۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 10
پھر اس نے اپنا ہاتھ باہر نکالا تو وہ دیکھنے والوں کی نظر میں بالکل سفید تھا۔
اس پر فرعون کی قوم کے سرداروں نے کہا یہ کوئی بڑے علم والا جادوگر ہے۔
جو تم کو تمہارے ملک سے باہر نکالنا چاہتا ہے پس تم (اس کے بارہ میں) کیا مشورہ دیتے ہو؟
(اس پر سرداروں نے) کہا موسیٰ کو اور اس کے بھائی کو (کچھ) ڈھیل دیں اور تمام شہروں میں ڈھنڈھورچی بھیج دیں۔
(تا کہ) وہ آپ کے پاس ہر واقف کار جادو گر کو لائیں۔
اور (اس کوشش کے نتیجہ میں) تمام جادو گر فرعون کے پاس جمع ہو گئے اور انہوں نے کہا اگر ہم غالب رہے تو کیا ہمیں کچھ انعام (بھی) ملے گا۔
اس پر اس (فرعون) نے کہا، کیوں نہیں اور اس کے علاوہ تم میری پسندیدہ جماعت (بھی) ہو جاؤ گے۔
انہوں نے کہا اے موسیٰ! کیا تو پہلے پھینکے گا یا ہم (پہلے) پھینکنے کی جرأت کریں۔
موسیٰ نے کہا، تم (پہلے) پھینکو۔ پھر جب انہوں نے (اپنی لاٹھیاں اور رسیاں) پھینک دیں، تو لوگوں کی آنکھوں پر فریب کر دیا اور انہیں ڈرا دیا اور ایک بہت بڑا فریب (لوگوں کے سامنے) انہوں نے پیش کیا۔
اور ہم نے موسیٰ پر وحی کی کہ تو اپنا سونٹا ڈال دے (جب اس نے ایسا کیا) تو اچانک (یوں معلوم ہوا کہ) وہ جادوگروں کے فریب کو نگلتا[1] جا رہا ہے۔
[1] یہ محاورہ کا کلام ہے، مطلب یہ کہ ان کا اثر زائل کرتا جاتا تھا۔ اصل بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی رسیوں میں لوہے کے پیچ چھپائے ہوئے تھے اور سونٹوں میں پارہ بھرا ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ حرکت کرتے تھے۔ جیسے آج کل کے یورپ کے کھلونے ہوتے ہیں۔ موسیٰ نے جب ان پر اپنا عصا مارا تو پیچ ٹوٹ گئے اور پارہ نکل گیا اور سب فریب ظاہر ہو گیا۔ اسے محاورہ کی زبان میں نگلنا کہا گیا ہے۔
پس حق ظاہر ہو گیا اور جو کچھ وہ جادوگر کرتے تھے وہ نابود ہو گیا۔
تب وہ (جادوگر) مغلوب ہو گئے اور ذلیل ہو گئے۔