۶۔ سورۃ الأنعام

تفسیر صغیر, حصہ 8

اور ہم نے اس (یعنی ابراہیم کو) اسحاق اور یعقوب دئے تھے، ہم نے (ان) سب کو ہدایت دی تھی اور (اس سے) پہلے ہم نے نوح کو ہدایت دی تھی اور اس (یعنی ابراہیم) کی اولاد میں سے داوٗد اور سلیمان اور ایوب اور یوسف اور موسیٰ اور ہارون کو (بھی) اور اسی طرح ہم اچھی طرح کام کرنے والوں کو بدلہ دیا کرتے ہیں۔

اور زکریا[1] اور یحییٰ اور عیسیٰ اور الیاس کو بھی (ہدایت دی تھی) (یہ) سب کے سب نیکوں میں سے تھے۔

[1] زکریا کا ذکر یحیٰؑ کے ساتھ اس لئے کیا ہے کہ وہ ان کے باپ تھے۔ اور عیسیٰؑ کا اس لئے کہ یحیٰؑ ان کے ارہاص تھے اور الیاس کا اس لئے کہ عیسیٰؑ کے آنے سے پہلے الیاس کے آسمان سے آنے کی خبر دی گئی تھی۔ اور اسماعیلؑ کا اس لئے کہ وہ بھی عیسیٰ کی طرح جمالی نبی تھے اور الیسعؑ یعنی یسعیاہ کا ذکر اس لئے کیا گیا کہ ان کو بھی الیاس سے تشبیہ دی جاتی ہے اور یونسؑ کا اس لئے کہ ان کے واقعہ کو مسیحؑ پر چسپاں کیا جاتا ہے اور لوطؑ کا اس لئے ذکر کیا کہ ان کا تعلق ابراہیمؑ و اسماعیلؑ سے گہرا تھا۔
پس یہ اعتراض نہیں ہوتا کہ یہ انبیاء ایک دوسرے کے آگے پیچھے آئے تھے اور قرآن نے ان کا ذکر اکٹھا کر دیا ہے کیونکہ قرآن مجیدنے حکمت کے ماتحت ان کا اکٹھا ذکر کیا ہے نہ کہ تاریخ کے لحاظ سے۔

اور اسماعیل اور الیسع اور یونس اور لوط کو (بھی ہدایت دی تھی) اور ان سب کو ہم نے تمام جہانوں پر فضیلت دی تھی۔

اور ان کے باپ دادوں اور ان کی اولاد اور ان کے بھائیوں کو (بھی ہم نے ہدایت دی تھی) اور ہم نے انہیں چن لیا تھا اور انہیں سیدھے راستہ کی طرف راہنمائی کی تھی۔

اللہ کے ہدایت دینے کا یہی طریق ہے جس کے ذریعہ سے وہ اپنے بندوں میں سے جسے چاہتا ہے راہ دکھاتا ہے اور اگر وہ شرک کرتے تو جو کچھ وہ اعمال کرتے تھے ان سے ضائع ہوجاتے۔

وہی لوگ ہیں جنہیں ہم نے کتاب اور فیصلہ کرنے کی فراست اور نبوت دی تھی۔ پس اگر یہ لوگ اس (نبوت) کا انکار کریں تو ہم نے اسے ایک (اور) قوم (یعنی مسلمانوں) کے سپرد کر دیا ہے جو اس کے منکر نہیں ہیں۔

انہی (مذکورہ بالا لوگوں) کو اللہ نے ہدایت دی۔ پس تو ان کی ہدایت کی پیروی کر۔ تو ان سے کہہ دے کہ میں اس پر تم سے کوئی مزدوری نہیں مانگتا۔ یہ تو صرف تمام جہانوں کے لئے ایک نصیحت ہے۔

اور جب انہوں نے یہ بات کہی تھی کہ اللہ نے کسی بندے پر کچھ نہیں اتارا تو ان لوگوں نے اللہ (کی صفات) کا اندازہ اس طرح نہیں کیا تھا جس طرح کرنا چاہیے۔ تو (ان سے) کہہ دے کہ وہ کتاب جو موسیٰ لائے تھے اور وہ لوگوں کے لئے نور اور ہدایت تھی۔ اس کو کس نے اتارا تھا تم اسے ورق ورق کر رہے ہو اس کو ظاہر (بھی) کرتے ہو اور (اس میں سے) بہت (حصوں) کو چھپاتے (بھی) ہو۔ حالانکہ تمہیں وہ (کچھ) سکھایا گیا ہے جو نہ تم جانتے تھے اور نہ تمہارے باپ دادے (جانتے تھے) تو (ان سے) کہہ دے کہ اللہ نے (ہی اسے اتارا تھا) پھر تو انہیں ان کے جھوٹ میں کھیلتے ہوئے چھوڑ دے۔

اور یہ (قرآن) ایک (عظیم الشان) کتاب ہے جسے ہم نے اتارا ہے (اور وہ) برکات کی جامع ہے (اور) جو (کلام) اس سے پہلے تھا اس کو پورا کرنے والی ہے (اور ہم نے اسے اس لئے اتارا ہے کہ تو اس کے ذریعہ سے لوگوں کو ہدایت دے) اور تا کہ تو ام القریٰ (یعنی اہل مکہ) کو اور جو اس کے ارد گرد (رہتے) ہیں ڈرائے اور جو لوگ پیچھے آنے والی (موعود باتوں) پر ایمان لاتے ہیں وہ اس (کتاب) یعنی (قرآن) پر (بھی) ایمان لاتے ہیں اور وہ اپنی نمازوں کا ہمیشہ خیال رکھتے ہیں۔

اور اس شخص سے زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے جو جان بوجھ کر اللہ پر جھوٹ باندھے یا یہ کہے کہ مجھ پر وحی (نازل) کی گئی ہے حالانکہ اس پر وحی (نازل) نہ کی گئی ہو اور (اسی طرح) اس شخص سے (زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے) جو کہتا ہے کہ جو کچھ اللہ نے اتارا ہے میں بھی یقیناً ویسا ہی (کلام) اتار دوں گا۔ اور اگر تو (اس وقت کو) دیکھے جبکہ ظالم موت کی تکالیف میں مبتلا ہوں گے اور فرشتے (یہ کہتے ہوئے) اپنے ہاتھ پھیلا رہے ہوں گے کہ اپنی جانیں نکالو۔ جو کچھ تم اللہ کے متعلق ناحق کہتے تھے اور جو تم اس کی آیتوں کے بارے میں تکبر سے کام لیتے تھے اس کے سبب سے تمہیں آج رسوائی کا عذاب دیا جائے گا (تو تجھے ایک عبرت ناک نظارہ نظر آئے گا۔)

اور (اس وقت ہم کہیں گے کہ) جس طرح ہم نے تمہیں پہلی دفعہ پیدا کیا تھا (اسی طرح اب) تم ہمارے پاس اکیلے اکیلے پہنچے ہو۔ اور جو کچھ ہم نے بطور احسان تمہیں دیا تھا اسے تم نے اپنی پیٹھوں کے پیچھے چھوڑ دیا ہے اور (یہ کیا بات ہے کہ) ہم تمہارے ان شفیعوں کو جن کے بارہ میں تم دعویٰ کرتے تھے کہ وہ تم (پر حکومت کرنے) میں (خدا کے) شریک ہیں (آج) تمہارے ساتھ نہیں دیکھتے (اب) تمہارے آپس کے رشتے بالکل کٹ گئے ہیں اور جو کچھ تم کہا کرتے تھے وہ (سب) تم سے کھویا گیا ہے۔

اللہ یقیناً دانے اور گٹھلیوں کو پھاڑنے والا ہے، وہ زندہ کو مردہ سے نکالتا ہے اور مردہ کو زندہ سے نکالنے والا ہے۔ تمہارا اللہ یہ ہے سو بتاؤ تم کہاں سے واپس لوٹائے جاتے ہو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی