۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 14
اور تو ہمارے لئے اس دنیا میں بھی نیکی لکھ اور آخری زندگی میں بھی (نیکی لکھ) ہم تو تیری طرف آگئے ہیں (اس پر اللہ تعالیٰ نے) فرمایا میں اپنا عذاب جس کو چاہتا ہوں پہنچاتا ہوں (یعنی مستحق کو) اور میری رحمت[2] ہر ایک چیز کو حاوی ہے پس میں ضرور اس کو ان لوگوں کے لئے لکھوں [3]گا جو تقویٰ اختیار کرتے ہیں اور زکٰوۃ دیتے ہیں اور جو لوگ ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں۔
[2] یعنی کبھی بلاوجہ عذاب نہیں دیتا بلکہ اکثر بخش دیتا ہوں۔
[3] یعنی رحمت کافروں کو بھی پہنچے گی۔ مگر مومنوں کے لئے تو اسے فرض کر دیا گیا ہے۔
وہ (لوگ) جو ہمارے اس رسول[1] کی اتباع کرتے ہیں جو نبی ہے اور اُمّی ہے جس کا ذکر تورات اور انجیل میں ان کے پاس[2] لکھا ہوا موجود ہے وہ ان کو نیک باتوں کا حکم دیتا ہے اور بُری باتوں سے روکتا ہے اور سب پاک چیزیں ان پر حلال کرتا ہے اور سب بُری چیزیں ان پر حرام کرتا ہے اور ان کے بوجھ (جو ان پر لادے ہوئے تھے) اور طوق جو ان کے گلوں میں ڈالے ہوئے تھے وہ ان سے دور کرتا ہے، پس وہ لوگ جو اس پر ایمان لائے اور اس کو طاقت پہنچائی اور اس کو مدد دی اور اس نور کے پیچھے چل پڑے جو اس کے ساتھ اتارا گیا تھا وہی لوگ بامراد ہوں گے۔
[1] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔
[2] یہود اور نصاریٰ کی طرف ضمیر جاتی ہے۔
کہو (کہ) اے لوگو! میں تم سب کی طرف اللہ کا رسول ہوں جس کو آسمانوں اور زمین کی بادشاہت حاصل ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ زندہ بھی کرتا ہے اور مارتا بھی ہے۔ پس اللہ پر اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ جو نبی بھی ہے اور امی بھی ہے (اور) جو ایمان لاتا ہے اللہ پر اور اس کے کلمات پر اور اس کی اتباع کرو تا کہ تم ہدایت پاؤ۔
اور موسیٰ کی قوم میں سے ایک جماعت ایسی بھی ہے جو حق کے ذریعہ سے ہدایت پا رہے ہیں اور اسی کے ذریعہ سے (دنیا میں) انصاف کر رہے ہیں۔
اور ہم نے ان کو بارہ قبیلوں میں تقسیم کر دیا (جو اب ترقی کرکے قومیں بن گئے ہیں) اور ہم نے موسیٰ کی طرف جب اس سے اس کی قوم نے پانی مانگا، وحی کی کہ (جا اور) اپنا سونٹا (فلاں[1]) پتھر پر مار (جب اس نے ایسا کیا) تو اس میں سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے۔ ہر قوم نے اپنا اپنا گھاٹ جان لیا اور ہم نے ان پر بادل کا سایہ کیا اور ہم نے ان کے لئے ترنجبین اور بٹیر پیدا کئے (اورکہا) کہ جو کچھ ہم نے دیا ہے (اس میں سے) طیب چیزیں کھاؤ اور انہوں نے ہم پر ظلم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی جانوں پر ظلم کر رہے تھے۔
[1] قرآن مجید میں حَجَر (یعنی پتھر) پر اَلْ آیا ہے اور اس کے معنے ’’فلاں‘‘ کے ہوتے ہیں۔ یعنی حکم یہ نہ تھا کہ کسی پتھر کو مار بلکہ یہ تھا کہ فلاں پتھر کے نیچے چشمہ ہے اسے سونٹا مار کر توڑ دو۔ پانی نکل آئے گا۔ میں نے کشمیر میں ایک چشمہ دیکھا جو پتھر کے نیچے سے آتا تھا اور اس میں سے چودہ چشمے بہتے تھے۔
اور (یاد کرو) جب ان (یعنی بنی اسرائیل) سے کہا گیا کہ اس علاقہ میں رہو اور اس میں سے جہاں سے چاہو کھاؤ۔ اور (منہ سے) کہتے جاؤ (کہ ہم) بوجھ ہلکا کرنے کی التجا (کرتے[2] ہیں) اور اس (سامنے والے شہر کے) دروازہ میں فرمانبرداری کرتے ہوئے داخل ہو جاؤ تب ہم تمہاری خطائیں تم کو معاف کر دیں گے اور پوری طرح فرمانبرداری کرنے والوں کو اور بھی انعام دیں گے۔
[2] نیز دیکھئے سورۃ بقرہ آیت ۵۹۔
اس پر بنی اسرائیل میں سے ظلم کے مرتکب لوگوں نے اس قول کو بدل کر جو ان سے کہا گیا تھا، ایک اور بات[3] کہنی شروع کر دی۔ تب ہم نے ان پر ان کے ظلموں کی وجہ سے آسمان سے عذاب اتارا۔
[3] مفسرین کہتے ہیں کہ انہیں کہا گیا تھا کہ وہ کہیں حِطَّۃٌ ہمارے گناہ گر جائیں مگر انہوں نے کہنا شروع کر دیا حِنْطَۃٌ حِنْطَۃٌ یعنی ہمیں گندم دو گندم دو۔ بہرحال فقرہ کی تعیین کی ضرورت نہیں اصل بات صرف یہ ہے کہ انہیں فرمانبرداری کے ساتھ شہر میں داخل ہونے کا حکم تھا اور اس کے مطابق دعائیں کرنے کا حکم تھا مگر انہوں نے استہزا سے کام لیکر بے ہودہ فقرے کہنے شروع کر دئے جس کی وجہ سے عذاب آگیا۔
اور (اے رسول)! ان (بنی اسرائیل) سے اس بستی کے متعلق پوچھ جو سمندر کے کنارہ پر تھی جبکہ وہ (یہود) سبت کے حکم میں زیادتی سے کام لیتے تھے جبکہ ان کی مچھلیاں ان کے سبت کے دن گروہ[1] درگروہ آتی تھیں اور جس دن وہ سبت نہیں کرتے تھے نہیں آتی تھیں اسی طرح ہم ان کی نافرمانیوں کی وجہ سے ان کا امتحان لیتے تھے۔
[1] جانور بھی دنوں کو پہچانتے ہیں۔ ہندوؤں کے چشمہ پر جس دن عورتیں آٹا ڈالتی ہیں مچھلیاں کثرت سے آتی ہیں۔
اور جب ان میں سے[2] ایک گروہ نے (دوسرے گروہ سے) کہا تم کیوں اس قوم کو نصیحت کرتے ہو جن کو اللہ ہلاک کرنے والا ہے یا سخت عذاب دینے والا ہے انہوں نے جواب دیا، تمہارے رب کے پاس عذر پیش کرنے کے لئے (کہ ہم نے ان لوگوں کو نصیحت کر دی تھی) اور تا کہ وہ تقویٰ اختیار کریں۔
[2] یعنی بنی اسرائیل میں سے۔
پس جب ان لوگوں نے اس نصیحت کو بھلا دیا جو ان کو کی گئی تھی تو ہم نے ان لوگوں کو جو بری باتوں سے روکتے تھے نجات دے دی اور جو لوگ ظالم تھے انہیں ایک نہایت تکلیف دہ عذاب میں مبتلا کر دیا کیونکہ وہ اطاعت سے نکل رہے تھے۔
پھر جب انہوں نے ان باتوں سے جن سے ان کو روکا گیا تھا باز آنے کی بجائے ان میں اور بھی ترقی کرنی شروع کی تو ہم نے ان کو کہا، ذلیل بندر[3] ہو جاؤ۔
[3] بندر ہو جاؤ سے یہ مرادنہیں جیسا کہ مفسرین نے لکھا ہے کہ وہ مسخ ہو کر بندر ہو گئے تھے بلکہ مراد یہ ہے کہ دل ناپاک ہو جائیں اور بندروں والی نقالی کی حرکات کرنے لگ جائیں۔ اس جگہ بندر کے لفظ کی صفت وہی رکھی ہے جو انسان کے لئے استعمال کی جاتی ہے جس سے ثابت ہے کہ یہاں اصلی بندر مرادنہیں بلکہ بندر صفت انسان مراد ہے چنانچہ سورہ مائدہ آیت ۶۱و۶۲ میں لکھا ہے کہ یہ یہودی جو بندر بن گئے تھے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور مومنوں کے پاس بھی آتے تھے۔ حالانکہ سب حدیثیں اور تاریخ بتاتی ہے کہ آپ کے پاس بندر صفت یہودی تو ضرور آتے تھے مگر بندر بنے ہوئے یہودی کبھی نہیں آئے تھے۔
اور (یاد کر) جب تیرے رب نے اعلان کر دیا کہ وہ ان (یہود) پر قیامت کے دن تک ایسے لوگ مقرر کر دے گا جو انہیں تکلیف دہ عذاب دیتے چلے جائیں گے (پھر کیا ایسا ہی ہوا یا نہیں ہوا) تیرا رب یقیناً سزا دینے میں جلدی[1] کرتا ہے۔ اور وہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا (بھی) ہے۔
[1] قرآن مجید سے ثابت ہے کہ خداتعالیٰ سزا دینے میں بڑا ڈھیلا ہے۔ پس اس آیت کے صرف یہ معنے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ انسان کو سزا دیتا ہے تو وہ جلدی اس کو پکڑ لیتی ہیں اور کوئی چیز اس کے راستہ میں روک نہیں بنتی۔ یہ مطلب نہیں کہ اِدھر گناہ کیا اور اُدھر عذاب آگیا۔