۶۔ سورۃ الأنعام

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور ہم رسولوں کو صرف خوش خبری دینے اور ڈرانے کے لئے بھیجتے ہیں۔ پھر جو (لوگ) ایمان لے آئیں اور اصلاح کریں تو انہیں نہ کسی قسم کا (آئندہ کے لئے) خوف ہوگا، اور نہ وہ (گزشتہ کوتاہیوں پر) غمگین ہوں گے۔

اور جنہوں نے ہماری آیات کا انکار کیا ہے انہیں ان کی نافرمانیوں کی وجہ سے عذاب ہوگا۔

تو کہہ دے کہ میں تمہیں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں اور نہ (یہ کہ) میں غیب جانتا ہوں اور نہ میں تمہیں یہ کہتا ہوں کہ میں فرشتہ ہوں۔ میں تو صرف اس کی پیروی کرتا ہوں جو میری طرف الہام کیا گیا ہے۔ تو کہہ دے کہ کیا اندھا اور آنکھوں والا برابر ہو سکتا ہے پھر کیا تم سوچتے نہیں؟

اور تو اس (کلام) کے ذریعہ سے ان لوگوں کو جو اس بات سے ڈرتے ہیں کہ انہیں ان کے رب کی طرف اکٹھا کرکے لے جایا جائے گا۔ جب کہ اس کے سوا نہ ان کا کوئی مددگار ہوگا۔ نہ سفارشی۔ اس لئے ڈرا کہ وہ تقویٰ اختیار کریں۔

اور تو ان لوگوں کو جو اپنے رب کو صبح و شام اس کی توجہ چاہتے ہوئے پکارتے ہیں مت دھتکار۔ ان کے حساب کا کوئی حصہ بھی تیرے ذمہ نہیں اور تیرے حساب کا کوئی حصہ ان کے ذمہ نہیں۔ پس (اگر) تو انہیں دھتکارے گا تو ظالم ہو جائے گا۔

اور ہم نے ان میں سے بعض کو بعض کے ذریعہ سے اس طرح آزمایا ہے تا کہ وہ (ابتلاء میں ڈالے ہوئے لوگ) کہیں کہ کیا اللہ نے ہم میں سے ان (ذلیل) لوگوں پر احسان کیا ہے (ٹھیک ہے) کیا خدا شکر گزاروں کو (سب سے زیادہ) نہیں جانتا؟

اور جب تیرے پاس وہ لوگ آئیں جو ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں تو تو (انہیں) کہہ تم پر ہمیشہ سلامتی ہو۔ تمہارے رب نے اپنے آپ پر (تمہارے لئے) رحمت کو فرض کر لیا ہے (اس طرح) کہ تم میں سے جو (کوئی) غفلت میں کوئی بدی کر بیٹھے گا پھر وہ اس کے بعد توبہ کرلے گا اور اصلاح کرے گا۔ تو اس (خدا) کی صفت یہ ہے کہ وہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

اور ہم نشانات کو اسی طرح کھول (کھول) کر بیان کرتے ہیں (تا حق کھل جائے) اور تا مجرموں کا طریقہ ظاہر ہو جائے۔

تو (ان سے) کہدے کہ مجھے بالکل منع کیا گیا ہے کہ میں ان (جھوٹے معبودوں) کی عبادت کروں جنہیں تم اللہ کے سوا پکارتے ہو۔ تو (ان سے) کہدے کہ میں تمہاری گری ہوئی خواہشات کی پیروی نہیں کرتا (اگر میں ایسا کروں تو) اس صورت میں (سمجھو کہ) میں گمراہ ہو چکا۔ اور میں ہدایت یافتہ (لوگوں) میں سے نہیں ہوں۔

تو (ان سے) کہدے کہ میں اپنے رب کی طرف سے ایک واضح دلیل پر قائم ہوں اور تم نے اس (رب) کی تکذیب کی ہے جس بات کے متعلق تم جلدی کرتے ہو وہ میرے پاس نہیں ہے فیصلہ تو اللہ کے اختیار میں ہے وہ سچائی بیان کرتا ہے اور وہ فیصلہ کرنے میں سب سے اچھا ہے۔

تو (ان سے) کہدے کہ جس چیز کے متعلق تم جلدی کے خواہاں ہو اگر وہ میرے پاس ہوتی تو میرے اور تمہارے درمیان (اختلافی) امر کا فیصلہ (کبھی کا) ہو جاتا۔ اور اللہ ظالموں کو سب سے زیادہ جانتا ہے (جب چاہے گا فیصلہ کر دے گا)

اور اس کے پاس غیب کی کنجیاں ہیں۔ سوائے اس کے ان (غیبوں) کو کوئی نہیں جانتا اور جو کچھ خشکی اور سمندر میں ہے وہ اسے جانتا ہے اور کوئی پتہ نہیں گرتا مگر وہ اسے جان لیتا ہے اور زمین کی تاریکیوں میں کوئی دانہ نہیں اور نہ کوئی تر (چیز) ہے اور نہ خشک (چیز) جو (اس کی) کھلی (کھلی) حفاظت میں نہ ہو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی