۶۔ سورۃ الأنعام
تفسیر صغیر, حصہ 12
اور ہر شخص (یا قوم) کے لئے اس کے اعمال کے مطابق درجات مقرر ہیں اور تیرا رب اس سے غافل نہیں جو وہ کرتے ہیں۔
اور تیرا رب کسی کا محتاج نہیں (اور) رحمت والا ہے اگر وہ چاہے تو تمہیں ہلاک کر دے اور جس طرح تمہیں ایک دوسری قوم کی نسل سے کھڑا کیا ہے (اسی طرح) جسے چاہے تمہارے (ہلاک کرنے کے) بعد تمہارا جانشین کردے۔
جس (بات) کا تم سے وعدہ کیا جا رہا ہے وہ ضرور ہو کر رہے گی اور تم کسی طرح [1]بھی ہمیں عاجز نہیں کر سکتے۔
[1] کسی طرح باء کا ترجمہ ہے۔
تو کہہ دے کہ اے میری قوم تم اپنے طریق پر عمل کرو، میں بھی (اپنے طریق) پر عمل کروں گا پھر تم جلدی ہی معلوم کرلو گے کہ اس گھر (یعنی دنیا) کا انجام کس کے حق میں ہوتا ہے۔ بات یہ ہے کہ ظالم (کبھی) کامیاب نہیں ہوتے۔
اور انہوں نے ایک حصہ اس کھیتی میں سے یا جانوروں میں سے اللہ کا مقرر (کر چھوڑا) ہے جو (کھیتی یا جانور) اس (یعنی خدا) نے پیدا کئے ہیں۔ پھر اپنے گمان سے کہتے ہیں کہ اتنا تو اللہ کے لئے ہے اور اتنا ہمارے شریکوں کے لئے۔ پھر یہ دعوے کرتے ہیں کہ جو ان کے شریکوں کا (حصہ) ہوتا ہے وہ تو اللہ کو نہیں پہنچتا اور جو اللہ کا (حصہ) ہوتا ہے وہ ان کے شریکوں کو پہنچ جاتا ہے وہ کیا ہی برا فیصلہ کرتے ہیں۔
اور اسی طرح مشرکوں میں سے بہتوں کو ان کے شریکوں نے ان کے ہلاک کرنے کے لئے اور ان کے دین کو ان پر مشتبہ کرنے کے لئے اپنی اولاد کا قتل کرنا خوبصورت کرکے دکھایا تھا اور اگر اللہ چاہتا تووہ (مشرک) ایسا نہ کرتے۔ پس تو ان کو بھی اور ان کے جھوٹ کو بھی نظر انداز کر دے۔
اور وہ اپنے گمان کی بنا پر کہتے ہیں کہ فلاں فلاں جانور اور کھیتی (ایسے ہیں کہ ان کا کھانا) ممنوع ہے۔ انہیں صرف وہی کھا سکتا ہے جس کے متعلق ہم کہیں (کہ وہ کھائے) اور (کہتے ہیں کہ) کچھ جانور ایسے ہیں کہ ان کی پیٹھیں (سواری کے لئے) حرام کر دی گئی ہیں اور کچھ جانور ایسے ہیں کہ وہ ان پر اللہ کا نام نہیں لیتے (یہ ان کا قول و فعل) اس (اللہ) پر افتراء کے طور پر (ہوتا) ہے، وہ انہیں اس جھوٹ کے سبب سے جو وہ بناتے ہیں ضرور سزا دے گا۔
اور وہ کہتے ہیں کہ جو کچھ ان جانوروں کے پیٹوں میں ہے وہ خالصتہ ہمارے مردوں کے لئے ہے اور ہماری بیویوں پر حرام کیا گیا ہے، ہاں اگر وہ مردہ ہو تو وہ (سب) اس شریک ہیں، وہ ضرور ان کی بات کی انہیں سزا دے گا۔ یاد رکھو کہ وہ حکمت والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
وہ لوگ جنہوں نے اپنی اولاد کو بے وقوفی سے بغیر علم کے قتل کردیا ہے اور جو کچھ اللہ نے انہیں دیا تھا سے اللہ پر افتراء کرتے ہوئے (اپنے پر) حرام کر لیا ہے۔ وہ گھاٹا پانے والے ہو گئے ہیں اور گمراہ ہو گئے ہیں اور وہ ہدایت پانے والوں میں سے نہیں (بنے)
وہ (خدا) ہی ہے جس نے لکڑیوں کے سہارے پر کھڑے ہونے والے باغات اور بغیر سہارے کھڑے ہونے والے باغات اور کھجوریں اور کھیتیاں جن کے مزے مختلف ہیں اور زیتون اور انار کو اس صورت میں کہ وہ (آپس میں) مشابہ (بھی) ہیں اور (بعض صورتوں میں) نہیں (بھی) پیدا کیا ہے تم جب ان درختوں کو پھل لگے تو ان کے پھل کھاؤ اور اس کے کاٹنے کے دن اس (خدا) کا حق[1] ادا کرو، اور اسراف سے کام نہ لو کیونکہ وہ اسراف سے کام لینے والوں کو پسند نہیں کرتا۔
[1] یعنی غریبوں کی امداد کرو۔
اور چارپایوں میں سے لادو جانور بھی ہیں اور چھوٹے بھی ہیں۔ اللہ نے جو کچھ تمہیں دیا ہے تم اس میں سے کھاؤ اور شیطان کے قدم بقدم نہ چلو، وہ یقیناً تمہارا کھلا (کھلا) دشمن ہے۔
(اس نے) آٹھ جوڑوں کو (پیدا کیا ہے) دنبہ میں سے دو کو، اور بکرے میں سے دو کو۔ تو ان سے کہہ کہ کیا اس نے دو نروں کو حرام کیا ہے یا دو مادینوں کو، یا مادینوں کے رحموں نے جس چیز کو بھی (اپنے اندر) لپیٹا ہوا ہے (اس کو حرام کیا ہے) اگر تم سچے ہو تو مجھے کسی علم کی بنا پر (یہ بات) بتاؤ۔