۶۔ سورۃ الأنعام
تفسیر صغیر, حصہ 9
وہ صبح کو ظاہر کرنے والا ہے اور اس نے رات کو باعث آرام اور سورج اور چاند کو ذریعہ حساب بنایا ہے۔ یہ اندازہ اس کا ہے جو غالب ہے (اور) بہت جاننے والا ہے۔
اور وہی ہے جس نے تمہارے لئے ستاروں کو پیدا کیا ہے تا کہ تم ان کے ذریعہ سے خشکی اور تری کی مشکلات میں راہ معلوم کرو۔ ہم نے علم والی قوم کے لئے نشانات کھول کر بیان کر دئیے ہیں۔
اور وہی ہے جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا ہے پھر اس کے بعد اس نے (تمہارے لئے) ایک عارضی[1] ٹھہرنے کی جگہ اور ایک لمبے عرصے تک رہنے کی جگہ مقرر کی ہے۔ ہم نے سمجھنے والے لوگوں کے لئے نشانات کھول کر بیان کر دئے ہیں۔
[1] عارضی ٹھہرنے کی جگہ قبر ہے اور لمبے عرصہ تک رہنے کی جگہ بعثتِ اموات کے بعد کی زندگی ہے یا مستقراس دنیا کی زندگی ہے جو چھوٹی ہے اور لمبے عرصہ کی زندگی مابعدالموت زندگی ہے۔
اور وہی ہے جس نے آسمان سے پانی اتارا ہے پھر (دیکھو کس طرح) اس کے ذریعہ سے ہم [2]نے ہر ایک چیز کی روئیدگی پیدا کی ہے اور اس کے ذریعہ سے کھیتی پیدا[3] کی ہے جس سے ہم تہ بہ تہ دانے نکالتے ہیں اور کھجور میں سے یعنی اس کے گابھے میں سے جھکے ہوئے پھل (نکالتے) ہیں اور انگوروں اور زیتون اور انار کے ایسے باغات (نکالتے ہیں) جن میں سے بعض آپس میں ملتے جلتے ہیں اور (بعض) مختلف ہیں۔ جب (ان میں سے ہر قسم [4]کے درخت کو) پھل آتا ہے تو اس کے پھل کو اور اس کے پکنے (کی کیفیت) کو دیکھو۔ اس میں ایمان لانے والے لوگوں کے لئے یقیناً (بہت سے) نشانات ہیں۔
[2] عربی زبان میں ضمیریں کثرت سے بدلتی ہیں۔ ایک جگہ ’’وہ‘‘ آتا ہے پھر اس کے بعد ’’میں‘‘ آجاتا ہے اور ایسا اس لئے کیا جاتا ہے تاکہ کچھ پڑھنے والے کی عقل پر بھی چھوڑا جائے۔
[3] عربی میں ’’ہم‘‘ کے لفظ ہیں۔ جو اردو میں زائد ہیں۔ اس لئے ہم نے یہ لفظ حذف کر دیے ہیں۔ اردو میں اس کے بغیر کام چل جاتا ہے۔
[4] قرآن مجید میں مفرد ضمیر ہے مگر اردو میں جمع لانا ضروری ہے قرآن مجید کی آیت کا مفہوم یہ ہے کہ جب ہر قسم کے درخت کو پھل آتا ہے اس طرح درخت مفرد بھی ہو جاتا ہے اور جمع بھی۔
اور انہوں نے اللہ کے ساتھ جنوں میں سے شریک مقرر کئے ہیں حالانکہ اس (خدا) نے انہیں پیدا کیا ہے اور انہوں نے اس کے لئے جھوٹے طور پر بغیر علم کے بیٹے اور بیٹیاں بنائی ہیں وہ پاک ہے اور جو کچھ وہ بیان کرتے ہیں اس سے (بلندو) بالا ہے۔
(وہ) آسمانوں اور زمین کو بلا نمونہ پیدا کرنے والا ہے، اس کا بیٹا کیوں کر ہو سکتا ہے حالانکہ اس کی کوئی بیوی نہ تھی اور اس نے (تو) ہر اک چیز کو پیدا کیا ہے اور وہ ہراک امر کو جانتا ہے۔
یہ ہے تمہارا اللہ جو تمہارا رب (بھی) ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ ہر ایک چیز کا پیدا کرنے والا ہے پس اس کی عبادت کرو اور وہ ہر ایک (چیز) پر نگران ہے۔
نظریں اس تک نہیں پہنچ سکتیں، لیکن وہ نظروں تک پہنچتا [1]ہے اور وہ مہربانی کرنے والا (اور) حقیقت پر آگاہ ہے۔
[1] یعنی انسان اپنے علم کے زور سے اسے نہیں دیکھ سکتا۔ مگر خداتعالیٰ اپنے فضل سے اس کے پاس آکر جلوہ گر ہوتا ہے اور اس طرح انسان کو اس کی رؤیت ہوتی ہے۔
تمہارے رب کی طرف سے دلائل آچکے ہیں پس جس نے (انہیں) جان لیا (اس کا یہ فعل) اس کے اپنے (فائدہ کے) لئے ہوگا اور جس نے کجراہی (اختیار) کی (اس کا یہ فعل) اسی پر پڑے گا اور میں تو تمہارا محافظ[2] نہیں ہوں۔
[2] یعنی تم کو نافرمانی کی وجہ سے جو عذاب آئے اس سے بچا نہیں سکتا۔ یا بدیوں سے زبردستی بچا نہیں سکتا۔
اور اسی طرح ہم آیتوں کو کئی کئی طرح پھیر پھیر کر لاتے ہیں (تا ان پر حجت ہو جائے) اور تا وہ (یہ) کہدیں کو تونے پڑھ کر (سنا) دیا ہے (اور حجت پوری کر دی ہے) اور تا کہ ہم اسے علم والی قوم (کے فائدہ) کے لئے بیان کر دیں۔
جو (کچھ) تیرے رب کی طرف سے تجھ پر نازل کیا جاتا ہے اس کی پیروی کر۔ اس کے سوا (اور) کوئی معبود نہیں اور تو مشرکوں سے منہ پھیرلے۔
اور اگر اللہ چاہتا تو وہ شرک نہ کرتے اور ہم نے تجھے ان پر محافظ[3] نہیں مقرر کیا۔ اور نہ تو ان پر نگران ہے۔
[3] یعنی تم کو نافرمانی کی وجہ سے جو عذاب آئے اس سے بچا نہیں سکتا۔ یا بدیوں سے زبردستی بچا نہیں سکتا۔