۷۔ سورۃ الأعراف

تفسیر صغیر, حصہ 13

(خدا نے جواب میں) کہا اے موسیٰ! میں نے تجھ کو (اس زمانہ کے) تمام انسانوں پر اپنی رسالت اور اپنے کلام کے ذریعہ سے برتری بخشی ہے پس جو کچھ میں نے تجھے دیا ہے، اسے مضبوطی سے پکڑ لے اور شکر گزار بندوں میں شامل ہو جا۔

اور ہم نے اس کے لئے کچھ تختیوں میں اپنے ایسے احکام لکھے جو ہر قسم کی نصیحت پر مشتمل تھے اور جن میں (اس زمانہ کے لئے) ہر ضروری چیز کی تفصیل موجود تھی (اور پھر ہم نے اسے کہا کہ) ان احکام کو مضبوطی سے پکڑ لے اور اپنی قوم سے بھی کہہ دے کہ وہ اس کے اعلیٰ پہلوؤں کو مضبوطی سے پکڑ لیں۔ میں عنقریب تم کو بدکاروں کا گھر دکھاؤں گا[1]۔

[1] یعنی بدکاروں کو سزا دے کر ان کے انجام کو روشن کر دوں گا۔

میں جلدی ہی ان لوگوں کو جنہوں نے بغیر کسی حق کے دنیا میں تکبر کیا ہے اپنے نشانوں سے (محروم کرکے) دور کر دوں گا اور اگر وہ ہر (ممکن) نشان بھی دیکھ لیں تو ان آیات پر ایمان نہیں لائیں گے اور اگر وہ سیدھا راستہ دیکھ بھی لیں تو اسے کبھی اپنائیں گے نہیں اور اگر وہ گمراہی کا راستہ دیکھیں تو اسے اپنا لیں گے۔ یہ اس لئے ہے کہ انہوں نے ہماری آیتوں کی تکذیب کی اور ان سے غفلت برت رہے ہیں۔

اور وہ لوگ جنہوں نے ہماری آیتوں کی اور بعدالموت ملاقات کی تکذیب کی ہے ان کے سب اعمال ضائع ہو گئے ہیں۔ وہ صرف اپنے (مخلصانہ) عمل کا بدلہ پائیں گے۔

اور موسیٰ کی قوم نے اس کے (سفر[2] پر جانے کے) بعد اپنے زیوروں سے ایک بچھڑا بنا لیا۔ وہ محض ایک بے روح جسم تھا جس میں سے فقط ایک بے معنی[3] آواز نکلتی[4] تھی۔ کیا انہوں نے اتنا نہ سوچا کہ وہ نہ تو ان سے کوئی معقول بات کرتا ہے اور نہ انہیں کوئی ہدایت کا راستہ دکھاتا ہے انہوں نے اسے بلاوجہ معبود بنا لیا اور مشرک بن گئے۔

[2] یہ وہ سفر ہے جس کا ذکر آیت ۱۴۳ میں ہوچکا ہے۔ یعنی جب وہ خداتعالیٰ کی دعوت پر چالیس رات کے لئے پہاڑ پر گئے تھے۔

[3] یہ خُوَارٌ کا ترجمہ ہے جس کے معنے گائے، بیل، بکری، بھیڑ کی آواز کے ہوتے ہیں جو بے معنے ہوتی ہے (اقرب)

[4] یعنی وہ بچھڑا ایسا تھا کہ جب ایک طرف سے اس میں ہوا داخل ہوتی تھی تو اس میں سے سیٹی کی سی آواز نکلتی تھی جیسا کہ کھلونوں میں ہوتا ہے۔

اور جب وہ شرمندہ ہو گئے اور انہوں نے سمجھ لیا کہ وہ گمراہی میں پڑ گئے تھے تو انہوں نے کہا اگر ہمارا رب ہم پر رحم نہ کرے گا اور ہمیں معاف نہ کرے گا تو ہم نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔

اور جب موسیٰ اپنی قوم کی طرف غصہ اور افسوس سے بھرا ہوا لوٹا تو اس نے کہا کہ میرے بعد جو تم نے میری نمائندگی کی وہ بہت بری تھی۔ کیا تم نے اپنے رب کے حکم کے معاملہ میں جلدی کی (اور گھبرا گئے کہ موسیٰ اب تک کیوں نہیں آئے) اس وقت موسیٰ نے وحی کی تختیاں زمین پر رکھ دیں اور اپنے بھائی کے سر کے بال پکڑ کر اسے اپنی طرف گھسیٹنا شروع کیا (اس پر) اس نے کہا، اے میری ماں کے بیٹے! قوم نے مجھے کمزور جانا اور قریب تھا کہ وہ مجھے قتل کر دیتے۔ پس دشمنوں کو مجھ پر[1] ہنسی کا موقعہ نہ دے اور مجھے ظالم لوگوں میں شمار نہ کر۔

[1] حضرت موسیٰ علیہ السلام قوم کے شرک کی وجہ سے غصہ میں بھرے ہوئے تھے اور زیادہ غصہ بھائی پر تھا کہ قوم میں شرک کے ظاہر ہونے پران سے لڑ کیوں نہ پڑے اور انہی پر زیادہ غصہ ظاہر کیا تاکہ باقی قوم ڈر جائے اور اصلاح کر لے۔

(یہ سن کر موسیٰ نے) کہا۔ اے میرے رب! مجھ کو اور میرے بھائی کو بخش دے اور ہم دونوں کو اپنی رحمت میں داخل کردے اور تو رحم کرنے والوں میں سب سے بڑا ہے۔

(اس پر اللہ نے فرمایا کہ) وہ لوگ جنہوں نے بچھڑے کو (عبادت کے لئے) چن لیا۔ ان پر ان کے رب کی طرف سے غضب نازل ہوگا اور اسی طرح دنیوی ذلت بھی اور ہم افترا کرنے والوں کو ایسی ہی سزا دیا کرتے ہیں۔

اور وہ لوگ جنہوں نے برے کام کئے پھر (انہیں چھوڑ کر) خدا کی طرف لوٹ آئے اور اس پر ایمان لے آئے تیرا رب یقیناً اس (توبہ) کے بعد بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ثابت ہوگا۔

اور جب موسیٰ کا غضب ذرا ٹھنڈا ہوا تو اس نے (وہ) تختیاں (جن پر احکام الٰہی لکھے ہوئے تھے پھر) اٹھالیں اور ان کے لئے جو اپنے رب سے خوف کرتے ہیں ان (تختیوں) کی تحریر میں رحمت اور ہدایت موجود تھی۔

اور موسیٰ نے اپنی قوم سے ستر آدمیوں کو ہمارے وعدہ کے مقام پر لانے کے لئے چنا۔ پھر جب ان پر زلزلہ [1]آیا تو اس نے کہا، اے میرے رب! اگر تو چاہتا تو ان کو بھی اور مجھ کو بھی پہلے ہی ہلاک کر دیتا۔ کیا تو ہم کو بے وقوفوں کی بیوقوفی کے فعل کی سزا میں ہلاک کرنا چاہتا ہے؟ یہ (جو کچھ ہوا) صرف تیری ایک آزمائش تھی تو ان (آزمائشوں) کے ذریعہ سے جن کو چاہتا ہے گمراہ قرار دیتا ہے اور جن کو چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے تو ہمارا کفیل اور دوست ہے پس ہم کو بخش دے اور ہم پر رحم کر اور تو بخشنے والوں میں سے سب سے بہتر ہے۔

[1] زلزلہ تو طبعی طور پر آیا تھا، مگر قوم کے شرک کی وجہ سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو خیال ہوا کہ شاید ہمیں سزا دینے کے لئے آیا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی