نہیں کر سکتا [4]تھا۔
[3] یعنی بغیر نبی بھیج کر حجت تمام کرنے کے عذاب نازل کرنا ظلم ہے۔
[4] یعنی خداتعالیٰ کا عذاب بغیر حجت تمام کئے کے نہیں آتا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کا بھی یہی طریق عمل تھا کہ وہ کفار کو ہوشیار کرکے اس کے بعد حملہ کرتے تھے۔