۶۔ سورۃ الأنعام
تفسیر صغیر, حصہ 6
اور وہی ہے جو رات کے وقت تمہاری روح قبض کرتا ہے۔ اور دن کے وقت جو کچھ تم کرتے ہو اسے جانتا ہے پھر تمہیں دن کے وقت اٹھاتا ہے تا کہ ایک مدت جو مقرر ہو چکی ہے پوری کی جائے جس کے بعد تمہارا لوٹنا اسی کی طرف ہے اور جو کچھ تم کرتے ہو وہ اس کی تمہیں خبر دے گا۔
اور وہ اپنے بندوں پر غالب ہے اور تم پر نگران (مقرر کرکے) بھیجتا[1] (رہتا) ہے یہاں تک کہ جب تم میں سے کسی کو موت آپکڑتی ہے تو ہمارے بھیجے ہوئے (فرشتے) اس کی روح قبض کر لیتے ہیں اور وہ (حکم کی تکمیل میں) کمی نہیں کرتے۔
[1] یعنی رسول۔ دوسری جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔فَکَیۡفَ اِذَا جِئۡنَا مِنۡ کُلِّ اُمَّۃٍۭ بِشَہِیۡدٍ (نساء: ۴۲) یعنی اس دن کیا ہوگا جب ہم ہر قوم میں سے ایک نگران لا کر گواہی دینے کے لئے کھڑا کر دیں گے یعنی رسول۔
پھر انہیں اللہ کی طرف جو ان کا سچا آقا ہے لوٹایا جائے گا۔ سنو! فیصلہ اسی کے اختیار میں ہے اور وہ حساب لینے والوں میں سے سب سے جلدی (حساب) لینے والا ہے۔
تو (ان سے) کہدے کہ تمہیں خشکی اور تری کی مصیبتوں سے کون بچاتا ہے جبکہ تم اسے عاجزی سے اور پوشیدہ طور پر (یہ کہتے ہوئے) پکارتے ہو کہ اگر وہ ہمیں اس مصیبت سے بچائے گا تو ہم ضرور شکر گزار ہو جائیں گے۔
تو (ان سے) کہہ دے کہ اللہ (ہی) تمہیں اس سے (بھی) اور ہر اک (دوسری) گھبراہٹ سے (بھی) بچاتا ہے۔ پھر (بھی) تم شرک کرتے ہو۔
تو (ان سے) کہدے وہ اس (بات) پر بھی قادر ہے کہ تمہارے اوپر کی طرف سے عذاب نازل کرے یا تمہارے پاؤں کے نیچے کی طرف سے یا تمہیں (ایک دوسرے کے خلاف) آپس میں مختلف گروہوں کی صورت میں ملا دے اور تم میں سے بعض کی طرف سے بعض کو تکلیف پہنچائے۔ دیکھ ہم دلیلوں کو کس طرح باربار بیان کرتے ہیں تا کہ وہ سمجھیں۔
اور تیری قوم نے اس (امر یعنی پیغام محمد صلی اللہ علیہ وسلم) کو جھوٹا قرار دیا ہے حالانکہ وہ سچا ہے۔ تو ان سے کہہ دے کہ میں تمہارا ذمہ دار نہیں ہوں۔
ہر ایک پیشگوئی کی ایک حد مقرر ہوتی ہے اور تم جلد ہی (حقیقت کو) جان لو گے۔
اور جب تو ان لوگوں کو دیکھے جو ہماری آیتوں کے بارہ میں بے لگام ہو کر باتیں کرتے ہیں تو اس وقت تک ان سے الگ رہ جب تک وہ اس (بیہودہ گوئی) کے سوا کسی اور بات میں مشغول نہ ہو جائیں۔ اور اگر شیطان تجھے بھلا ہی دے تو یاد آنے کے بعد تو ظالم قوم کے پاس نہ بیٹھ۔
اور جو لوگ تقویٰ اختیار کرتے ہیں ان کے ذمہ ان (بیہودہ گو لوگوں) کے حساب کا کوئی حصہ نہیں ہے بلکہ نصیحت کرنا (ان کے ذمہ) ہے تا کہ وہ تقویٰ اختیار کریں۔
اور تو ان لوگوں کو جنہوں نے اپنے دین کو مشغلہ اور کھیل بنا لیا ہے اور ورلی زندگی نے انہیں دھوکا میں ڈالا ہوا ہے چھوڑ دے اور اس (کلام الٰہی) کے ذریعہ سے نصیحت کر۔ تا (ایسا نہ ہو) کہ کسی جان کو اس کے کمائے ہوئے کے سبب سے اس طرح ہلاکت میں ڈال دیا جائے کہ خدا کے سوا اس کا نہ کوئی مددگار ہو اور نہ شفیع ہو، اور اگر وہ ہر اک (قسم) کا بدلہ بھی دیں تو ان سے قبول نہ کیا جائے گا یہ وہ لوگ ہیں جنہیں ان کی کمائی کے سبب سے ہلاکت میں ڈال دیا جائے گا۔ انہیں ان کے کفر کے سبب سے پینے کو گرم پانی (ملے گا) اور دردناک عذاب ہوگا۔
تو (ان سے) کہدے کیا ہم اللہ کے سوا اسے پکاریں جو نہ ہمیں (کوئی) نفع دیتا ہے اور نہ ضرر دیتا ہے اور کیا اللہ کے ہدایت (دے) دینے کے بعد ہم اس (شخص) کی طرح اپنی ایڑیوں کے بل لوٹائے جائیں جسے سرکش (لوگ) زمین میں بہکا کر لے گئے ہوں، (اور وہ) حیران (و پریشان) ہو رہا ہو اس کے (کچھ) ساتھی تو ایسے ہیں جو اسے (یہ کہتے ہوئے) پکارتے ہیں کہ ہمارے پاس آ، تا ہدایت پائے۔ تو (ان کافروں سے) کہہ دے کہ یقیناً اللہ کی ہدایت ہی اصل ہدایت ہے اور ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم سب جہانوں کے رب کی فرمانبرداری کریں۔