۶۔ سورۃ الأنعام

تفسیر صغیر, حصہ 3

دیکھ (اس موقعہ پر) وہ کس طرح اپنی جانوں کے متعلق جھوٹ بولیں گے اور جو (کچھ) وہ اس سے پہلے افترا کرتے تھے (سب) انہیں بھول جائے گا۔

اور ان میں سے بعض (لوگ) ایسے ہیں جو تیری (باتوں کی) طرف کان رکھتے ہیں حالانکہ ہم نے ان کے دلوں پر پردے[1] ڈال دئیے ہیں تا کہ وہ اسے (نہ) سمجھیں اور ان کے کانوں میں بہراپن (پیدا کردیا) ہے اور گو وہ ہر ایک (قسم کا) نشان دیکھ لیں وہ اس پر ایمان نہیں لائیں گے، (ان کی حالت) یہاں تک (پہنچی ہوئی ہے) کہ جب وہ تیرے پاس آتے ہیں تو تجھ سے جھگڑتے ہیں۔ کافر کہتے ہیں یہ (قرآن) صرف پہلوں[2] کی کہانیاں ہیں۔

[1] قرآن مجید کی دوسری آیات بتاتی ہیں کہ یہ سزا انسانی بداعمالی کے نتیجہ میں ہوتی ہے ورنہ خداتعالیٰ کسی کو ایمان سے محروم نہیں کرتا۔ جیسا کہ فرماتا ہے بَلْ طَبَعَ اللّٰہُ عَلَیْھَا بِکُفْرِھِمْ (النسآء: ۱۵۶) کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں پر ان کے کفر کی وجہ سے مہر لگائی ہے۔

[2] یہ کافروں کا قول ہے۔ ورنہ قرآن مجید میں سب پرانے واقعات بطور پیشگوئی کے بیان ہوئے ہیں اور ایسے ہی واقعات رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم یا ان کی امت سے گزرے ہیں۔

اور وہ اس سے (اوروں کو بھی) روکتے ہیں اور (خود بھی) اس سے دور رہتے ہیں لیکن[3] وہ اپنے آپ کے سوا کسی کو ہلاک نہیں کرتے، مگر وہ سمجھتے نہیں۔

[3] واؤ کے معنے بعض جگہ اردو میں ’’لیکن‘‘ کے ہو سکتے ہیں وہی اس جگہ کئے گئے ہیں۔ کیونکہ اس سے مضمون زیادہ واضح ہوتا ہے۔

اور اگر تو انہیں (اس وقت) دیکھے جب انہیں دوزخ کے سامنے کھڑا کیا جائے گا جب (وہ) کہیں گے (کہ) اے کاش ہمیں ’’ایمان کی حالت میں‘‘ واپس لوٹا دیا جائے اور ہم آئندہ کبھی اپنے رب کے نشانوں کو نہیں جھٹلائیں گے (تو تجھے ان کی تکذیب کی حقیقت معلوم ہو جائے۔)

حقیقت [4]یہ ہے کہ جو (کچھ) وہ (اس سے پہلے) چھپایا کرتے تھے وہ ان پر خوب منکشف ہو گیا اور اگر انہیں (واپس) لوٹایا جاتا تو یقیناً وہ پھر اسی بات کی تکرار کرتے جس سے انہیں روکا جاتا تھا اور وہ یقیناً (اپنے اس دعویٰ میں) جھوٹے ہیں۔

[4] آیت میں بَلْ کا لفظ ہے اور بَلْ عام طور پر پہلے مضمون کے ردّ کرنے کے لئے اور اصل حقیقت بیان کرنے کے لئے آتا ہے یہاں انہی معنوں میں استعمال ہوا ہے۔

اور وہ کہتے ہیں کہ ہماری (اس) ورلی زندگی کے سوا کوئی (اور زندگی) نہیں ہے اور نہ ہمیں اٹھایا جائے گا۔

اور اگر تو انہیں (اس وقت) دیکھے جب انہیں اپنے رب کے سامنے کھڑا کیا جائے گا (اور) وہ (اُن سے) فرمائے گا کیا یہ (دوسری زندگی) سچ نہیں ہے (اور) وہ جواب میں کہیں گے ہمیں اپنے رب کی قسم کیوں نہیں (ضرور سچ ہے) وہ فرمائے گا۔ تب تم اپنے انکار (پر اصرار) کی وجہ سے عذاب (کا مزا) چکھو۔

جن لوگوں نے اللہ کی ملاقات (کے مسئلہ) کو جھٹلایا وہ نقصان میں پڑ گئے ہیں یہاں تک کہ جب وہ گھڑی ان پر اچانک آجائے گی تو وہ کہیں گے۔ اف رے[1] ہماری ندامت اس کوتاہی کی وجہ سے جو اس گھڑی کے بارہ میں ہم نے کی اور وہ اس وقت اپنے بوجھ اپنی پیٹھوں پر اٹھائے ہوئے ہوں گے۔ سنو جو (بوجھ) وہ اٹھائیں گے، وہ بہت (ہی) برا ہوگا۔

[1] یَاحَسْرَتَنَا کا ترجمہ ’’اُف رے‘‘ کیا گیا ہے کیونکہ اردو کے محاورہ میں اس موقعہ پر یہی بولتے ہیں۔

اور ورلی زندگی کھیل اور مشغلہ کے سوا (کچھ) نہیں ہے اور جو لوگ تقویٰ اختیار کرتے ہیں ان کے لئے پیچھے آنے والا گھر یقیناً بہتر ہے پھر کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے۔

ہم یقیناً جانتے ہیں (اور) یہی بات سچی ہے کہ جو کچھ وہ کہتے ہیں وہ تجھے ضرور غمگین کرتا [2]ہے کیونکہ [3]وہ تجھ کو نہیں جھٹلاتے بلکہ ظالم اللہ کی آیتوں کا دانستہ انکار کرتے ہیں۔

[2] یعنی خداتعالیٰ کی تکذیب کی وجہ سے تجھے غم ہوتا ہے تجھے اپنی فکر نہیں۔

[3] یہاں فاء کا لفظ ہے جس کے معنے لام کے بھی ہوتے ہیں۔ پس ہم نے ’’کیونکر‘‘ ترجمہ کیا ہے جو زیادہ صحیح ہے۔

اور تجھ سے پہلے رسولوں کو بھی یقیناً جھٹلایا جا چکا ہے۔ پھر باوجود اس کے کہ انہیں جھٹلایا گیا اور انہیں تکلیف دی گئی وہ صبر کرتے رہے یہاں تک کہ ان کے پاس ہماری مدد آگئی اور اللہ کی باتوں کو بدلنے والا کوئی نہیں اور تیرے پاس رسولوں کی بعض خبریں یقیناً آہی چکی ہیں۔

اور اگر ان (کافروں) کی روگردانی تجھ پر گراں گزرتی ہے تو اگر تجھ میں طاقت ہے کہ زمین میں کسی سرنگ کی یا آسمان کی طرف کسی سیڑھی کی تلاش کر سکے (اور) پھر ان کے لئے کوئی نشان لا سکے (تو بیشک ایسا کر) اور اگر اللہ چاہتا تو ان کو ضرور ہدایت پر جمع کر دیتا۔ پس تو ناواقفوں[1] میں سے ہرگز نہ بن۔

[1] یعنی خداتعالیٰ کی مشیّت پر صبر کر۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی