۶۔ سورۃ الأنعام
تفسیر صغیر, حصہ 4
جو لوگ سنتے ہیں وہی (بات کو) قبول کرتے ہیں اور (جو) مردے[2] (ہیں) اللہ انہیں اٹھائے گا۔ پھر انہیں اسی کی طرف لوٹایا جائے گا۔
[2] اس آیت سے ثابت ہے کہ قرآن کریم میں مردہ کا لفظ حق سے محروم کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے ان معنوں کو مفسرین نے مسیحؑ کے متعلق استعمال نہیں کیا اور قرآن کریم میں مشرکانہ خیالات داخل کر دئے ہیں۔
اور وہ کہتے ہیں کہ اس کے رب کی طرف سے اس پر کوئی نشان کیوں نہیں اتارا گیا تو کہہ دے کہ اللہ اس (بات) پر یقیناً قادر ہے کہ کوئی نشان نازل کرے ہاں مگر ان میں سے اکثر (اس بات کو) نہیں جانتے۔
اور سب کے سب زمین میں چلنے والے (جانور) اور نیز اپنے دونوں پروں سے اڑنے والے پرندے تمہاری[3] طرح کی جماعتیں ہیں ہم نے اس کتاب میں کچھ بھی کمی نہیں[4] کی۔ پھر انہیں (یعنی پہلے بیان کردہ گروہوں میں سے انسانوں کو) اپنے رب کی طرف اکٹھا کرکے لے جایا جائے گا۔
[3] یعنی خداتعالیٰ کے قانون کے تابع ہیں۔
[4] یعنی سب قسم کی تعلیمات دے دی ہیں۔
اور جن لوگوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا ہے وہ بہرے اور گونگے ہیں (اور) تاریکیوں میں (پڑے ہوئے) ہیں۔ جسے اللہ چاہے ہلاک کر دے اور جسے چاہے سیدھے راستہ پر (قائم) کر دے۔
تو کہہ کہ تم بتاؤ تو (سہی) کہ اگر تم پر اللہ کا عذاب آجائے یا تم پر وہ (موعودہ) گھڑی آجائے تو اگر تم سچے ہو تو کیا تم (اس وقت) اللہ کے سوا کسی (اور) کو پکارو گے۔
نہیں بلکہ تم اسی کو پکارو گے پھر اگر وہ چاہے گا تو جس (تکلیف کے ازالہ) کے لئے تم (اسے) پکارو گے وہ اسے ضرور دور کر دے گا اور تم اسے جسے تم (خدا کا) شریک قرار دیتے ہو بھول جاؤ گے۔
اور ہم تجھ سے پہلی قوموں کی طرف (رسول) بھیج چکے ہیں اور (ان رسولوں کے آنے کے بعد) ہم نے انہیں (یعنی منکرین کو) اس لئے مالی اور جسمانی تکلیفوں میں گرفتار[1] کیا تھا کہ وہ عجز اختیار کریں۔
[1] معلوم ہوا کہ عذاب نصیحت دینے کے لئے آتا ہے۔
پھر کیوں نہ ایسا ہوا کہ جب ان پر ہمارا عذاب آیا تھا تو وہ عجز اختیار کر لیتے بلکہ ان کے دل (تو اور بھی) سخت ہو گئے اور شیطان نے اسے جو وہ کرتے تھے انہیں خوبصورت کرکے دکھایا۔
اور پھر جب وہ اس (امر) کو بھول گئے جو انہیں یاد دلایا جاتا تھا تو ہم نے ان پر ہر اک چیز کے دروازے کھول دئیے۔ یہاں تک کہ جب وہ اس پر خوش ہو گئے جو انہیں دیا گیا تھا تو ہم نے انہیں اچانک[2] عذاب میں مبتلا کر دیا جس پر وہ یکدم ناامید ہو گئے۔
[2] قرآن کریم میں اَخَذْنٰـھُمْ کے الفاظ ہیں۔ اور اَخَذَہٗ کے معنے سزا دینے کے بھی ہوتے ہیں۔ (اقرب)
پس جنہوں نے ظلم کیا تھا ان کی جڑ کاٹ دی گئی اور (ثابت ہوا کہ) سب تعریفوں کا اللہ ہی مستحق ہے جو سب جہانوں کا رب ہے۔
تو کہہ دے کہ بتاؤ تو سہی (کہ) اگر اللہ تمہاری شنوائی اور بینائی کو ضائع کر دے اور تمہارے دلوں پر مہر لگا دے تو اللہ کے سوا کون معبود ہے جو وہ (ضائع شدہ چیز) تمہیں (واپس) لا دے گا۔ دیکھ ہم کس طرح آیتوں کو باربار (مختلف پیرایہ میں) بیان کرتے ہیں (مگر) پھر بھی وہ اعراض کرتے چلے جاتے ہیں۔
تو کہہ دے کہ بتاؤ تو سہی کہ اگر اللہ کا عذاب تم پر اچانک (بلا اطلاع) یا ظاہر طور پر آجائے تو کیا ظالم لوگوں کے سوا (کوئی اور شخص) ہلاک کیا جائے گا۔