۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 9
اور اگر ان بستیوں کے رہنے والے ایمان لاتے اور تقویٰ کرتے تو ہم آسمانوں سے اور زمین سے ان کے لئے برکتوں کے دروازے کھول دیتے لیکن انہوں نے (نبیوں کو) جھٹلایا پس ہم نے ان کو ان کے اعمال کی وجہ سے عذاب میں گرفتار کرلیا۔
کیا ان شہروں[2] میں رہنے والے (یعنی مکہ اور اس کے اردگرد کے لوگ) اس بات سے امن میں آگئے ہیں کہ ہمارا عذاب ان پر رات کے وقت جب وہ سو رہے ہوں آجائے۔
[2] یعنی شعیبؑ کی بستیوں کا انجام دیکھ کر کیا پھر بھی اہل مکہ نصیحت نہیں حاصل کرتے؟
یا ان شہروں میں رہنے والے لوگ اس بات سے امن میں آگئے ہیں کہ ہمارا عذاب ان پر دوپہر کے وقت آجائے اور وہ کھیل رہے[2] ہوں۔
[2] ہندوستان میں دوپہر کے وقت بازاروں اور برآمدوں میں لوگ چوسر کھیلتے ہیں معلوم ہوتا ہے چونکہ یہ قوم بھی تاجر تھی۔ ان میں بھی ایسا ہی کوئی رواج تھا۔
کیا وہ اللہ کی تدبیر سے محفوظ ہو گئے ہیں (اگر ایسا ہے) تو یاد رکھیں کہ نقصان میں پڑنے والی قوم کے سوا کوئی قوم اللہ کی تدبیر سے غافل نہیں ہوتی۔
کیا ان لوگوں کو جو اس کے اصل باشندوں کے بعد زمین کے وارث بنے اس بات نے عقل نہیں دی کہ اگر ہم چاہیں تو ان کے گناہوں کی وجہ سے ان پر بھی عذاب نازل کر سکتے ہیں اور ان کے دلوں پر مہر بھی لگا سکتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہدایت کی باتوں کو سن نہیں سکیں گے۔
یہ ایسی بستیاں ہیں جن کی خبریں ہم تجھے سنا رہے ہیں اور ان کے پاس ان کے رسول نشان لے کر آئے تھے۔ مگر وہ (اس پر بھی) ایمان نہ لائے کیوں کہ وہ ابتدا میں انکار کر چکے تھے۔ اللہ اسی طرح کافروں کے دل پر مہر لگاتا ہے۔
اور ہم نے ان میں سے اکثر کو (اپنے) عہد کا پابند نہیں پایا، بلکہ[1] ہم نے یقیناً ان میں سے اکثر کو عہد توڑنے والا ہی پایا ہے۔
[1] ’’بلکہ‘‘ واؤ کا ترجمہ ہے جو عربی زبان کے لحاظ سے درست ہے (مغنی)
پھر ہم نے ان (نبیوں) کے بعد موسیٰ کو اپنے نشان دیکر فرعون اور اس کے سرداروں کے پاس بھیجا، تو انہوں نے ان (نشانوں) سے ظلم کا برتاؤ کیا پس تو دیکھ کہ فساد کرنے والوں کا انجام کیا ہوا۔
اور موسیٰ نے فرعون سے کہا کہ میں سب جہانوں کے رب کی طرف سے رسول ہوں۔
اور اس بات کا حقدار ہوں کہ اللہ کے متعلق سوائے سچی بات کے کچھ نہ کہوں۔ میں تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک کھلا نشان لے کر آیا ہوں۔ پس میرے ساتھ بنی اسرائیل کو بھیج دے۔
اس (فرعون) نے کہا، اگر تو کوئی نشان لے کر آیا ہے اور تو واقعی سچا ہے تو اسے ظاہر کر۔
اس پر اس (موسیٰ) نے اپنا سونٹا (زمین پر) ڈال دیا اور اچانک وہ ایک کھلا کھلا سانپ نظر آنے لگ گیا۔