۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 15
اور ہم نے ان کو زمین میں گروہ در گروہ بنا کر پھیلا دیا ہے (پر اب بھی) ان میں سے کچھ نیک [2]ہیں اور کچھ بد۔ اور ہم ان کو اچھے حالات اور برے حالات سے پرکھتے رہتے ہیں تا کہ وہ (اپنی غلطیوں سے) باز آجائیں۔
[2] ثابت ہوا کہ یہ بندر انسان تھے صرف بندر خصلت ہو گئے تھے۔ ورنہ اصل بندر کے نیک ہونے کے کیا معنے؟ کیا بندر نمازیں باجماعت پڑھتے تھے یا سجدے کرتے تھے یا زکٰوۃ دیتے تھے۔
مگر پہلے بنی اسرائیل کے بعد کچھ اور (بنی اسرائیل) کھڑے ہو گئے ہیں، جو (بظاہر) کتاب موسیٰ کے وارث ہیں لیکن (درحقیقت) اس ورلی دنیا کے اموال حاصل کرتے رہتے ہیں اور (لوگوں سے) کہتے ہیں اللہ ضرور ہمیں بخش دے گا اور اگر ان کے پاس ویسا ہی کچھ اور مال آجائے تو اسے بھی لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ کیا ان سے (موسیٰ کی) کتاب میں یہ وعدہ نہیں لیا گیا تھا کہ اللہ کے متعلق صرف سچ بولا کریں اور جو کچھ اس کتاب میں ہے وہ انہوں نے پڑھ لیا ہے اور (یہ جانتے ہیں) کہ آخرت کا گھر متقیوں کے لئے اچھا ہے۔ کیا تم (یہ بات) سمجھتے نہیں؟
اور جو لوگ (موسیٰ کی) کتاب کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے ہیں اور انہوں نے نماز کو قائم رکھا ہے ہم ایسے مصلحین کے اجر کو ضائع نہیں کریں گے۔
اور جب ہم نے پہاڑ کو ان کے اوپر[1] اٹھایا گویا کہ وہ ایک سائبان تھا اور انہوں نے خیال کیا کہ وہ ان کے اوپر گرنے ہی والا ہے (اور ہم نے کہا) جو کچھ ہم نے تم کو دیا ہے اسے قوت سے پکڑ لو اور جو کچھ اس میں ہے اسے یاد رکھو تا کہ تم متقی بن جاؤ۔
[1] یعنی ان کے سرداروں کو لے جاکر طُور کے دامن میں کھڑا کر دیا۔ تاکہ وہ بھی اس کا نظارہ کر لیں (دیکھئے خروج باب۱۹ آیت۱۷) جب پہاڑ کے نیچے انسان کھڑا ہو تو پہاڑ ایسا ہی معلوم ہوتا ہے جیسا کہ سائبان کی طرح اس کے سر پر ہے اس کے معنے غیر طبعی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ علماء کو اگر کبھی کسی اونچے پہاڑ کی سیر کرادی جائے تو ایسی کہانیوں سے تفسیریں پاک ہو جائیں۔
اور جب تیرے رب نے بنی آدم کی پیٹھوں میں سے ان کی اولادوں کو لیا اور ان کو اپنی جانوں پر گواہ ٹھہرایا (اور پوچھا) کیا میں تمہارا رب نہیں؟ انہوں نے کہا، ہاں! ہاں! ہم (اس بات کی) گواہی دیتے ہیں (ہم نے یہ اس لئے کیا) کہ (ایسا نہ ہو) تم قیامت کے دن کہہ دو کہ ہم تو اس (تعلیم) سے بالکل ناواقف تھے۔
یا یہ کہدو کہ (ہمارے زمانہ سے) پہلے صرف ہمارے باپ دادوں نے شرک کیا تھا۔ اور ہم ان کے بعد ایک کمزور نسل تھے کیا تو ہم کو ان لوگوں کے فعل کے بدلہ میں ہلاک کرے گا جو جھوٹے تھے۔
اور اسی طرح ہم آیات کھول کر بیان کرتے ہیں اور (امید رکھتے ہیں) کہ وہ [2]اپنی غلطیوں سے لوٹ آئیں گے۔
[2] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے منکر۔
اور انہیں اس شخص کے حالات پڑھ کر سنا جس کو ہم نے اپنے نشانات دئیے تھے پھر وہ ان سے پھسل کر الگ ہو گیا [3]تھا۔ پس شیطان اس کے پیچھے چلا اور وہ گمراہوں میں جا شامل ہوا۔
[3] بائبل اور مفسرین ایک شخص بلعم باعور کا ذکر کرتے ہیں جس کے واقعات اس مثال سے ملتے ہیں۔ مگر درحقیقت یہ ایک مثال ہے جو کوئی بھی اپنے آپ کو ایسا بنالے اس پر صادق آجائے گی اور وہی بلعم باعور بن جائے گا۔
اور اگر ہم چاہتے تو اسے ان (نشانوں) کے ذریعہ سے اونچا کر دیتے لیکن وہ زمین کی طرف جاگرا۔ اور اپنی خواہشات کے پیچھے چل پڑا۔ پس اس کی حالت اس کتے کی حالت کی طرح ہے جسے مارنے کے لئے تو کوئی چیز اٹھائے تو بھی وہ ہانپتا رہتا ہے اور اگر تو اسے چھوڑ دے تو بھی وہ ہانپتا رہتا ہے۔ یہی حال اس قوم کا ہے جو ہمارے[1] نشانوں کو جھٹلاتے ہیں۔ پس تو یہ حالات ان کو سنا تا کہ وہ کچھ سوچیں۔
[1] یعنی ہمیشہ خداتعالیٰ کے خلاف شکایت کرتے رہتے ہیں کہ اس نے ہمیں کچھ نہیں دیا۔
اس قوم کی حالت بہت بری ہے جنہوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا اور وہ (اس فعل سے) صرف اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔
جن کو اللہ ہدایت دے وہی ہدایت پانے والے ہوتے ہیں اور جن کو وہ گمراہ کرے وہی لوگ گھاٹا پانے والے ہوتے ہیں۔
اور ہم نے جنوں اور انسانوں کو رحمت کے لئے پیدا کیا ہے مگر نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ان میں سے اکثر جہنم کے مستحق ہو جاتے ہیں ان کے دل تو ہیں مگر ان کے ذریعہ سے وہ سمجھتے نہیں اور ان کی آنکھیں تو ہیں مگر ان کے ذریعہ سے وہ دیکھتے نہیں اور ان کے کان تو ہیں مگر ان کے ذریعہ سے وہ سنتے نہیں۔ وہ لوگ چارپایوں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی بدتر (اصل بات یہ ہے کہ) وہ بالکل جاہل ہیں۔