۷۔ سورۃ الأعراف

تفسیر صغیر, حصہ 11

اور وہ (جادوگر) فرمانبرداری کرتے ہوئے سجدہ میں گر گئے۔

اور کہنے لگے ہم سارے جہانوں کے رب پر ایمان لاتے ہیں۔

(جو) موسیٰ اور ہارون کا رب (ہے)۔

فرعون نے کہا کیا تم اس پر ایمان لے آئے پیشتر اس کے کہ میں تمہیں اجازت دیتا (معلوم ہوتا ہے) یہ ایک تدبیر ہے جو تم سب نے مل کر شہر میں بنائی ہے تا کہ اس سے اس کے باشندوں کو نکال دو پس جلد ہی تم کو (اس کا انجام) معلوم ہو جائے گا۔

میں تمہارے ہاتھوں اور تمہارے پیروں کو (اپنی) خلاف ورزی[2] کی وجہ سے کاٹ دوں گا۔ پھر تم سب کو صلیب پرلٹکادوں گا۔

[2] مفسرین مِنْ خِلَافٍ کے معنے یہ کرتے ہیں کہ دایاں اور بایاں ہاتھ یا بالمقابل کے پاؤں کاٹ دوں گا اس کے معنے خلاف ورزی کی وجہ کے بھی ہیں۔ اور وہی معنے ہم نے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا (پھر کیا ہوگا) ہم تو اپنے رب ہی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔

اور تو ہم سے صرف اس بات پر بگڑا ہے کہ ہم اپنے رب کے نشانوں پر جب وہ ہمارے پاس آئے ایمان لے آئے ہیں (اور ہم دعا کرتے ہیں کہ) اے ہمارے رب ہم پر صبر نازل کر اور ہم کو مسلمان ہونے کی حالت میں وفات دے۔

اور فرعون کی قوم میں سے (بعض) سرداروں نے کہا، کہ کیا تو نے موسیٰ اور اس کی قوم کو (آزاد) چھوڑ دیا ہے کہ ہمارے ملک میں فساد کریں اور تجھے اور تیرے معبودوں کو چھوڑ دیں۔ اس (فرعون) نے کہا، ہم ضرور ان کے بیٹوں کو قتل کریں گے اوران کی عورتوں کو زندہ رکھیں گے اور ہم ان پر غالب ہیں۔

(اس پر) موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا، اللہ سے مدد مانگتے رہو اور صبر سے کام لو۔ ملک تو اللہ کا ہے، اپنے بندوں میں سے جس کو چاہتا ہے اس کا وارث کر دیتا ہے اور (اچھا) انجام متقیوں کے ہی ہاتھ رہتا ہے۔

وہ (یعنی موسیٰ کی قوم کے لوگ) بولے، تیرے آنے سے پہلے بھی ہم کو تکلیف دی جاتی تھی اور جب سے تو ہمارے پاس آیا ہے اس وقت سے بھی ہم کو تکلیف دی جاتی ہے۔ اس (موسیٰ) نے جواب دیا کہ قریب ہے کہ تمہارا رب تمہارے دشمن کو تباہ کر دے اور ملک میں تم کو اپنا جانشین بنا دے اور پھر دیکھے کہ تم کیسے کام کرتے ہو۔

اور ہم نے آل فرعون کو (مصیبت والے) سالوں اور پھلوں کو پیداوار کی کمی (اور اولادوں کے مرجانے) سے پکڑا تا کہ وہ نصیحت حاصل کریں۔

پس جب ان پر خوش حالی کا زمانہ آتا تو وہ کہتے یہ تو ہمارا حق ہے اور اگر ان پر مصیبت کا زمانہ آتا تو موسیٰ اور اس کے ساتھیوں کی نحوست کا نتیجہ سمجھتے۔ خبردار ان کی نحوست (کا سامان) اللہ کے پاس محفوظ ہے لیکن ان میں سے اکثر جانتے نہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی