۶۔ سورۃ الأنعام

تفسیر صغیر, حصہ 7

اور یہ (بھی ہدایت دی گئی ہے) کہ نمازوں کو باشرائط ادا کرو اور اس (خدا) کو اپنی ڈھال بناؤ۔ اور وہی ہے جس کی طرف تم اکٹھے کرکے لے جائے جاؤ گے۔

اور وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو حق (وحکمت) کے ساتھ پیدا کیا ہے اور جس دن وہ کہے گا کہ (میرے منشا کے مطابق یوں) ہو جائے (اسی طرح) ہو جائے گا۔ اس کی بات ہو کر رہنے والی ہے اور جس دن صور پھونکا جائے گا حکومت (صرف) اسی کو (حاصل) ہوگی (وہ) پوشیدہ اور ظاہر (باتوں) کا جاننے والا ہے اور وہ حکمت والا (اور) خبردار ہے۔

اور (یاد کرو) جب ابراہیم نے اپنے باپ آزر سے یہ کہا کہ کیا تو (بعض) بتوں کو معبود بناتا ہے۔ میں تجھے اور تیری قوم کو کھلی (کھلی) گمراہی میں پاتا ہوں۔

اور ہم ابراہیم کو اس طرح آسمانوں اور زمینوں پر (اپنی) بادشاہت دکھاتے تھے (تا اس کا علم کامل ہو) اور تا کہ وہ یقین کرنے والوں میں سے ہو جائے۔

(ایک دن ایسا ہوا کہ) جب رات نے اس پر پردہ ڈال دیا تو اس نے ایک ستارہ دیکھا (اسے دیکھ کر) اس نے کہا کہ کیا یہ میرا رب (ہو سکتا) ہے؟ پھر جب وہ ڈوب گیا، تو اس نے کہا کہ میں ڈوبنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

(اس کے بعد) جب اس نے چاند چمکتا ہوا دیکھا تو اس نے کہا (کیا) یہ میرا رب[1] (ہوسکتا) ہے؟ پھر جب وہ بھی غائب ہو گیا، تو اس نے کہا کہ اگر میرا رب مجھے ہدایت نہ دیتا تو میں ضرور گمراہوں کی جماعت میں سے ہوتا۔

[1] درحقیقت مفہوم یہ ہے کہ ہر سیّارہ کو دیکھ کر ابراہیمؑ نے اس کے خدا ہونے سے انکار کیا۔ چنانچہ آیت میں صاف لکھا ہے کہ اگر خداتعالیٰ مجھے پہلے سے ہدایت نہ دیتا تو میں گمراہ ہو جاتا۔ پس اس آیت نے شرک کا خیال آنے کی بھی نفی کر دی ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ ابراہیمؑ کا کلام طنزیہ کلام تھا۔

پھر جب اس نے سورج کو چمکتے ہوئے دیکھا تو اس نے کہا کہ (کیا) یہ میرا رب (ہوسکتا) ہے یہ بیشک سب سے بڑا ہے پھر جب وہ (بھی) غائب ہو گیا تو اس نے کہا کہ میں اس سے جسے تم (خدا کا) شریک بناتے ہو بالکل بیزار ہوں۔

میں نے (تمام) کج راہیوں سے بچتے ہوئے یقیناً اپنی توجہ اس (خدا) کی طرف پھیر دی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اور میں مشرکوں میں سے نہیں ہوں۔

اور اس کی قوم نے اس سے بحث کرکے جیتنا چاہا (تو) اس نے کہا کہ کیا تم مجھ سے اللہ کے بارہ میں بحث کرتے ہو حالانکہ اس نے خود مجھے ہدایت دی ہے اور جسے تم اللہ کا شریک بناتے ہو میں اس سے نہیں ڈرتا۔ ہاں اگر میرا رب کسی بات کا ارادہ کرے (تو اس سے ڈرتا ہوں) میرے رب نے ہر اک چیز کا علم سے احاطہ کیا ہوا ہے پھر کیا تم سمجھتے نہیں۔

اور میں اس (چیز) سے جسے تم (خدا کا) شریک بناتے ہو کس طرح ڈر سکتا ہوں جبکہ اس (چیز) کو جس کے متعلق اس نے تم پر کوئی دلیل نہیں اتاری، تم اللہ کا شریک بنانے سے نہیں ڈرتے سو اگر تم (کچھ) علم رکھتے ہو تو (بتاؤ کہ) ہم دونوں فریق میں سے کونسا امن (میں رہنے) کا زیادہ مستحق ہے۔

جو لوگ ایمان لے آئے اور انہوں نے اپنے ایمان کو ظلم سے مخلوط نہیں کیا انہی لوگوں کے لئے امن (مقدر) ہے اور وہی ہدایت پانے والے ہیں۔

اور یہ ہماری طرف سے (دی ہوئی ایک) دلیل تھی، (جو) ہم نے ابراہیم کو اس کی قوم[1] کے خلاف سکھائی تھی، ہم جسے چاہتے ہیں درجوں میں بلند کرتے ہیں۔ تیرا رب یقیناً حکمت والا (اور) خوب جاننے والا ہے۔

[1] معلوم ہوا ابراہیمؑ نے تردد سے کام نہیں لیا بلکہ جو اوپر بیان ہوا ہے وہ خداتعالیٰ کا سکھایا ہوا تھا، اور خداتعالیٰ شرکیہ تعلیم نہیں دیتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی