۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 12
اور ان[1] لوگوں نے کہا۔ جب بھی کوئی نشان تو ہمارے پاس لائے گا تا کہ تو اس کے ذریعہ سے ہم کو فریب دے تو ہم تجھ پر ہرگز ایمان نہیں لائیں گے۔
[1] فرعون کی قوم کی طرف اشارہ ہے۔
تب ہم نے ان پر طوفان اور ٹڈیاں اور جوئیں اور مینڈک اور خون[2] بھیجا۔ (یہ) الگ الگ نشان (تھے) تب بھی انہوں نے تکبر کیا۔ اور وہ مجرم قوم بن گئے۔[3]
[2] دریا لہو بن گیا (خروج باب۷ آیت۲۰۔ ۲۱) مینڈک اور جوئیں (خروج باب۸) طوفان یعنی اولے وغیرہ (خروج باب۹) ٹڈی (خروج باب۱۰)
[3] کَانَ بمعنے صَارَ بھی آتا ہے (اقرب) اور یہاں یہی معنے کیے گئے ہیں۔
اور جب (کبھی بھی) ان پر عذاب نازل ہوا تو وہ چلا اٹھتے کہ اے موسیٰ! اپنے رب کو وہ تمام وعدے یاد دلا کر پکار جو اس نے تجھ سے کئے ہیں اگر تو نے ہم سے عذاب دور کر دیا تو ہم تجھ پر ایمان لے آئیں گے اور بنی اسرائیل کو تیرے ساتھ بھیج دیں گے۔
مگر جب ہم نے اس وقت تک کے لئے ان سے عذاب دور کر دیا جو ان کے لئے مقدر تھا تو وہ فوراً ہی وعدہ خلافی کرنے لگ گئے۔
پس ہم نے ان سے (ان کی شرارتوں کا) بدلہ لیا اور ان کو سمندر[4] میں غرق کر دیا کیوں کہ وہ ہماری آیتوں کو جھٹلاتے تھے اور ان سے غفلت برتتے تھے۔
[4] یعنی جب وہ موسیٰ علیہ السلام کو پکڑنے کے لئے سمندر کی طرف گئے۔
اور ہم نے اس [1]قوم کو جن کو ضعیف سمجھا جاتا تھا اس[2] ملک کے مشرقی حصوں کا بھی اور مغربی حصوں کا بھی وارث بنا دیا جسے ہم نے برکت دی تھی اور تیرے رب کا بنی اسرائیل سے کیا گیا اچھے سے اچھا کلام (یعنی اچھے سے اچھا وعدہ) پورا ہو گیا اس لئے کہ انہوں نے (ظلموں پر) صبر کیا اور فرعون اور اس کی قوم جو کچھ بنا رہے تھے اور جو بلند عمارتیں کھڑی کر رہے تھے ان سب کو ہم نے توڑ دیا۔
[1] یعنی موسیٰ علیہ السلام کی قوم۔
[2] فلسطین مراد ہے۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو سمندر پار گزار دیا یہاں تک کہ وہ (چلتے چلتے) ایک[3] ایسی قوم کے پاس پہنچے جو اپنے بتوں کے سامنے عبادت میں مشغول تھی (تب) انہوں نے کہا اے موسیٰ ہمارے لئے بھی کچھ ایسے معبود بنا جیسا کہ ان کے معبود ہیں (موسیٰ نے) کہا، تم تو ایک جاہل قوم ہو۔
[3] یہ فلسطین کے لوگ تھے جو اس وقت بُت پرست تھے اور غالباً بنو اسماعیل میں سے عاد قوم کے افراد تھے۔
جس کام میں وہ لگے ہوئے ہیں وہ یقیناً تباہ ہونے والا ہے اور جو کچھ وہ کر رہے ہیں سب بے کار جائے گا۔
(پھر) کہا، کیا میں اللہ کے سوا تمہارے لئے کوئی معبود تلاش کروں حالانکہ اس نے تم کو سب جہانوں پر فضیلت دی ہے۔
اور (یاد کرو) جب کہ ہم نے تم کو آل فرعون سے نجات دی جو تم کو نہایت تکلیف دہ عذاب پہنچاتے تھے۔ تمہارے بیٹوں کو قتل کرتے تھے اور تمہاری عورتوں کو زندہ رکھتے تھے اور اس میں تمہارے رب کی طرف سے بڑا امتحان تھا۔
اور[1] ہم نے موسیٰ سے تیس راتوں کا وعدہ کیا۔ پھر ان (تیس راتوں) کو دس اور ملا کر مکمل کر دیا۔ اس طرح اس کے رب کا مقررہ وعدہ چالیس راتوں کی صورت میں پورا ہو گیا اور موسیٰ نے اپنے بھائی ہارون سے کہا (میرے بعد) میری قوم میں میری نمائندگی کر اور ان کی اصلاح کو مدنظر رکھ اور فساد کرنے والوں کا راستہ اختیار نہ کر۔
[1] اس جگہ جو واقعات بیان ہوئے ہیں جغرافیہ کی ترتیب سے بیان نہیں ہوئے بلکہ عبرت اور نصیحت کو مدِّنظر رکھ کر جو قرآن کریم کا اصل مقصود ہے بیان ہوئے ہیں۔ گو زمانہ اور جغرافیہ کی ترتیب کے لحاظ سے آگے پیچھے ہو گئے ہیں۔
اور جب موسی ہمارے مقررہ وقت کے مطابق مقررہ جگہ پر آگیا اور اس کے رب نے اس سے کلام کیا، تو (موسیٰ نے) کہا اے میرے رب (اپنا وجود) مجھے دکھا تا کہ میں تجھے دیکھوں، اس نے جواب دیا تو مجھے ہرگز نہ دیکھ سکے گا، مگر پہاڑ کی طرف دیکھ اگر وہ اپنی جگہ پر قائم رہا تو تُو مجھے دیکھ لے گا۔ پھر جب اس (موسیٰ) کے رب نے پہاڑ پر اپنا جلوہ دکھایا تو اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور موسیٰ بے ہوش ہو کر گر گئے۔ پھر جب انہیں افاقہ ہوا تو انہوں نے کہا (اے رب) تو ہر عیب سے پاک ہے میں تیری طرف ہی جھکتا ہوں اور میں (اس زمانہ میں) سب ایمان لانے والوں میں سے اوّل درجہ پر ہوں۔